یوری دہشت گرد حملہ - وزیر اعظم مودی پر سخت تنقید - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-09-20

یوری دہشت گرد حملہ - وزیر اعظم مودی پر سخت تنقید

نئی دہلی
پی ٹی آئی
کانگریس نے آج یوری دہشت گرد حملہ کے سلسلہ میں وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ تنقید بنایا اور اس افرا تفری کے لئے صرف اور صرف انہیں ذمہ دار قرار دیا۔ پارٹی نے سوال کیا کہ آیا وہ وزیر دفاع منوہر پاریکر کے خلاف کارروائی کریں گے؟ کانگریس کے ترجمان اعلیٰ رندیپ سنگھ سرجے والا نے ٹوئٹر پر کہا کہ ہندوستان کی سرحدیں اورقومی سلامتی گزشتہ دو سال سے داؤ پر لگی ہوئی ہیں۔ وزیر دفاع کو جوابدہ بنایاجانا چاہئے۔ انہوں نے اپنے سلسلہ وار ٹوئٹر پیام میں فوجی اڈے پر حلہ کے سلسلہ میں جس میں کل سترہ سپاہی ہلاک ہوئے ، مودی اور مرکز کو نشانہ تنقید بنایا ۔ سرجے والا نے جاننا چاہا کیا وزیر اعظم مودی اپنے کمان اورو کنٹرول میں شامل ذمہ دار افراد بشمول اپنے وزیر دفاع کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جرات کا مظاہرہ کریں گے؟ کیا وزیر اعظم مودی اس بات کا اعتراف کریں گے کہ انٹلیجنس کی زبردست ناکامی کی وجہ سے یوری حملہ ہوا۔ پونچھ واقعہ کے باوجود آخر ہم کیوں تیار نہیں تھے؟ انہوں نے سوال کیا کہ وزیر خارجہ سشما سوراج کی خارجہ پالیسی کی عدم موجودگی نمایاں محسوس کی جارہی ہے؟ کیا اس مکمل انتشار کی صورتحال کے لئے صرف وزیر اعظم مودی ذمہ دار نہیں؟ سرجے والا نے تعجب ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے کہا ہے کہ خاطیوں کو بخشا نہیں جائے گا، کیا وہ ٹھوس اور مناسب جواب دیتے ہوئے بیان بازی کو سچائی میں بدلیں گے؟ علیحدہ اطلاع کے مطابق کانگریس قائد ڈگ وجئے سنگھ نے آج این ڈی اے حکومت کو کٹہرے میں کھرا کرنا چاہا۔ انہوں نے کہا کہ سابق این ڈی اے حکومت نے دہشت گرد مسعود اظہر کو 1999ء میں رہا کرتے ہوئے قومی سلامتی پر سمجھوتہ کیا تھا۔ انہوں نے سلسلہ وارٹوئٹر پیامات میں اس بات پر زور دیا کہ دہشت گرد حملہ کے پیش نظر پاکستان کو اکا و تنہا کرنے بین الاقوامی دباؤ بنایاجائے ۔ انہوں نے خطہ قبضہ کے قریب واقع کیمپ کی حفاظت کرنے میں فوج کی ناکامی کا جائزہ لینے پر بھی زور دیا۔ کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ ہم نے انڈین ایر لائنز طیارہ کو ہائی جیک کیے جانے کے بعد مسعود اظہر کو رہا کرتے ہوئے قومی سلامتی پر سمجھوتہ کیا۔ اس سے یہ سبق حاصل ہوتا ہے کہ کبھی قومی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں کرنا چاہئے ۔ اس حملہ کے پس پردہ مسعود اظہر کی جیش محمد کارفرما ہے اوراس نے بلا شبہ پاکستانی حکومت کی مکمل ساز باز سے یہ حملہ کیا ہے ۔ ایک اور اطلاع کے مطابق چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے بہا رسے تعلق رکھنے والے تین فوجی جوانوںکے لئے پانچ پانچ لاکھ روپے ایکس گریشیا کا اعلان کیا ، جو جموں و کشمیر کے اری سیکٹر میں دہشت گرد حملہ میں شہید ہوئے ہیں۔ چیف منسٹر نے تینوں فوجی جوانوں کی مکمل سرکاری اعزازات کے ساتھ آخری رسومات انجام دینے کا بھی اعلان کیا۔ یہ تینوں بہار یجمنٹ سے تعلق رکھے تھے ۔ ان کی گیا کے ایس کے ودیارتھی، کائمور کے راکیش سنگھ اور ضلع بھوجپورکے آرا علاقہ کے اشوک کمار سنگھ کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے ۔ چیف منسٹر نے اس دہشت گرد حملہ پر سخت رنج و غم کا اظہار کیا۔ کولکتہ سے موصولہ اطلاع کے مطابق چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج کشمیر کے اری یں فوجی اڈے پر دہشت گرد حملہ کی مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ ان سترہ خاندانوں کے درد کو الفاظ میں بیان نہیں کیاجاسکتا جو اری میں ا پنے عزیزوں سے محروم ہوگئے ہیں ۔ ہندوستان کے بہادر فوجیوں کو سلام ۔ ایک بہادر جوان کی باقیات ہوڑہ لائی جارہی ہیں ۔ لکھنو سے موصولہ اطلاع کے مطابق چیف منسٹر اتر پردیش اکھلیش یادو نے ریاست سے تعلق رکھنے والے چار جوانوں کے ارکان خاندان کے لئے بیس لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا۔ ایک ترجمان نے بتایا کہ چیف منسٹر نے کل اری میں ہلاک چار جوانوں خے خاندانوں کے لئے بیس بیس لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ یو این آئی کے بموجب اتر پردیش کے چاروں شہیدوں کے آبائی مقامات پر فضا سوگوار ہوگئی۔ مشرقی اتر پردیش سے تعلق رکھنے والے جوانوں کی نعشیں آج یہاں لائی جائیں گی اور ان کی آخری رسومات انجام دی جائیں گی ۔ ضلع سنت کبیر نگر کے میدھوال علاقہ کے ساکن سپاہی گنیش شنکر یادو، غازی پور کے سپاہی ارویندر یادو، جونپور کے سپاہی راکیش کمار سنگھ اور بلیا کے لانس نائک آر کے یادو شہیدوں میں شامل ہیں ۔ دوسری طرف یوری میں فوجی اڈہ پر کل کے دہشت گرد حملہ کے خلاف آج اتر پردیش میں احتجاج جاری رہا ۔ دیوریا میں وکلاء نے مارچ نکالا اور اچانک ہڑتال کردی ۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی سے پاکستان کے خلاف کاررواوئی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے مودی جی حملہ کرو، دیش آپ کے ساتھ ہے ، جیسے نعرے لگائے ۔ الہ آباد سنٹرل یونیورسٹی طلباء نے یونیورسٹی کیمپس سے کلکٹریٹ تک احتجاجی مارچ نکالا۔ انہوں نے حملہ میں ہلاک ہونے واولے فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اسی دوران این سی پی صدر شرد پوار نے آج کہا کہ مرکز کو دہشت گردی کے بالکل برداشت نہیں کرنا چاہئے ۔ انہوںنے این ڈی اے حکومت کو تلقین کی کہ وہ اری حملہ کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کریں ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے علاوہ حکومت کی اولین ترجیح ملک میں سیکولرازم اور مذہبی رواداری کا فروغ ہونا چاہئے ۔

Congress, Mayawati Attack PM Modi Post Uri Terror

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں