جیہ للیتا کی بحیثیت تمل ناڈو وزیر اعلیٰ حلف برداری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-05-23

جیہ للیتا کی بحیثیت تمل ناڈو وزیر اعلیٰ حلف برداری

چینائی
پی ٹی آئی
انا ڈی ایم کے سربراہ جے جیہ للیتاٹاملناڈو کے چیف منسٹر کی حیثیت سے ریکارڈ چھٹی مرتبہ 23مئی کو حلف لیں گی ۔ ان کی تقریب حلف برداری کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔ گورنر کے روشیا مسز جے جیہ للیتا کو ان کی کابینہ کے28وزراء کے ساتھ عہدے اور رازداری کا حلف دلائیں گے ۔ تقریب حلف برداری مدراس یونیورسٹی کے اڈیٹوریم میں منعقد ہوگی۔ جے جیہ للیتا کی قیادت میں29رکنی کابینہ میں نئے اور پرانے سبھی چہرے شامل ہیں ۔ ان میں چیف منسٹر کے بشمول چار خواتین ہیں ۔ ٹاملناڈو کی کابینہ میں13نئے چہرے ہوں گے ۔ وی سروجا کوسماجی بہبود اور ایس ولر متی کو اقلیتی بہبود کا قلمدان دیا گیا ۔ تقریب کے لئے یونیورسٹی کو خوبصورتی سے سجایا گیا جب کہ وسیع سیکوریٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ اس تقریب میں مرکزی وزراء اور مختلف ریاستوں کے چیف منسٹرس کی شرکت متوقع ہے ۔ جے جیہ للیتا نے2011کے اسمبلی انتخابات میں ڈی ایم کے مخالف حکمراں لہر کا فائدہ اٹھاتے ہوئے شاندار کامیابی حاصل کی تھی ۔ بعد ازاں2016کے لوک سبھا انتخابات میں بھی انہوں نے شاندار کامیابی کا سلسلہ برقرار رکھا اور اسمبلی انتخابات میں بھی فتح حاصل کی ۔ جے جیہ للیتا نے مسلسل دوسری مرتبہ اقتدار کو برقرار رکھنے والی پہلی چیف منسٹر کی حیثیت سے تاریخ میں اپنا نام درج کروایا ۔ پارٹی کی کامیابی کا تمام تر سہرا تنہا ان ہی کے سرجاتا ہے ۔ مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو جے جیہ للیتا کی تقریب حلف برداری میں مرکز کی نمائندگی کریں گے ۔ جے جیہ للیتا نے وزیر اعظم نریندر مودی کو اپنی تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی تھی لیکن چونکہ وہ اس وقت ایران کے دورہ پر ہیں ، نائیڈو سے مرکزی حکومت کی نمائندگی کے لئے کہا گیا ہے ۔

Jayalalithaa to be sworn in as Tamil Nadu CM

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں