یکساں سیول کوڈ کا جائزہ لینے لا کمیشن کو حکومت کی ہدایت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-07-02

یکساں سیول کوڈ کا جائزہ لینے لا کمیشن کو حکومت کی ہدایت

نئی دہلی
پی ٹی آئی
حکومت نے لاء کمیشن کو یکساں سیول کوڈ پر عمل آوری کے مسئلہ کا جائزہ لینے کی ہدایت دی ہے ۔ اس اقدام کی کانگریس، مسلم مجلس اور چند کارکنوں نے مخالفت کی ہے ۔ تاہم بی جے پی نے اس کا خیر مقدم کیا ہے۔ محکمہ قانونی امور نے سفارشی ادارہ لاء کمیشن کو اس مسئلہ پر اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ یہ مسئلہ بی جے پی اور سنگھ پریوار کے لئے ہمیشہ عزیز رہا ہے ۔ یہ اقدام اس لحاظ سے اہمیت کا حامل رہا ہے کہ سپریم کورٹ نے حال ہی میں کہا تھا کہ سپریم کورٹ طلاقہ ثلاثہ کے دستور جواز پر فیصلہ سے قبل وسیع تر مباحث کو ترجیح دے گا۔ بعض لوگوں کی شکایت ہے کہ مسلم حضرات اپنی بیویوں کے جانب دارانہ طلاق کے لئے اس کا بیجا استعمال کرتے ہیں۔ توقع ہے کہ حکومت، سپریم کورٹ کو یکساں سول کوڈ کے معاملہ کو لاء کمیشن سے رجوع کرنے کے اپنے فیصلہ سے واقف کرائے گا ۔ ستمبر میں اس معاملہ کی سماعت مقرر ہے ۔ کانگریس ترجمان ابھیشیک سنگھوی نے مرکز پر اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے پیش نظر سیول کوڈ کے مسئلہ کو دانستہ طور پر اٹھانے کا الزام عائد کرتے ہوئے اسے فرقہ وارانہ تقسیم کی بی جے پی کی گھٹیا سیاست قرار دیا۔ حکومت کے فیصلہ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی نے یکساں سیول کوڈ کی یہ کہتے ہوئے تائید کی کہ دستور میں تذکرہ کے باوجود ووٹ بینک سیاست کے باعث اس کی مخالفت کی گئی ہے ۔ پارٹی کے قومی سکریٹری سریناتھ شرما نے کہا کہ اس پرکھلے مباحث ہونے چاہئیں ۔ دستور میں اس کی گنجائش ہے اور جو اس کی مخالفت کرتے ہیں اس سے دستور کے تئیں ان کی بے توجہی کا پتہ چلتا ہے ۔ ہم نے ہمیشہ اس کی تائید کی ہے ۔ یکساں سیول کوڈ ہونا چاہئے ۔ مسلم خواتین کے کاز کے لئے جد وجہد کرنے والے شائستہ عنبر نے کہا کہ کمیشن کو کسی نتیجہ پر پہنچنے سے قبل وسیع تر مشاورت کرنا چاہئے۔ وزیر قانون ڈی وی سدانند گوڑا نے قبل ازیں کہا تھا کہ اس مسئلہ کو جائزہ کے لئے لاء کمیشن سے رجوع کیاجاسکتا ہے ۔

Govt asks Law Commission to examine uniform civil code issue

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں