سرجیکل حملوں پر فوج کو کانگریس اور بی جے پی کی مبارکباد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-09-30

سرجیکل حملوں پر فوج کو کانگریس اور بی جے پی کی مبارکباد

نئی دہلی
پی ٹی آئی
کانگریس نے آج خطہ قبضہ کے پار دہشت گردوں کے اڈوں پر فوج کی سرجیکل اسٹرائکس(محدود کارروائی) کی ستائش کی اور کہا کہ وہ پوری طرح مسلح افواج کے ساتھ ہے ۔، کانگریس صدر کے سپاسی مشیر احمد پٹیل نے ٹوئٹر پر کہا کہ ہم دہشت گردی کے لانچ پیاڈس پر سرجیکل حملے کرنے پر ہندوستانی فوج کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ہم پوری طرح اپنی مسلح افواج کے ساتھ ہیں ۔ پارٹی کے ترجمان اعلیٰ رندیپ سرجے والا نے بھی ایسے ہی احساسات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انڈین نیشنل کانگریس، ہندوستانی فوج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی کے لانچنگ پیاڈس پر سرجیکل حملوں کی بھرپور تائید کرتی ہے۔ ہماری مسلح افواج کی بہادری کو سلام۔ واضح رہے کہ ہندوستان نے کل رات خط قبضہ کو عبور کرتے ہوئے دہشت گردی کے لانچنگ پیاڈس پر محدود کارروائی (سرجیکل اسٹرائکس) کئے اور کافی نقصان پہنچایا جب کہ کئی افراد ہلاک ہوئے ۔ ملٹری آپریٹرس کے ڈائرکٹر جنرل لیفٹننٹ جنرل رنویر سنگھ نے عجلت میں طلب کردہ پریس کانفرنس میں دہشت گردوں کو نشانہ بنانے کی اچانک کارروائی کے بارے میں اعلان کیا۔ اس پریس کانفرنس میں وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ بھی موجود تھے ۔ جنرل سنگھ نے بتایا کہ ہندوستان نے پاکستانی فوج کو سرجیکل حملوں کی تفصیلات سے واقف کرادیا ہے اور کہا ہے کہ خط قبضہ پر واقع لانچ پیاڈس پر در اندازی کے منتظر دہشت گردوں کے بارے میں مخصوص اطلاع ملنے پر یہ کارروائی کی گئی ۔ وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینے حکومت کی کوششوں کے حصہ کے طور پر آج مغربی بنگال، اوڈیشہ ، پنجاب اور بہار کے چیف منسٹرس اور کئی اپوزیشنس سیاسی قائدین کو خط قبضہ کے پار فوج کی سرجیکل حملوں کے بارے میں بتایا۔ اسی دوران موصولہ علیحدہ اطلاع کے مطابق بی جے پی نے آج خط قبضہ کے پار دہشت گردی کے لانچنگ پیاڈس پر فوج کے سرجیکل حملوں کی ستائش کی اور وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت کی تعریف کی ۔ پارٹی نے کہا کہ ان کی حکومت الفاظ میں نہیں بلکہ عمل میں یقین رکھتی ہے ۔ پارٹی کے قومی سکریٹری سدھارتھ ناتھ سنگھ نے کہا کہ مسلح افواج اور وزیر اعظم کی قیادت کو سلام جنہوں نے ہماری سرحدوں کو محفوظ بنایا اور پاکستان کی زیر سرپرستی دہشت گردی سے ہمارا دفاع کیا ۔ ایک ذمہ دار حکومت کام زیادہ اور بات کم کرتی ہے اور مودی کی قیادت میں یہی اس حکومت کا طریقہ رہا ہے ۔ مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے ٹویٹر پر کہا کہ دہشت گردی کے لانچنگ پیاڈس پر سرجیکل حملوں کا کارنامہ انجام دینے پر ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب پاکستان نے اپنی سر زمین سے ابھرنے والی دہشت گردی کی روک تھام کے لئے مسلسل سفارتی کوششوں کے باوجود اپنے طریقوں میں کوئی تبدیلی نہیں لائی تب سرجیکل حملے کرنے پڑے ۔ بی جے پی کے جنرل سکریٹری رام مادھو نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے قول کو سچ کردکھایا ہے ۔ انہوں نے سرحد پار کے دہشت گردی کے مرتکبین کو سزا دینی شروع کردی ہے ۔ مادھو نے خط قبضہ کے پار فوج کے سرجیکل حملوں کو اہمیت نہ دینے پر پاکستان پر طنز کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بعض پاکستانی ان حملوں کو غیر اہم بتانے کی کوشش کررہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ یہ صرف خط قبضہ کے پار سے کی گئی فائرنگ تھی جب کہ پاکستانی صدر وزیر اعظم حتی کہ وزیر دفاع تک پاکستان کی حفاظت کرنے کا عہد کررہے ہیں ۔ انہوں نے اس کارروائی پر ہندوستانی فوج کو مبارکبا دی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فوج نے ایک بڑا کام کیا ہے ۔ بہر حال اس نے اپنے آپ کو ایک مخصوص علاقہ تک محدود رکھا ۔ ملک کی دیگر جماعتوں نے بھی اس کارروائی کی ستائش کی۔یو این آئی کے بموجب چیف منستر دہلی اروند کجریوال نے آج خط قبضہ کے پار دہشت گردی کے لانچنگ پیاڈس پر ہندوستانی فوج کے سرجیکل حملوں کی حمایت کی ۔ کجریوال نے اپنے ایک ٹویٹر پیام میں کہا بھارت ماتا کی جئے۔ پورا دیش بھارتیہ سینا کے ساتھ ہے ۔ واضح رہے کہ یہ سرجیکل حملے کشمیر میں حالیہ اری حملوں کے تناظر میں کئے گئے ہیں جن میں اٹھارہ ہندوستانی فوجی شہید ہوئے تھے ۔

Political parties firmly back Modi govt over army's surgical strikes

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں