کشمیر میں ہر روز شام غریباں ہر سو صف ماتم - میر واعظ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-09-14

کشمیر میں ہر روز شام غریباں ہر سو صف ماتم - میر واعظ

سری نگر
یو این آئی
اعتدال پسند حریت کانفرنس کے صدر نشین میر واعظ عمر فاروق جنہیں انتظامیہ نے پہلے ڈیڑھ مہینے تک مسلسل اپنی رہائش گاہ میں نظر بند رکھنے کے بعد گزشتہ25روز سے سب جیل چشمہ شاہی میں مقید رکھا ہے ۔ نے عیدالاضحی کے مبارک موقعہ پر اپنے عید پیغام میں مسلمانان عالم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب کی بار عید ایسے حالات میں منائی جارہی ہے کہ جب کشمیر میں ہر شام شام غریبیاں اور ہر سو صف ماتم بچھی ہوئی ہے ہمارے80 سے زیادہ افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی اور سینکڑوں لوگوں کو جسمانی طور پر معذور اور آنکھوں کی بینائی سے محروم کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ گزشتہ چھ برسوں سے مجھے عیدین کے موقع پر نماز عید کی ادائیگی سے روکنے کے ساتھ ساتھ اپنے منصبی فرائض سے بھی طاقت کے بل پر محروم کردیا جاتا رہا ہے تاہم اب کی بار ریاستی حکمرانوں نے جیل میں مقید کرکے تمام مسلمہ جمہوری اور اخلاقی قدروں کو بالائے طاق رکھ کر نہ صرف میری منصبی ذمہ داریوں کی ادائیگی پر پابندی عائد کردی ہے بلکہ پورے کشمیر میں زیادتیوں کا بازار گرم کررکھا ہے ۔ میر واعظ نے کہا جیل میں رہتے ہوئے بھی میرے قلب و ذہن میں اپنی قوم کی حالت زار کی وجہ سے شدید بے چینی اور اضطراب ہے تاہم اس کے ساتھ ہی ہم سب کے لئے جو بات باعث اطمینان ہے وہ یہ کہ پوری قوم بڑے حوصلے اور ہمت کے ساتھ قربانی کے جذبہ سے سرشار حالات کا مقابلہ کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عید کا مبارک موقعہ ہمیں اللہ کی راہ میں ایثار و قربانی کی بے مثال مظاہرے کی تعلیم دیتا ہے ۔ میر واعظ نے عید کو انتہائی سادگی سے منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عید کے موقعہ پر رواں تحریک میں جاں بحق ہوئے افراد کے ورثاء اور اسپتالوں میں جاکر زخمی افراد کی دلجوئی کریں اور غریب اور نادار اور ضرورتمندوں کی ہر ممکن مدد اور داد رسی کرکے اللہ اور اللہ کے رسول ﷺ کی رضا اور خوشنودی حاصل کریں ۔ انہوں نے کہا کہ مزاحمتی قیادت کے متفقہ فیصلہ کے مطابق امسال پوست ہائے قربانی مقامی بیت المال کے ذمہ داروں کے حوالے کیاجائے تاکہ علاقائی متاثرین کی داد رسی کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اسی فیصلے کی پیروی میں امسال انجمن نصر الاسلام نے پوست ہائے قربانی جمع کرنے کی اپنی قدیم روایت ترک کی ہے اور رضا کاروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس ضمن میں مقامی بیت المال کی مدد کریں۔ میر واعظ نے کہا کہ انہوں نے دارالخیر میر واعظ منزل کے ذمہ داروں کو پہلے ہی ہدایت دی ہے کہ وہ عید کے مقدس موقعہ پر مقامی مسجد کمیٹیوں تک دارالخیر کا عیدی پیکیج پہنچائیں تاکہ غریبوں اور ناداروں کی مدد کی جاسکے۔ دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے عید الاضحی کے موقعہ پر حریت چیر مین میر واعظ اور دیگر درجنوں مزاحمتی قائدین اور سینکڑوں عام شہریوں بالخصوص نوجوانوں کی مسلسل حراست کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ عید جہاں اب کی بار پوری قوم کے لئے آزمائش اور امتحان بن کر آئی ہے وہیں سرکاری سطح پر پورے کشمیر میں جس بے دردی کے ساتھ زیادتیوں اور قتل و غار ت گری کا سلسلہ جاری رکھا گیا ہے ایسے حالات میں حوصلہ ہارنے کی بجائے انتہائی عزم و استقامت کا مظاہرہ حالات کا ناگزیر تقاضا ہے ۔ ترجمان نے عید الاضحی کو سادگی سے منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عید کے مبارک موقع پر اپنے شہداء ، زخمیوں اور حالات سے متاثرہ افراد کے گھروں میں جاکر ان کی دلجوئی اور ہر ممکن داد رسی یقینی بنائیں ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں