آندھرا کو خصوصی ریاست کا درجہ دیا جائے - وزیراعظم سے چندرا بابو کی گفتگو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-05-18

آندھرا کو خصوصی ریاست کا درجہ دیا جائے - وزیراعظم سے چندرا بابو کی گفتگو

نئی دہلی
اعتماد نیوز
آندھرا پردیش کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے کے معاملہ میں مرکز کی این ڈی اے حکومت پر مسلسل دباؤ بڑھتا جارہا ہے ، اسی کے ایک حصہ کے طور پر ریاست کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو جن کی تلگو دیشم پارٹی مرکز میں بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے کی حلیف جماعت بھی ہے ، نے آج دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی ۔ اس ملاقات کا اہم ایجنڈا خشک سالی تھا ، لیکن ریاست کو خصوصی درجہ دینے کے مسئلہ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ چیف منسٹر کے ہمراہ ریاستی وزیر فینانس وائی رام کرشنوڈو اور دیگر ریاستی عہدیدار تھے ۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش نے خشک سالی پر وزیر اعظم کو پاور پوائنٹ پر یزنٹیشن پیش کیا اور12موضوعات پر انہیں یادداشت حوالہ کی ۔ اس یادداشت میں آندھرا پردیش میں خشک سالی کی صورتحال کا احاطہ کیا گیا ۔ انہوں نے خشک سالی سے نمٹنے کے لئے مرکز سے امداد دینے کی خواہش کی اور ریاستی حکومت کی جانب سے شروع کردہ نیروچیٹو (پانی درخت) پر وگرام کے ساتھ ساتھ پولا ورم پراجکٹ کی تکمیل کے مسئلہ پربھی بات چیت کی گئی ۔ اس ملاقات میں ریاست کے مالی سال 2014-15کے مالی خسارہ کو کم کرنے کے اقدامات، اے پی کے نئے دارالحکومت امراوتی کی تعمیر کے لئے مالی امداد ، پولا ورم پراجکٹ کے لئے فنڈس ، ریاست کے سیما، آندھرا اور شمالی آندھرا خطہ کی ترقی کے لئے تعاون ، آندھرا پردیش تنظیم نو ایکٹ کے شیڈول9,10,13کے مطابق کارپوریشنس ، مختلف اداروں کی تقسیم ، حلقوں کی از سر نو حد بندی، اے پی کے لئے خصوصی پیکیج، تعلیمی اداروں کے لئے مالی امداد اور ریاست میں نئے مرکزی اداروں کے قیام کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کیا گیا ۔ چندرا بابو نائیڈو نے وزیر اعظم نریندر مودی سے تقریبا بیس منٹ بات چیت کی ۔

AP CM Chandrababu Meets PM Modi Over Special Status

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں