کشمیر میں کرفیو برقرار - عوام کو اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-08-19

کشمیر میں کرفیو برقرار - عوام کو اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا

سری نگر
پی ٹی آئی
سیکوریٹی فورسس اور احتجاجیوں کے درمیان جھڑپوں میں ایک لکچر ر ہلاک اور دیگر18افراد زخمی ہوگئے جو کشمیر کے ضلع پلوامہ کے کھروعلاقہ میں ایک تلاشی مہم کی مخالفت کررہے تھے جب کہ آج مسلسل41ویں دن کرفیو اور تحدیدات برقرار رہے ۔ ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ کنٹراکٹ پر کام کرنیو الے ایک لکچرر شبیر احمد مونگا اس وقت ہلاک ہوگئے جب کل رات دیر گئے کھروعلاقہ میں انہیں اور دیگر کئی افراد کو بری طرح مار پیٹ کی گئی ۔ انہو نے بتایا کہ دیگر18 افراد جنمیں بیشتر نوجوان ہیں ، یہاں ایک ہاسپٹل میں داخل کیا گیا ہے۔ مقامی افراد کے مطابق فوج نے ان نوجوانوں کی تلاش میں جو کل رات دیر گئے اس علاقہ میں احتجاج کی قیادت کررہے تھے ، گھر گھر تلاشی لی جس کی کھرو کے مقامی عوام نے مخالفت کی۔ جھڑپوں میں تیس سالہ مونگا ہلاک ہوگئے ۔ ایک فوجی عہدیدار نے بتایا کہ وہ اس واقعہ کے بارے میں تفصیلات حاصل کررہے ہیں اور جلد بیان جاری کرین گے ۔ سارے ضلع سری نگر، اننت ناگ ٹاؤن اور پامپور میں کرفیو نافذ ہے جب کہ وادی کے دیگر علاقوں میں عوام کی نقل و حرکت پر تحدیدات برقرار ہیں ۔ وادی میں سڑکوں پر احتجاج کے سبب عام زندگی مفلوج ہوگئی ہے جس کا سلسلہ 8جولائی کو برہان وانی کی سیکوریٹی فورسس کے ساتھ انکاؤنٹر میں ہلاکت کے بعد سے جاری ہے ۔ سری نگر سٹی میں سیکوریٹی فورسس کی بھاری جمعیت متعین کی گئی ہے اور سوناور میں واقع اقوام متحدہ کے مقامی دفتر کو جانے والی تمام سڑکوں کو مسدود کردیا گیا ہے ۔ حکام نے اقوام متحدہ کے دفتر تک مارچ کے لئے علیحدگی پسندوں کی اپیل کے پیش نظر شہر میں رات کے اوقات میں نافذ کرفیو میں سختی پیدا کردی ہے ۔ علیحدگی پسندوں کی ہڑتال کے سبب اسکول، کالج اور خانگی دفاتر بند رہے جب کہ سڑکوں پر سرکاری بسس بھی نہیں چلائی گئیں۔ یو این آئی کے بموجب شہر خاص اور ڈاؤن ٹاؤن علاقہ کے عوام کو کرفیو سے کوئی راحت نہیں ملی ہے ۔ میڈیا کے نمائندوں ، مقامی ، قومی اور بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں کو آج بے حد مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور سیکوریٹی فورس نے انہیں گھر واپس ہوجانے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے سری نگر کے ضلع مجسٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ کرفیو پاسس قبول کرنے سے انکار کردیا۔ میڈیا کے نمائندوں کے ایک گروپ کو جن میں یو این آئی کے دو نمائندے بھی شامل تھے ، بیمینا سے گھر لوٹ جانا پڑا ۔ سیکوریٹی فورسس نے کرفیو پاس ہونے کے باوجود انہیں وہاں سے گزرنے کی اجازت نہیں دی ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سیکوریٹی فورسس نے انہیں لاٹھیاں دکھا کر دھمکایا۔ چیف سکریٹری نے کل شام ہی ملازمین کو ہدایت دی تھی کہ وہ ڈیوٹی پر رجوع ہوں یا پھر ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے پر کارروائی کا سامنا کریں ۔ بہر حال زمینی صورتحال یکسر مختلف ہے اور کسی کو بھی مکانات سے نکلنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔ علیحدگی پسندوں نے آج عام ہڑتال کی اپیل کی ہے اور ایک پوسٹر مکتوب جاری کرتے ہوئے تمام ارکان اسمبلی اور اصل دھارے کے جماعتوں کے کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے عہدہ سے مستعفیٰ ہوجائیں ۔ انہوں نے عوام سے کہا ہے کہ وہ پانچ تا چھ بجے کے دوران ایک گھنٹے کے لئے سڑکوں پر جمع ہوں اور بطور احتجاج سڑکوں پر نماز عصر ادا کریں ۔ عوام نے بتایا کہ انہیں اشیائے ضروریہ بالخصوص تازہ سبزیوں اور دودھ اور بریڈ کی شدید قلت کا سامنا ہے ۔ شہر خاص اور ڈداؤن ٹاؤن کی عوام نے الزام عائد کیا کہ سیکوریٹی فورس دودھ فروشوں اور سبزی فروشوں کو مضافاتی علاقہ سے آنے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں ۔ اپ ٹاؤن علاقوں بشمول سری نگر ، ایر پورٹ روڈ کے دونوں طرف بھی سخت کرفیو نافذ ہے جہاں، سیکوریٹی فورسس بار بار اعلانات کرتے ہوئے عوام وک گھروں کے اندر ہی رہنے کی ہدایت دے رہے ہیں ۔ سبزی فروشوں نے الزام عائد کیا کہ وہ منڈی سے ترکاری لانے سے قاصر ہیں ۔ اسی طرح مضافاتی علاقوں سے دودھ فروشوں کو شہر میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں