ہند و روس کے درمیان 16 معاہدات پر دستخط - دفاعی معاملتیں بھی شامل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-10-16

ہند و روس کے درمیان 16 معاہدات پر دستخط - دفاعی معاملتیں بھی شامل

بینولم(گوا)
پی ٹی آئی
ہندوستان اور روس نے آج کئی بڑی دفاعی معاملتیں کیں جن میں مزائل سسٹمس اور فریکیٹس کی خریداری اور ہلی کاپٹر س کی مشترکہ تیاری شامل ہیں۔ اہم شعبوں میں تعاون بڑھانا بھی طے ہوا ۔ دو قریبی حلیفوں نے دہشت گردی کی برائی سے متحدہ لڑنے کا بھی عہد کیا۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور صدر روس ولادیمیرپوٹین نے وسیع تر بات چیت کی۔ بعد ازاں دونوں ممالک نے16یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ۔ 3اعلانات بھی ہوئے ۔ دونوں قائدین نے کڈنکلم نیو کلیر پاور پلانٹ کے یونٹ دو کو معنون کیا اور یونٹ3اور4کے سنگ بنیاد کا مشاہدہ کیا۔ پوٹین کی موجودگی میں میڈیا کو بیان پڑھ کر سناتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے سرحد پار دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کے اقدامات کو سمجھنے اور ان کی تائید کرنے پر روس کی ستائش کی ۔ وہ حقیقی خط قبضہ پر دہشت گرد لانچ پیاڈس پر ہندوستان کے سرجیکل حملوں کا ڈھکا چھپا حوالہ دے رہے تھے ۔ پوٹین نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں دونوں ممالک کا قریبی تعاون ہے۔ آئی اے این ایس کے بموجب ہندوستان اور روس نے ہفتہ کے دن مختلف شعبوں میں16معاہدوں پر دستخط کئے۔ دونوں ممالک کے درمیان17ویں سالانہ باہمی چوٹی ملاقات کے بعد وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سروپ نے ٹویٹ کیا کہ ہند۔ روس شراکت داری میں نئے افق۔ وزیر اعظم اور صدر پوٹین کی موجودگی میں سولہ معاہدوں پر دستکط اور تین اعلانات۔ طے پائے معاہدوں میں ایس400فضائی دفاعی نظام کی خریداری اور ہندوستان میں1135فریکیٹس کی تیاری شامل ہیں ۔ ایک اور معاہدہ ہیلی کاپٹر س کی تیاری کے لئے مشترکہ وینچر سے متعلق ہے ۔ ایک بلین امریکی ڈالر کا سرمایہ کاری فنڈ قائم کرنے ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط ہوئے ۔ آندھرا پردیش اور ہریانہ میں اسمارٹ شہروں کے لئے بھی معاہدہ ہوا ۔ ایک اور اہم معاہدہ روس سے ہندوستان کو گیس پائپ لائن کی مشترکہ اسٹڈی کے لئے طے پایا۔ ہند۔ روس سفارتی تعلقات کی70سالہ تقاریب منانے روڈ میاپ کا بھی اعلان کیا گیا۔ روس نے ہندوستان کے سرجیکل حملوں کی تائید کی ۔ دورہ کنندہ صدر ولادیمیر پوٹین کے ساتھ مشترکہ میڈیا کانفرنس میں نریندر مودی نے کہا کہ وہ سرحد پار دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کی کارروائی کو روس کی تائید کی ستائش کرتے ہیں۔ مودی نے پاکستان یا29ستمبر کے سرجیلک حملوں کا ذکر نہیں کیا۔ یہ پوچھے جانے پر کہ آیا مودی کے ریمارکس ہندوستانی فوج کی سرجیکل کارروائی سے متعلق تھے، معتمد خارجہ ایس جئے شنکر نے علیحدہ نیوز کانفرنس میں کہا کہ ہندوستان نے اری حملہ کی پر زور مذمت پر روس کی ستائش کی ہے۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ مودی اور پوٹین نے دہشت گردی کی تمام اشکال کی مذمت کی۔ وزیر اعظم کے ریمارکس اہم ہیں کیونکہ ہندوستان نے پاکستان کو الگ تھلگ کردینے کی سفارتی مہم چلا رکھی ہے ۔ اسلام آباد نے یکا و تنہا ہونے کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ کشمیر پر اس کے موقف کو چین اور روس کی تائید حاصل ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ روس، ہندوستان کا پرانا دوست ہے ۔ ہند۔ روس چوٹی کانفرنس ، 8ویں برکس چوٹی کانفرنس کے حاشیہ پر منعقد ہوئی۔ پوٹین نے کہا کہ روس، پاکستان کو فوجی سازوسامان فروخت نہیں کررہا ہے اور یہ کہ روس اور پاکستان کی حالیہ فوجی مشقیں دہشت گردی کے مقابلہ کے لئے ہیں اور ہندوستان کے خلاف نہیں ہیں ۔

Major Defence Deals Among 16 Agreements Between India And Russia

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں