سوڈان کے اسلام پسند سیاست داں حسن ترابی کا انتقال - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-03-07

سوڈان کے اسلام پسند سیاست داں حسن ترابی کا انتقال

Sudan-Islamist-leader-Hassan-alTurabi
خرطوم
رائٹر
سوڈان کے مشہور و اسلام پسند سیاستداں حسن الترابی کا انتقال ہوگیا ہے۔ وہ84سال کے تھے۔ اسپتال کے ذرائع نے بتایا ہے کہ حسن الترابی کا انتقال حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوا ہے۔ ترابی ملک کے سب سے زیادہ با اثر سیاسی افراد میں شمار کئے جاتے تھے ۔ انہوں نے پاپولر کانگریس پارٹی( پی سی پی) کا قیام کیا تھا اور حکمراں نیشنل کانگریس پارٹی کے ساتھ انہوں نے اتحاد بھی قائم کیا تھا۔ ترابی کو1996ء میں پارلیمنٹ کا اسپیکر منتخب کیا گیا ۔ انہیں پی سی پی کے قیام کے بعد کئی بار جیل بھی جانا پڑا تھا ۔ انہوں نے سوڈان میں اپوزیشن کے رہنما اور صدر عمر البشیر کی اقتدار میں آنے میں مدد بھی کی تھی ۔1989ء میں جب عمر البشیر نے اقتدار سنبھالا تو حسن الترابی ان کے اہم اتحادی تھے۔ عمر البشیر کی حکومت کے پہلے دو برسوں میں حسن الترابی کے حقیقی رہنما رہے اور ان کا اثر سوڈان کی سرحدوں سے باہر بھی رہا۔ ان کے انتقال کا اعلان سوڈان کے سرکاری ٹی وی پر کیا گیا جس میں انہیں معروف اسلامی سوچ رکھنے والی شخصیت کہا گیا۔ ان کے انتقال کی تصدیق ان کی جماعت نے بھی کی ہے۔ حسن ترابی 1932ء میں سوڈان کے شہر کسلا میں پیدا ہوئے ۔ وہ ایک مقامی امام کے فرزند تھے ۔ انہوں نے1951ء سے1955ء تک خرطوم یونیورسٹی میں قانون کی تعلیم حاصل کی۔1957ء میں آکسفورڈ یونیورسٹی لندن سے ماسٹرز کیا اور پھر1964 میں پیرس کی سوربون یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ۔ وہ عربی، انگریزی ، فرانسیسی اور جرمن چار زبانوں پر عبور رکھتے تھے ۔ حسن ترابی خرطوم یونیورسٹی میں بطور استاد مقرر ہوئے بعد ازاں کلیہ قانون کے ڈین اور پھر سوڈان کے وزیر انصاف بن گئے۔1988ء میں انہیں سوڈان کا وزیر خارجہ مقرر کیا گیا ۔1996ء میں وہ سوڈانی پارلیمنٹ کے اسپیکر منتخب ہوئے اور1998ء میں حکمراں پارٹی نیشنل کانگریس کے سکریٹری کے طور پر ان کا چناؤ عمل میں آیا۔

Prominent Sudanese politician Hassan al-Turabi dies at 84

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں