سری نگر میں مظاہرین کو منتشر کرنے اشک آور گیس کا استعمال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-10-24

سری نگر میں مظاہرین کو منتشر کرنے اشک آور گیس کا استعمال

سری نگر
یو این آئی
سیکوریٹی فورسس نے آج سری نگر میں مظاہرین کو منتشر کرتنے کے لئے اشک آور گیس کا استعمال کیا جو سنگباری کرنے والوں کو گرفتار کرنے کے لئے کئے جانے والے ایک دھاوے کے دوران سیکوریٹی فورسس کی جانب سے گھروں میں توڑ پھوڑ کے خلاف احتجاج کررہے تھے ۔ کل رات تلاشی مہم کے دوران گھروں میں سیکوریٹی فورسس کی مبینہ توڑ پھوڑ کے خلاف نشیبی شہر سری نگر کے علاقہ برزولا میں سینکڑوں احتجاجی مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے ۔ مظاہرین جو مخالف فورسس اور موافق آزادی نعرے لگارہے تھے یہ مطالبہ کیا کہ مبینہ سنگباری کرنے والوں کی گرفتاری کے لئے کل رات کئے جانے والے ایک دھاوے کے دوران خانگی املاک کو جن میں لیپ ٹاپس، ٹی ویز اور ریفریجریٹرس بھی شامل ہیں، نقصان پہنچانے والے سیکوریٹی فورسس کے عہدیداروں و جوانوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے ۔ اسی دوران جموں سے موصولہ پی ٹی آئی کی اطلاع کے بموجب پاکستانی رینجرس نے آج ایک بار پھر ضلع جموں کے آر ایس پورہ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کی اور ہندوستانی فوجی چوکیوں پر چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی ۔ بی ایس ایف کے ترجمان نے بتایا کہ آج شام سرحد کے قریب پاکستانی رینجرس نے کچھ گولیاں چلائیں اور اس طرح جنگ بندی کی پھر خلاف ورزی کی۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس ایف نے جس نے سرحد پر کافی چوکسی برقرار رکھی ہے کوئی جوابی فائرنگ نہیں کی۔ دریں اثناء جالندھر سے موصولہ یو این آئی کی اطلاع میں بتایا گیا ہے کہ بی ایس ایف نے فیروز پور سیکٹر پر ممدوت کے علاقہ میں بین الاقوامی سرحد کے نزدیک سے ایک پاکستانی مداخلت کار کو پکڑ لیا ۔ بی ایس ایف کے ذرائع کے مطابق مداخلت کار کی نظام کے طور پر شناخت ہوئی ہے جو پاکستان کا رہنے والا ہے وہ گھنے جنگل میں روپوش تھا اور صبح ہوتے ہی ہندوستانی علاقہ میں داخل ہونے کے انتظار میں تھا، لیکن بی ایس ایف کے چوکس گارڈس نے اسے پکڑ لیا اور اپنی حراست میں لے لیا۔ سیکوریٹی فورسس نے اس سے پوچھ تاچھ شروع کردی ہے تاکہ یہ معلوم کرسکے کہ اس کی مکمل شناخت کیا ہے اور وہ کس مقصد کے تحت مداخلت کاری چاہتا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں