وزیر اعظم کی ڈگری پر راز کے پردے کیوں - کجریوال کا سوال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-06-20

وزیر اعظم کی ڈگری پر راز کے پردے کیوں - کجریوال کا سوال

نئی دہلی
پی ٹی آئی
چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے آج کہا کہ جن میڈیا اطلاعات میں دعویٰ کیا گیا کہ دہلی یونیورسٹی نے وزیر اعظم نریندر مودی کی بی اے ڈگری کی تفصیلات حاصل کرنے کی آر ٹی آئی درخواست کو روک دیا ہے ، اس سے ان کی تعلیمی قابلیتوں پر راز کے پردے مزید گہرے ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے استدلال پیش کیا کہ دہلی یونیورسٹی شہر کے ایک وکیل کی جانب سے حق جانکاری قانون کے تحت حاصل کی جانے والی معلومات کو مسترد نہیں کرسکتی اور یونیورسٹی کو وزیر اعظم کو مکتوب تحریر کر کے دستاویزات کی اجرائی کے لئے ان کی اجازت حاصل کرنی چاہئے ۔ اس سے وزیر اعظم کی ڈگری پر اسرار کے پردے مزید گہرے ہوگئے ہیں۔ اگر یونیورسٹی کا یہ احساس ہے کہ یہ خانگی معلومات ہیں تو اب آر ٹی آئی ایکٹ کے تحت یونیورسٹی کو وزیر اعظم کو مکتوب تحریر کرکے ان کی اجازت حاصل کرنی چاہئے ۔ دہلی یونیورسٹی اسے مستردنہیں کرسکتی ۔ انہوںنے یاد دلایا کہ صدر بی جے پی امیت شاہ اور وزیر فینانس ارون جیٹلی نے ان کی مبینہ فرضی ڈگریوں سے پیدا شدہ تنازعات پر مودی کی یہ کہتے ہوئے مدافعت کی تھی کہ دستاویزات حقیقی ہیں اور دہلی یونیورسٹی سے کوئی بھی اسے حاصل کرسکتا ہے۔ کجریوال نے ٹوئٹر پر پوچھا امیت شاہ اور جیٹلی جی نے کیوں کہا تھا کہ ڈگری حقیقی ہین اور کوئی بھی دہلی یونیورسٹی سے حاصل کرسکتا ہے ۔ آر ٹی آئی استفسار پر اپنے جواب میں دہلی یونیورسٹی نے مبینہ طور پر کہا کہ اسے ہر طالب علم کے راز کومحدود رکھنے کا حق حاصل ہے اور متعلقہ طالب علم کو ہی معلومات فراہم کی جاسکتی ہیں۔ سینئر اے اے پی لیڈر اشوتوش نے کہا کہ وزیر اعظم کی ڈگری کس طرح راز کا معاملہ ہوسکتا ہے ۔ اے اے پی ترجمان دلیپ پانڈے نے الزام عائد کیاکہ بی جے پی لوگوں کو تاریکی میں رکھ رہی ہے اور اپنے دستوری حقوق کی خلاف ورزی کررہی ہے ۔ دہلی یونیورسٹی کی وزیر اعظم کی ڈگری کو چھپانے کی کارروائی سے ایک بار پھر اسرار کے پردے گہرے ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی یونیورسٹی کا معلومات فراہم نہ کرنے کا فیصلہ شفافیت قانون کی خلاف ورزی ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں