دہشت گردی پر ہندوستان اور افغانستان کا پاکستان کو سخت پیام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-09-15

دہشت گردی پر ہندوستان اور افغانستان کا پاکستان کو سخت پیام

نئی دہلی
پی ٹی آئی، یو این آئی
پاکستان کو سخت پیام میں ہندوستان اور افغانستان نے آج دہشت گردوں کے لئے ہر طرح کی مدد، سر پرستی اور محفوظ مقامات کے خاتمہ کے لئے زور دیا ہے اور سلامتی و دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہندوستان اور افغانستان نے اپنے دیرینہ اور طویل تعاون اور دوستانہ تعلقات کو اور مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے آج کہا کہ دنیا کے سامنے سب سے بڑی آزمائش کی شکل اختیار کرلینے والی دہشت گردی کا دونوں مل کر مقابلہ کریں گے۔ ہندوستان کے دورہ پر آئے افغانستان کے صدر ڈاکٹر محمد اشرف غنی اور وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان آج یہاں دو طرفہ بات چیت کے بعد دونوں قائدین کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں علاقہ کے امن، استحکام اور ترقی کے لئے دہشت گردی کو سب سے بڑی رکاوٹ سمجھتے ہوئے ہر شکل میں اس برائی کو جڑ سے ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا اور کہا گیا کہ اس کے لئے دونوں ممالک باہمی سیکوریٹی اور دفاعی میدان میں تعاون بڑھا ئیں گے ۔ دونوں ممالک نے اس کے ساتھ ہی ہر طرف سے دہشت گردی کو سرپرستی اور تحفظ دینے والی سر گرمیوں پر روک لگانے کی اپیل کی۔ انہوں نے بلا تفریق تمام طرح کی دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے پر زور دیا اور پاکستان کا نام لئے بغیر کہا کہ ہندوستان اور افغانستان کو نشانہ بنانے والی دہشت گردی کی اسپانسر شپ، تعاون ، محفوظ مقامات اور پناہ گاہیں بند ہونا چاہئے ۔ اس موقع پر افغانستان کی جدت کاری ، اقتصادی اور سیاسی تبدیلی کے عمل کو کامیاب بنانے میں ہندوستان کی شراکت پر بھی زور دیا گیا ۔ ساتھ ہی افغانستان میں تعلیم، توانائی، صحت، بنیادی ڈھانچہ ، ہنر مندانہ ترقی، خواتین کو با اختیار بنانے اور جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے کے لئے ہندوستان کی جانب سے ایک ارب ڈالر کی مالی مدد کا اعلان بھی کیا گیا۔ فریقین نے یہ تسلیم کیا کہ ہندوستان اور افغانستان کے درمیان تمام سطحوں پر باقاعدہ بات چیت سے حکمت عملی پر مبنی شراکت داری کے ذریعہ ہر میدان میں تعاون کو مضبوط کرنے میں مدد ملی ہے ۔ اس سلسلہ میں پارلیمنٹ کی عمارت اور افغانستان ۔ ہند دوستی ڈیام کی تعمیر میں ہندوستان کے تعاون پر خوشی ظاہر کی گئی۔ وزیر اعظم مودی نے اس موقع پر کہا کہ ہندوستان ایک مضبوط، منظم ، جمہوری، خود مکتفی اور خوشحال افغانستان دیکھنا چاہتا ہے اور اس کے لئے وہ اپنی طرف سے ہر ممکن مدد جاری رکھے گا۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور افغانستان کے صدر اشرف غنی کے درمیان رسمی بات چیت کے بعد تین معاہدات پر دستخط ہوئے ۔ پہلا معاہدہ باہمی قانونی امداد سے متعلق ہے جب کہ دوسرا معاملہ مجرمین کی حوالگی سے متعلق ہے ۔ تیسرے معاہدہ میں دونوں ممالک نے اپنی بیرونی فضائی حدود کے پر امن استعمال پر یادداشت مفاہمت کی ہے ۔ قبل ازیں افغانستان کے صدر اشرف غنی دودنوں کے دورہ پر چہار شنبہ کو دارالحکومت دہلی پہنچے جہاںانہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سروپ نے ٹویٹ کے ذریعہ بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے افغان صدر اشرف غنی کا ان کے دوسرے سرکاری دورہ پر استقبال کیا۔ وکاس سوروپ نے اس دورہ کو ہندوستان اور افغانستان کے درمیان گہری ہوتی ہوئی دوستی سے تعبیر کیا اور دونوں کی تصاویر بھی پوسٹ کیں ۔ افغانستان کے صدر اشرف غنی نے اچھے دہشت گردوں اور برے دہشت گردوں کے پاکستان کے رویے کی دھجیاں اڑاتے ہوئے کہا کہ یہ نظریہ انتہائی تنگ نظر ہے ۔ انہوں نے وارننگ دی کہ یہ لوگ بڑھتی ہوئی ہند۔ افغان تجارت میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ وہ خود رک جائیں گے ۔ دوٹوک اظہار خیال کرتے ہوئے اشرف غنی نے کہا کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جو اپنی ہر شکست کو کامیابی سمجھ کر جشن مناتا ہے اور ا پنی ہر انٹلی جنس ناکامی کو سازش کے نظریے سے جوڑ دیتا ہے ۔

Stop terrorism, India & Afghanistan tell rogue neighbour Pakistan

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں