ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں NEET کے ذریعہ ہی داخلے - سپریم کورٹ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-04-30

ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں NEET کے ذریعہ ہی داخلے - سپریم کورٹ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
سپریم کورٹ نے آج کہا کہ ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کورسس میں تعلیمی سال برائے2016-17ء کے لئے داخلے قومی اہلیتی داخلہ امتحان(NEET) کے ذریعہ ہی ہوں گے اور یہ امتحان شیڈول کے مطابق یکم مئی اور24ولائی کو منعقد کیا جائے گا۔ عدالت بالا نے آج صبح اشارہ دیا کہ وہ کل کے حکمنامہ میں تبدیلیاں لائے گی تاہم بعد میں اس نے کہا کہ آج اس کی سماعت کے لئے کوئی بنچ نہیں ہے ۔ عدالت نے کہا کہ وہ اگلی سماعت کے دوران تبدیلیوں کے مسئلہ پر غور کرے گی جب فریقین اس سلسلہ میں اپنی درخواستیں داخل کریں گے۔ جسٹس اے آر داوے نے جن کی بنچ پر اٹارنی جنرل مکل روہتگی نے کہا کہ امتحان منعقد ہونے دیاجائے اور فریقین کو درخواست داخل کرنے کا موقع دیاجائے ۔ جج نے کہا کہ آج اس معاملہ کی سماعت نہیں ہوگی کیونکہ وہ ایک مختلف بنچ پر بیٹھے ہوئے ہیں ۔ قبل ازیں دن میں مرکز عدالت بالا سے رجوع ہوا اور کل کے حکمنامہ میں تبدیلی کی خواہش کی جس میں تعلیمی سال2016-17ء کے لئے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلوں کے لئے علیحدہ امتحان منعقد کرنے کی ریاستی حکومتوں اور خانگی کالجوں کو اجازت دینے کی خواہش کی ۔ بنچ نے اشارہ دیا کہ وہ اس معاملہ کی سماعت دن میں کرے گی لیکن بعد میں کہاکہ بنچ دستیاب نہیں ہے اس لئے اس معاملہ کی سماعت آج نہیں ہوسکتی۔ اٹارنی جنرل مکل روہتگی نے مشورہ دیا تھا کہ عدالت نے کل کے اپنے فیصلہ میں NEETکو یکم مئی اور 24جولائی کو دو مرحلوں میں منعقد کرنے کا فیصلہ سنایا تھا ، لیکن چند حقیقی دشواریوں کی وجہ سے اس حکمنامہ میں تبدیلی کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے مشورہ دیا تھا کہNEETکا پہلا مرحلہ جو یکم مئی کو منعقد ہونے والا ہے اسے برخاست کردیاجائے اور تمام طلباء کو24جولائی کو ہونے والے امتحان میں شرکت کا موقع دیاجائے ۔ روہتگی نے کہا کہ طلباء میں کل کے فیصلہ کے تعلق سے کافی الجھن پائی جارہی ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں