این سی ای آر ٹی کو ڈگریاں فراہم کرنے کا حق دینے پر غور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-09-02

این سی ای آر ٹی کو ڈگریاں فراہم کرنے کا حق دینے پر غور

نئی دہلی
یو این آئی
حکومت قومی تعلیمی تحقیقی اور تربیتی کونسل[این سی آر ٹی] کو طالب علموں کو ڈگری فراہم کرنے کا حق دینے پر سنجیدگی سے غور کررہی ہے اور امیدہے کہ جلد ہی اسے قومی اہمیت کے انسٹی ٹیوٹ کا درجہ مل جائے گا جس سے وہ یونیورسٹیوں یا ڈیمڈ یونیورسٹیوں کی طرح ڈگری دے سکے ۔ مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل اوپندر کشواہا نے این سی ای آر ٹی کے56ویں یوم تاسیس کی تقریب کا افتتاح کرتے ہوئے آج یہاں یہ اشارہ دیا ۔ کشواہا نے ملک میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کے اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہاں این سی ای آر ٹی کو قومی اہمیت کا انسٹی ٹیوٹ بنانے کا مطالبہ کا ذکر ہوا ہے ، حکومت اس پر سنجیدہ ہے اور جلد ہی اس پر کوئی فیصلہ کیاجائے گا۔ اس سے پہلے این سی ای آر ٹی کے ڈائرکٹر رشی کیش سینا پتی نے کہا کہ این سی ای آر ٹی تعلیم کے معیار بڑھانے کے لئے مصروف عمل ہے لیکن اس کے پاس طالب علموں کو ڈگری دینے کا حق نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ این سی ای آر ٹی بی ایڈ، ایم ایڈ ، ایم فل اور پی ایچ ڈی کے کورس چلاتی ہے لیکن اس کے لئے ڈگری ریاستوں کی یونیورسٹیوں سے دی جاتی ہیں کیونکہ اس کے علاقائی مرکز ریاستوں میں ہیں اور ریاستوں کی یونیورسٹیوں میں تعلیم کا معیار نہیں ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ این سی ای اآر ٹی کو قومی اہمیت کا انسٹی ٹیوٹ بنانے کے لئے تجویز انسانی وسائل ترقی کی وزارت کو بھیجا گیا ہے۔ سینا پتی نے نامہ نگاروں سے کہا کہ انہوں نے دو تین ماہ پہلے یہ تجویز وزارت کو بھیجی ہے ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا ک انڈین سائنس انسٹی ٹیوٹ ، بنگلورو کے ڈائرکٹر اور مشہور ماہر تعلیم پروفیسر گوردھن مہتا کی کمیٹی نے دو تین سال پہلے ہی این سی ای آر ٹی کو قومی اہمیت کا تعلیمی ادارے بنانے کی سفارش کی تھی ۔ اس کے علاوہ انسانی وسائل کی ترقی کی وزارت سے منسلک پارلیمنٹ کی مستقل کمیٹی نے بھی اس تجویز کی حمایت کی ہے ۔

ncert right to issue degree certificates

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں