اترپردیش کے عوام کو بی ایس پی اچھے دن دے گی - مایاوتی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-09-05

اترپردیش کے عوام کو بی ایس پی اچھے دن دے گی - مایاوتی

الہ آباد
یو این آئی
یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ بی جے پی ، ایس پی اور کانگریس صرف عوام کو جھوٹے وعدوں کے ساتھ لبھانے کی کوشش کررہے ہیں، بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی نے ادعا کیا ہے کہ ان کی پارٹی اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں قطعی اکثریت حاصل کرے گی اور حکومت قائم کرے گی جو عوام کے لئے اچھے دن لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس پی نے ہمیشہ تمام مذاہب کے ساتھ یکساں برتاؤ کیا ہے اور یہ پارٹی عوام کو اچھے دن دینے کی پابند ہے کیونکہ بی جے پی نے اس سلسلہ میں عوام کو دھوکہ دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مخالف کسان پالیسیوں کی وجہ سے لوگ خود کشی پر مجبور ہیں ۔ مرکز کی بی جے پی حکوت کو اپنے مفادات حاصلہ کے لئے صرف صنعتکاروں کے ایک منتخبہ گروپ کی خدمت کرنے میں دلچسپی ہے ۔ یہاں سنگم سٹی میں پریڈ گراؤنڈ پر سروجن سکھا، سروجن ہتائے ریالی سے خطاب کرتے ہوئے مایاوتی نے کہا کہ ریاست میں موجودہ ایس پی حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔ اب عوام نے ذہن بنالیا ہے کہ وہ2017ء میں بی ایس پی کو موقع دیں گے ۔ بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ کرتے ہوئے مایاوتی نے کہا کہ مرکز عوام کے مسائل کی یکسوئی میں ناکام ہوگیا ہے ۔ انہوں نے کسانوں سے کئے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا جس کی وجہ سے غربت ، بیروزگاری اور مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔ بی ایس پی صدر نے کہا کہ وزیر اعظم نے انتخابات کے دوران وعدہ کیا تھا کہ وہ یوپی کو چوبیس گھنٹے برقی دیں گے اور پکے مکانات بنائیں گے لیکن ان کے وعدوں کا کیا ہوا ۔ انہوں نے ریاست کے عوام سے نئے وعدے کرنے شروع کردئیے ہیں ۔ این ڈی حکومت کی دو سالہ حکمرانی انتہائی ناکام رہی ہے۔ مایاوتی نے کانگریس کو بھی نہیں بخشا ۔ انہوں نے کہا کہ اتر پردیش کے عوام، کانگریس قائدین کے بچھائے ہوئے جال میں نہیں پھنسیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس کی وزارت اعلیٰ کی امید وار شیلا دکشت نے بہار اور اتر پردیش کے عوام کی توہین کی ہے لیکن اب غریبوں کے لئے تحفظات کا وعدہ کررہی ہیں۔ کانگریس کا مرکز سے اس کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے اخراج عمل میں آیا اور اب وہ عوام کو جھوٹے تیقنات دیتے ہوئے اتر پردیش میں اپنی قسمت آزمانے کی کوشش کررہی ہے ۔ الہ آباد ریالی تیسری ہے جس سے مایاوتی نے خطاب کیا۔ پہلی ریالی 21اگست کو آگرہ میں اور دوسری پچھلے اتوار کو اعظم گڑھ میں منعقد ہوئی تھی۔ وہ 18ستمبر کو سہارنپور میں ایک اور ریالی سے خطاب کریں گی ۔ مایاوتی توقع ہے کہ پارٹی کے بانی کانشی رام کی دسویں برسی کے موقع پر 9اکتوبر کو لکھنو میں اپنی آخری ریالی سے خطاب کریں گی۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں