سیکولرازم ہندوستان کی طاقت - صدر جمہوریہ پرنب مکرجی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-09-06

سیکولرازم ہندوستان کی طاقت - صدر جمہوریہ پرنب مکرجی

نئی دہلی
یو این آئی
صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے آج سیکولرازم کو ہندوستان کی طاقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ عظیم سیاسی قائدین اورمدبرین نے ملک کو متحد رکھنے میں مدد کی ۔ صدر جمہوریہ نے یہاں پریسیڈنٹ اسٹیٹ میںواقع راجندر پرسادسروودیا ودیالیہ میں ٹیچر کا رول نبھاتے ہوئے گیارہویں اور بارہویں جماعت کے طلباء کو ہندوستان کی سیاسی زندگی کے ارتقاء پرایک سبق دیا۔پرنب مکرجی نے ہندوستان کے نظریہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سیکولرازم ملک کی طاقت ہے اور یہ ہماری زندگی کا ایک حصہ ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سیاسی جماعتوں نے یہ خیال قائم کیا تھا کہ لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ساتھ منعقد کرائے جائیں،لیکن الیکشن کمیشن انتخابات ایک ساتھ منعقد کرانے ان کے خیال کو عملی جامہ پہنانے سے قاصر رہا۔ صدر جمہوریہ نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کے فوری بعد ملک میں فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات پیش آئے ۔ عظیم سیاسی قائدین اور مدبرین نے ملک کو متحد رکھا۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ یقینا ہمارے بیچ ہم آہنگی کے فقدان کا مسئلہ ہے ، لیکن عظیم سیاسی قائدین اور مدبرین کا شکریہ، جنہوں نے عوام کو متحد رکھا ۔ صورتحال دشوار تھی،کیوں کہ آزادی کے بعد عوام کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہونا پڑا۔ اس بات پر اظہاراطمینان کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں اقتصادی شرح نمو اطمینان بخش رہی ہے ، صدر جمہوریہ نے زور دے کر کہا کہ ملک کو ملازمتوں سے عاری ترقی درکار نہیں۔ ہندوستان کی معاشی ترقی کے لئے دو عوامل اہم ہیں کہ ملک اقتصادی ا ور سماجی ترقی بھی کرے ، جس میں طبی انفراسٹرکچر او رسماجی انفراسٹرکچر بھی شامل ہے ۔ سماجی تقسیم اورمساوات کے ساتھ ترقی بھی درکار ہے ۔ اسکول میں اپنے تقریباً ایک گھنٹہ طویل سبق کے دوران پرنب مکرجی نے ہندوستان کی سیاسی تاریخ اور آزادی کے بعد سے اس کی ترقی کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے ملک میں دہشت گردی کی بڑھتی لعنت کے بارے میں بھی بتایا ۔ صدر جمہوریہ نے جو1969ء میں سیاست میں شامل ہونے سے پہلے ایک کالج ٹیچر اور صحافی تھے، گزشتہ سال بھی طلبائء کے لئے ایک مشترکہ کلاس منعقد کی تھی۔ پرنب مکرجی نے دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال ا ور ڈپٹی چیف منسٹر منیش سسوڈیا کی دعوت پر طلباء کو پڑھانے سے اتفاق کیا ۔ قبل ازیں دن میں صدر جمہوریہ نے اساتذہ کے نام اپنے ایک پیام میں متاثر کرنے والے ٹیچرس کو اچھے تعلیمی نظام کی اینٹیں قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو بچوں میں قربانی ، رواداری، تکثیریت ، مفاہمت اورہمدردی جیسے تہذیبی اقدار پیدا کرنا چاہئے ۔ یوم اساتذہ کے موقع پر ٹیچرس کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے ان سے کہا کہ وہ بچوں میں تہذیبی اقدار پیدا کریں۔

Secularism India's strength - Indian President Pranab Mukherjee

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں