کانگریس کے خلاف ملک گیر تحریک کے آغاز پر زور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-03-28

کانگریس کے خلاف ملک گیر تحریک کے آغاز پر زور

سورت
پی ٹی آئی
راہول گاندھی کے اس ریمارک پر کہ گاندھی ہمارے ہیں، ساورکر تمہارے ہیں ان کو نشانہ بناتے ہوئے بی جے پی صدر امیت شاہ نے بی جے پی کیڈر سے کہا ہے کہ وہ قوم پرستی کے مسئلہ پر کانگریس کے خلاف ملک گیر تحریک کا آغاز کریں ۔ شاہ نے یہاں بی جے پی کے زیر اہتمام منعقدہ ایک کسان ریالی سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس کو تو اب ہمارے قومی ہیروز کی توہین پر اتر آئی ہے۔ کانگریس اور راہول گاندھی اب ساور کر کو نشانہ بنارہے ہیں ۔ راہول جی نے ساورکر کے بارے میں تحقیر ی الفاظ استعمال کئے ہیں ۔ راہول گاندھی نے پارلیمنٹ میں بی جے پی سے کہا تھا کہ ساورکر ہمارے( بی جے پی کے) ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ راہول جی میں آپ کے خیالات کو قبول کرتا ہوں ۔ بی جے پی ورکرس کو یہ قبول کرنے میں کوئی جھجھک نہیں ہے کہ ساورکر ہمارے ہیں ۔ راہول جی آپ ساورکر کے بارے میں کچھ بھی نہیں جانتے ۔ بی جے پی ساورکر کی زندگی اور ملک کے لئے ان کی محبت سے تحریک لیتے ہیں ۔ ہمیں فخر ہے کہ ان جیسا شخص ہندوستان میں پیدا ہوا ۔ رواں ماہ کے اوائل میں لوک سبھا میں ایک بحث میں حصہ لینے کے دوران راہول گاندھی نے ساورکر کا حوالہ دیا تھا ۔ انہوں نے سرکاری بنچوں سے کہا تھا کہ ہم گاندھی رکھتے ہیں، اور آپ ساورکر رکھتے ہیں ۔ بی جے پی ارکان کے احتجاج کرنے پر کانگریس قائد نے کہا کہ میں نے صرف اتنا کہا تھاکہ گاندھی ہمارے ہیں اور ساورکر تمہارے۔ کیا میں نے کچھ غلط کہا ہے ۔ کیا ساورکر آپ کے نہیں ہیں ۔ کیا آپ نے انہیں نکال پھینکا ۔ اگر آپ نے ایسا کیا ہے تو آپ نے ایک اچھا کام کیا ہے ۔ انہوں نے مجاہد آزادی بھگت سنگھ اور جے این یو اسٹوڈنٹ یونین کے صدر کنہیا کمار کے درمیان متوازی خط کھینچنے کے ریمارک پر کانگریس کے سینئر قائد ششی تھرور پر بھی سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ آپ اب بھگت سنگھ کا کنہیا کمار سے تقابل کررہے ہیں ۔ آپ ان کی تائید کررہے ہیں جو ہندوستان کو ٹکڑے ٹکڑے کرنا چاہتے ہیں ۔ آپ بھگت سنگھ اور ساور کر کی توہین کررہے ہیں اور ہم سے کہہ رہے ہیں کہ ساور کر ہمارے ہیں ۔ ہم آپ سے کہنا چاہتے ہیں کہ در حقیقت ساورکر ہمارے ہیں۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ راہول جی نے اپنی دادی کے بارے میں نہیں پڑھا ۔ اندرا گاندھی نے ساورکر کی یادگار تعمیر کرنے کے لئے اپنی بچت سے11ہزار روپے کا عطیہ دیا تھا ۔ تاہم راہول گاندھی یہ بات نہیں جانتے ۔ قوم پرستی کے مسئلہ پر کانگریس کے خلاف ملک گیر تحریک چلانے پر زور دیتے ہوئے شاہ نے کہا کہ کانگریس نے قوم پرستی کے مسئلہ پر تعجب خیز بحث شروع کی ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں