ہندوستانی فضائیہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے تیار - ایر چیف مارشل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-10-05

ہندوستانی فضائیہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے تیار - ایر چیف مارشل

نئی دہلی
یو این آئی
ان خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہ انڈین آرمی کی جانب سے خط قبضہ کے پاس دہشت گردوں کے جمع ہوکر کارروائی کے لئے نکلنے کے مقامات پر تیز رفتار اور نپے تلے حملوں کے بعد صورتحال حساس ہوگئی ہے اور کبھی بھی کچھ بھی ہوسکتا ہے ، انڈین ایر فورس کے سربراہ اروپ راہا نے پر زور الفاظ میں کہا کہ ایر فورس کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مکمل تیار ہے ۔ ایر چیف مارشل راہا نے دہلی میں84ویں ایر فورس ڈے کے موقع پر سالانہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج کسی بھی گوشہ سے در پیش ہونے والے کوئی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں اور وہ اس خصوص میں بہتر سے بہتر قابلیت و صلاحیت رکھتی ہیں ۔ ان سے یہ سوال کیا گیا تھا کہ کیا انڈین ایر فورس کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال سے جس میں دونوں محاذ بھی شامل ہیں نمٹنے کے قابل اور مکمل تیار ہے ، انہوں نے جاریہ کارروائیوں پر سوالات کا جواب دینے سے بار بار انکار کیا اور کہا کہ سرجیکل آپریشن کے بعد صورتحال حساس ہوگئی ہے تاہم انہوں نے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی کارروائیوں کو کم اہمیت کی حامل قرار دیا اور کہا کہ یہ عام نوعیت کی معلوم ہوتی ہیںٰ ۔ لڑاکا اسکوارڈرنس کی طاقت کے بارے میں دریافت کئے جانے پر فضایہ کے سربراہ نے کہا کہ انڈین ایر فورس عصری ترین جنگی طیاروں رفالے کا حصول عمل میں لارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ علاوہ ازیں ہلکے جنگی طیاروں تیجا کو بھی کثیر تعداد میں حاصل کیاجارہا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ہندوستانی فضائیہ ساتھ ہی ساتھ ویراج2000، جاگوار، میگ۔29اور سکھوی۔30ایم کے آئی طیاروں کے قافلہ کو مستحکم بنانے کی منصوبہ بندی کررہا ہے تاکہ جو بھی کمی ہے اس کی تکمیل کی جاسکے ۔ انہوں نے پرزور الفاظ میں کہا کہ ہندوستانی فضائیہ کے پاس کافی وسائل ہیں اور وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے بھرپور صلاحیت و قابلیت رکھتا ہے ۔
نئی دہلی
پی ٹی آئی
جامع مسجد دہلی کے شاہی امام سید احمد بخاری نے کہا کہ جنگ سے ہندوستان اور پاکستان دونوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور بات چیت ہی واحد راستہ ہے جس کو اختیار کرتے ہوئے امن اور حسب معمول حالات کو بحال کیاجاسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا اے کے۔47، بموں اور پلٹ گنوں سے کسی مسئلہ کو حل نہیں کیاجاسکتا اور کشمیر کے مسئلہ کا حل تلاش کرنا چاہئے تاکہ عوام کو ناگفتہ حالات زار سے نجات دلائی جاسکے ۔ مولانا بخاری نے ایک بیان میں کہا کہ بات چیت کے آغاز کے بغیر کسی بھی مسئلہ کو حل کرنا مشکل ہے ۔ جنگ نہ تو ہندوستان کے مفاد میں ہے اور نہ ہی پاکستان کے مفاد میں ہے ۔ صرف مذاکرات کے ذریعہ دونوں ممالک کے درمیان مسائل کو حل کیاجاسکتا ہے ۔ ہم دونوں ممالک کے درمیان اس سے پہلے کی جنگوں کے نتائج کو جانتے ہیں ۔
واشنگٹن
پی ٹی آئی
امریکہ نے ہندوستان اور پاکستان دونوں پر زور دیا ہے کہ و ہ پر سکون رہیں، اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں ۔ امریکہ نے ان دونوں ممالک کو یہ مشورہ ایک ایسے وقت دیا ہے جب کہ دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوگئے ہیں ۔ واشنگٹن کی جانب سے نئی دہلی اور اسلام آباد دونوں کی افواج پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنے رابطہ کے راستوں کو کھلا رکھیں تاکہ علاقہ میں کشیدگی دور کرنے میں مدد مل سکے ۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ترجمان الزبتھ ٹریڈیو نے کل واشنگٹن میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہم دونوں فریقین پر زور دیتے ہیں کہ وہ صبرو تحمل سے کام لیں۔ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ دونوں ممالک کی افواج رابطہ میں ہیں ۔ ہمارا خیال ہے کہ کشیدگی دور کرنے کے لئے رابطہ کو برقرار رکھنا کافی اہمیت کا حامل ہے ۔

Indian Air Force Ready To Take Up Any Challenge, Says Air Chief Marshal Arup Raha

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں