کولکتہ میں زیر تعمیر فلائی اوور منہدم - 21 ہلاک اور 88 زخمی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-04-01

کولکتہ میں زیر تعمیر فلائی اوور منہدم - 21 ہلاک اور 88 زخمی

کولکتہ
پی ٹی آئی
کولکتہ کے گنجان علاقہ کے ایک چوراہے پر زیر رتعمیر فلائی اوور کے انہدام میں کم ا ز کم21افراد ہلاک اور 88سے زائد زخمی ہوگئے ۔ غیر توثیق شدہ ذرائع نے مہلوکین کی تعداد بائیس بتائی ہے ۔ فلائی اوور کے بلڈر نے اسے قہر الہی قرار دیا ۔ حکومت مغربی بنگال نے سانحہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔ اس سانحہ پر ممتا بنرجی کی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان الزام تراشی کا کھیل شروع ہوگیا ہے ۔ ترنمول کانگریس نے کہا کہ بائیں بازو کی حکومت کے دور میں فلائی اوور کی تعمیر کا آغاز ہوا چنانچہ وہی انہدام کی ذمہ دار ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ بڑا بازار علاقہ میں یہ سانحہ پیش آیا جہاں شہر کی سب سے بڑی ہول سیل مارکٹ ہے ۔ دو پولیس جوان اور ٹریفک کا ایک جوان شدید زخمی ہوگئے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ78سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جب کہ متعدد دیگر ملبہ میں پھنسے ہوئے ہیں۔ پولیس نے بلڈر وی آر سی ایل کے مقامی دفتر کو مہر بند کردیا ہے اور تعزیرات ہند کی دفعات304,308اور407کے تحت کمپنی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ متعدد گاڑیاں، کنکریٹ اور لوہے کے ملبہ کے نیچے کچل گئیں ۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں لوگوں ، کاروں، آٹو رکشاؤں اور ہاکرس کو منہدم ڈھانچے کے نیچے پھنسا ہوا دکھایا گیا ہے ۔ چند لوگ جو وہاں سے بھاگنے کی کوشش کررہے تھے وہ بھی پھنس گئے ۔ فوٹیج میں خون میں لت پت ایک ہاتھ کو دکھایا گیا جو مدد کے لئے اشارے کررہا تھا۔ لوگوں نے اسے پانی کی بوتلیں دیں ۔ چیف منسٹر ممتا بنرجی اور گورنر کے این ترپاٹھی نے مقام واقعہ کا دورہ کیا۔ گورنر نے ریاستی حکومت سے واقعہ پر رپورٹ طلب کی ہے ۔ بچاؤ اور راحت کاری میں فوج کے300ارکان کے علاوہ این ڈی آر ایف، اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ، سٹی پولیس اور فائر بریگریڈ عملہ کے عہدیدار اور ارکان منہمک ہیں ۔ چیف منسٹر ممتا بنرجی نے تیقن دیا کہ کنسٹرکشن کمپنی کے عہدیداروں کے خلاف سخت کاروائیاں کی جائیں گی اور ذمہ داروں کو ہرگز بخشا نہیں جائے گا ۔ ممتا بنرجی، مغربی بنگال کے ضلع مدنا پور میں اپنی انتخابی مہم مختصر کر کے فوری کولکتہ پہنچیں ۔ ریاستی چیف سکریٹری باسودیب بنرجی نے مہلوکین کے خاندان کو فی کس پانچ لاکھ روپے معاوضہ کا اعلان کیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ شدید زخمیوں کو تین لاکھ روپے اورمعمولی زخمی افراد کو ایک لاکھ روپے معاوضہ دیاجائے گا۔ حکومت، علاج معالجہ کے تمام اخراجات برداشت کرے گی ۔ 2.2کلو میٹر طویل فلائی اوور کی تعمیر2009میں شروع ہوئی تھی۔ ان دنوں ریاست میں متحدہ محاذ حکومت تھی ۔ زخمیوں اور نعشوں کو ملبوں سے نکالنے کے لئے بھاری بچاؤ کی گاڑیوں کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں ۔ یہ حادثہ دوپہر کو رابندراسرانی اور کے کے ٹیگور اسٹریٹ چوراہے پر پیش آیا۔ فلائی اوور کے نیچے خوانچہ فروشوں کی قطار لگی رہتی ہے جب کہ یہاں گاڑیاں بھی پارک کی جاتی ہیں ۔وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور دیگر مرکزی قائدین نے اس حادثہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں ہر نوعیت کے مرکزی تعاون کی پیشکش بھی کی ۔ نریندر مودی، سرکاری دورہ پر امریکہ کے لئے روانہ ہوچکے ہیں جب کہ راج ناتھ سنگھ، مغربی بنگال میں بی جے پی امید واوروں کے لئے انتخابی مہم چلارہے ہیں ۔ ریاست میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔انہوں نے نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کے ڈائرکٹر جنرل اوپی سنگھ کو بچاؤ کار عملہ روانہ کرنے کی ہدایت دے دی ہے۔ انہوں نے انسانی زندگیوں کے زیاں پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

Kolkata flyover collapse

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں