ہندوستان نے کبھی کسی ملک پر حملہ نہیں کیا - وزیر اعظم نریندر مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-10-03

ہندوستان نے کبھی کسی ملک پر حملہ نہیں کیا - وزیر اعظم نریندر مودی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ہندوستا ن نے کسی ملک پر حملہ نہیں کیا اور نہ وہ کسی کی زمین پر قبضہ کرنے کا بھوکا ہے، بلکہ اس کے جوانوں نے قومی کاز اور دیگر کے لئے لڑتے ہوئے عظیم قربانی پیش کی ہے۔ انہوں نے یہ تبصرہ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی فورم میں اجاگر کرنے پاکستان کی مسلسل کوششوں کے پس منظر میں کیا ہے۔ وزیر اعظم نے پرواسی بھارتیہ کیندرا کی افتتاحٰ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان نے کسی پر حملہ نہیں کیا ہے نہ وہ کسی کی زمین کا بھوکا ہے لیکن دو عالمی جنگوں (جس میں ہندوستان کا کوئی راست حصہ نہیں تھا) میں دیڑھ لاکھ ہندوستانی سپاہیوں نے اپنی جانیں قربان کی ہیں ۔ مودی نے کہا کہ بیرونی ممالک میں مقیم ہندوستانی لوگ سیاست میں شامل ہونے یا بیرونی سرزمین پر اقتدار ہتھیانے میں یقین نہیں رکھتے۔ اس کے برعکس وہ سماجی بہبود کے اصول پر عمل پیرا ہوتے ہوئے دوسری برادریوں کے ساتھ گھل مل جاتے ہیں ۔ انہوں نے اظہار تاسف کرتے ہوئے کہا کہ بھاری قیمت چکانے کے باوجود ملک دنیا کو اپنی قربانیوں کی اہمیت تسلیم نہیں کراسکا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ جب بھی بیرون ملک رہے ، انہوں نے ہندوستانی جوانوں کی یادگاروں کے دورہ کو یقینی بنایا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستانی برادری بھی کسی کاز کے لئے اپنا حصہ ادا کرسکتی ہے ۔ بیرونی ممالک میں مقیم ہندوستانی باشندے سیاست میں شامل نہیں ہوتے اور وہاں وہ اقتدار ہتھیانے میں یقین رکھتے ہیں ۔ وہ پانی کی طرح ہیں اور ضرورت کے مطابق اپنا رنگ اور جسامت تبدیل کرلیتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ایسے کئی ممالک ہیں جہاں ہندوستانی برادری انڈین مشنس سے زیادہ طاقتور ہے اور وہ ہندوستان کے تئیں وہاں کے عوام میں جو خوف پایاجاتا ہے اسے دور کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے با صلاحیت افراد کے بیرون ملک منتقل ہوجانے(برین ڈرین) کے بارے میں کافی کچھ کہاجارہا ہے لیکن اگر ہندوستانی برادری کی طاقت سے استفادہ کیاجائے تو ہم صلاحیتوں کے حصول(برین گین) میں کامیاب ہوسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ڈیم تعمیر کرتے ہوئے پانی کی توانائی سے استفادہ کیاجاتا ہے اور برقی پیدا کی جاتی ہے ، اسی طرح ہندوستان کو روشن کرنے 2.45کروڑ ہندوستانی برادری کی طاقت سے استفادہ کا طریقہ درکار ہے ۔ انہوں نے نیپال میں تباہ کن زلزلہ کے بعد نیپال کے عوام کی مدد میں ہندوستانی وزارت خارجہ کے رول کی بھی ستائش کی ۔ انہوں نے یمن جیسے جنگ زدہ ممالک سے ہندوستانیوں اور دیگر ممالک کے باشندوں کے انخلاء میں بھی ہندوستانی وزارت خارجہ کے رول کو سراہا ۔ مودی نے کہا کہ وزارت خارجہ نے اپنا ایک مقام بنایا ہے اور ساری دنیا ہندوستان کو انسانی امداد فراہم کرنے والا ایک بڑا ملک تسلیم کرنے لگی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب دیگر ممالک ، گڑ بڑ زدہ علاقوں سے اپنے شہریوں کو نکالنے کے لئے ہندوستان سے مدد طلب کرنے لگے ہیں۔ انہوں نے مختلف ممالک سے موصول ہونے والی اپیلوں کے حوالہ سے کہا کہ ہندوستان تو ہر حال میں اپنے شہریوں کا انخلاء کرائے گا ۔ ہمارے باشندوں کو بھی وہاں سے نکالنے میں ہماری مدد کی جائے ۔ مودی نے اس موقع پر ایک کتابچہ بھی جاری کیا جس میں یوگا کے ذریعہ ذیابیطس سے نجات کے طریقے درج ہیں ۔ اس موقع پر وزیر خارنہ سشما سوراج نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرواسی بھارتیہ کیندرا کوئی عام عمارت نہیں ہے بلکہ ہمارے ان آبا ء و اجداد کی یادگار ہے جنہوں نے کام کی تلاش میں ہندوستان چھوڑا تھا ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہندوستانی برادری نے بیرونی ممالک میں بھی اپنی روایات ، تہواروں اور زبانوں کا تحفظ کیا ہے اور انہیں زندہ رکھا ہے۔ ہندوستانی برادری کی یہی شبیہہ دیگر ممالک میں ہندوستان کا سراونچا رکھتی ہے ۔

India has not attacked any country: Prime Minister Narendra Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں