علی گڑھ یونیورسٹی کے مراکز غیر قانونی - سمرتی ایرانی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-03-04

علی گڑھ یونیورسٹی کے مراکز غیر قانونی - سمرتی ایرانی

علی گڑھ
پی ٹی آئی
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر لیفٹننٹ جنرل(ریٹائرڈ) ضمیر الدین شاہ نے آج کہا کہ مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی نے9جنوری کو چیف منسٹر کیرالا کے ساتھ میٹنگ میں کہا کہ کیرالا، مغربی بنگال اور بہار میں اے ایم یو کے مراکز غیر قانونی طور پر قائم کئے گئے اور ان کی وزارت کی جانب سے فنڈ نہیں دیاجائے گا۔ ان اطلاعات کے بعد کہ ایرانی نے چنڈی کے ساتھ اپنے دفتر پر منعقد اجلاس میں ضمیر الدین شاہ کی اہانت کی ، علی گڑھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر نے آج اس تنازعہ پر ماحول صاف کرنے کی کوشش کرتے ہوئے ایک بیان جاری کیا۔ انہوں نے کہا 1971ء کی لونگے والا لڑائی کے ایک ویٹرن کی اہانت کرنا آسان نہیں ہوگا جس نے اپنی زندگی کے40بہترین سال فوج میں پنجاب اور شمال مشرقی ہندوستان میں شورش سے لڑتے ہوئے اور مختلف فسادات میں فرقہ وارانہ جذبات کو ٹھنڈا کرتے ہوئے گزارے ہیں ۔ انہوںنے کہا صحافت اور سوشل میڈیا میں وزیر فروغ انسانی وسائل کی9جنوری کو ایک میٹنگ کے بارے میں اطلاعات ہیں، یہ افسوسناک بات ہے کہ ان افشا شدہ رپورٹس کا مقصد ایک تنازعہ پیدا کرتے ہوئے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی امیج کو مجروح کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ9جنوری کو اومن چنڈی کی ایما پر کیرالا میں اے ایم یو سنٹر کو فنڈنگ کے مسئلہ پر سمرتی ایرانی سے ملنے گئے تھے اور عین وقت پر میٹنگ کا مقام تبدیل کیا گیا، اس لئے وہ بر وقت نہیں پہنچ سکے تھے ۔ میٹنگ کے بعد چنڈی نے مجھے بتایا کہ وزیر فروغ انسانی وسائل اس بات پر مصر ہیں کہ اے ایم یو کے مراکز کو غیر قانونی طور پر قائم کیا گیا ہے اور وزارت فروغ انسانی وسائئل کی جانب سے اسے فنڈ نہیں دیاجائے گا حالانکہ انہیں بتایا گیا کہ یہ مراکز اعلیٰ ترین فیصلہ ساز اداروں اے ایم یو کی مجلس عاملہ اور عدالت ، حکومت ہند اور ویزیٹر (صدر جمہوریہ ہند) کی جانب سے منظورہ ہیں ۔ ضمیر الدین شاہ نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتاہے کہ اے ایم یو کے بعض مایوس سابق طلباء نے وزیر فروغ انسانی وسائل کو یہ غلط تاثر پہنچایا ہے کہ یہ مراکز غیر قانونی ہیں۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ اس ہفتہ کے اواخر میں وہ وزیر اعظم نریندرمودی سے ملاقات کر کے یونیورسٹی سے متعلق تمام مسائل کی یکسوئی کی اپیل کریں گے ۔ بعد ازاں شاہ نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ناکافی اور غیر مساوی فنڈنگ کے مسئلہ سے کچھ عرصہ سے اے ایم یو کو مشکل ہورہی ہے ۔ بنارس ہندو یونیورسٹی کے مقابلہ میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کو کم فنڈ جاری کئے گئے ہیں ۔

Smriti Irani said all AMU centres are illegal: Vice-Chancellor

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں