زیورات پر عائد اکسائز ڈیوٹی سے دستبرداری ناممکن - جیٹلی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-04-29

زیورات پر عائد اکسائز ڈیوٹی سے دستبرداری ناممکن - جیٹلی

نئی دہلی
یو این آئی
مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی نے آج واضح الفاظ میں کہا کہ غیر چاندی زیورات پر ایک فیصد اکسائز ڈیوٹی صرف چھ کروڑ سے زیادہ روپئے کے سالانہ کاروبار والے صرافوں پر نافذ کی گئی ہے اور اسے واپس نہیں لی جائے گی ۔ ساتھ ہی انہوں نے تیقن دیا کہ کسی بھی جیویلر کو تحقیقات کے نام پر پریشان نہیں کیاجائے گا۔ وزیر فینانس نے ان زیورات پر اکسائز ڈیوٹی کو حق بجانب قرار دیتے ہوئے یہ بھی واضح کیا کہ روایتی کاریگروں کو حکومت کی جانب سے تکلیف دینے کی کوئی منشا نہیں ہے لیکن اب عوما کو پر تعیش اشیاء پر ٹیکس دینے کی عادت ڈال لینی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر پر تعیش اشیاء پر ٹیکس نہیں دیاجائے گا تو اس کا بوجھ اشیائے ضروریہ پر جو ڑ کر عوام سے وصول کیاجائے گا۔ ارون جیٹلی نے کانگریس کے لیڈر راج ببر کے غیر چاندی کے زیورات پر ایک فیصد اکسائز ڈیوٹی لگائے جانے سے صرافہ کارباریوں میں غصہ پر راجیہ سبھا میں پیش کی گئی توجہ دلاؤ تحریک کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ غلط تشہیر کی جارہی ہے کہ اس سے چھوٹے جوہری اور اس شعبہ میں کا م کرنے والے دستکار اور کاریگر پر اثر پڑے گا ۔ انہوں ںے کہا کہ کسی بھی چھوٹے جوہری یا کاریگر کا سالانہ کاروبار چھ کروڑ روپے سے زیادہ نہیں ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایک بار اشیاء و سرویس ٹیکس (جی ایس ٹی) نافذ ہوجانے کے بعد اکسائز ڈیوٹی خود بخود ہٹ جائے گی۔ وزیر فینانس کے جواب سے غیر مطمئن کانگریس اور سماج وادی پارٹی کے اراکین نے ایوان سے واک آؤٹ کیا ۔ سماج وادی پارٹی کے اراکین نے کہا کہ حکومت اپنی ضد پر قائم ہے اس لئے وہ ایوان سے واک آؤٹ کررہے ہیں ۔ ارون جیٹلی نے کہا کہ اس ٹیکس کو ہٹانے کے لئے چھوٹے صرافوں اور دستکاروں کا سہارا لینا غلط ہے ۔یہ اکسائز ڈیوٹی صرف بڑے صرافوں پر اور اس شعبہ کی بڑی کمپنیوں پر عائد کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ یقین دلانا چاہتے ہیں کہ کسی بھی دکان پر محکمہ اکسائز کا کوئی عہدیدار تحقیقات کے لئے نہیں جائے گا اور جیویلرس کو یہ ٹیکس اپنے ویٹ ریٹرن کی بنیاد پر ہی دینا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی عہدیدار تحقیقات کے لئے دکانات پر آتا ہے تو اس کی تصویر اتار کر مجھے بھیج دیں ۔ انہوں نے کہا کہ جیویلرس کو پریشانی نہ ہو ں اس لئے حکومت نے ماہر اقتصادیات اشوک لاہٹری کی قیادت میں ایک کمیٹی بنائی ہے اور اس میں جیویلرس کے بھی تین نمائندے رہیں گے ۔ حکومت اس کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر آگے بھی قدم اٹھانے کو تیار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے دائرے مین آنے والے جیویلرس کے رجسٹریشن کی تاریخ بڑھا کر30جون تک کردی ہے ۔ اب تک صرف206جیویلرس نے ہی اپنا رجسٹریشن کرایا ہے ۔

Arun Jaitley rules out rollback of excise duty on jewellery

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں