وزیر اعظم پر شخصی حملے کرنے کا الزام - راہول گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-03-05

وزیر اعظم پر شخصی حملے کرنے کا الزام - راہول گاندھی

گوہاٹی
پی ٹی آئی
راہول گاندھی نے آج وزیر اعظم نریندر مودی پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے لوک سبھا میں اپنی تقریر میں ان پر شخصی حملے کئے اور کہا کہ آسام کے عوام آنے والے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کا بوریا بستر گول کردیں گے جس طرح انہوں نے بہار میں ان کے ہم منصبوں کے ساتھ کیا۔ کانگریس کے نائب صدر نے کہا کہ مودی نے کل انہیں نشانہ تنقید بنایا تاہم ان سوالات کا جواب نہیں دیا جو انہوں نے چہار شنبہ کو اپنی تقریر میں ان سے کئے تھے۔ راہول نے وزیر اعظم کے نان اسٹاپ جھوٹے وعدوں کو ایک بار پھر تنقیدوں کا نشانہ بنایا۔ ایک ایسے وقت جب کہ بی جے پی کئی علاقائی جماعتوں کے ساتھ اتحاد کررہی ہے تاکہ ہندو ووٹ کو متحد کیاجاسکے ، راہول گاندھی نے دعویٰ کیا کہ اپوزیشن اتحاد، اس بھائی چارہ اور ترقی کو ملیا میٹ کردے گا جو آسام میں کانگریس کے15سالہ دور اقتدار میں ہوئی ہے ۔ راہول گاندھی نے کہا انہوں نے اپنی سوا گھنٹے طویل تقریر میں مجھ پر شخصی حملے کیئے۔ انہوں نے اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کے اقوال مجھے سنائے لیکن میں نے ان سے جو سوالات کئے تھے ان میں سے کسی کا جواب نہیں دیا ۔ میں ان کا احترام کرتا ہوں وہ ملک کے وزیر اعظم ہیں ۔ میں نے ان سے چار سوالات پوچھے تھے لیکن انہوں نے اس کا جواب نہیں دیا۔ راہول نے کہا کہ آپ مجھ پر جتنے چاہیں شخصی حملے کرلیں اور اس کا مزہ لیں لیکن میرے چاروں سوالات کا جواب ضرور دیں ۔ انہوں نے میک ان انڈیا سے ملنے والے روزگار ، کالا دھن برآمد کرنے حکومت کی جانب سے شروع کی گئی اسکیم جسے انہوں نے فیر اینڈ لولی اسکیم قرار دیا تھا اور اپنے دیگر سوالات کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بات کہی ۔ مودی نے کل کانگریس قائد کو طعنہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ بعض لوگوں کی عمر تو بڑھ جاتی ہے لیکن ان کی سمجھ نہیں بڑھ پاتی ۔مودی نے کہا تھا کہ اپوزیشن احساس کمتری میں مبتلا ہے ۔ راہول گاندھی نے ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے آسام کے عوام سے وعدے کرنے کے علاوہ اور کچھ نہیں کیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ کانگریس نے اپنے وعدے پورے کئے ہیں۔ انہوں نے ریلوے بجٹ کا حوالہ دیا اور کہا کہ اس میں ریاست کے لئے کچھ نہیں ہے بی جے پی بہت سارے وعدے کرتی ہے جیسے وہ پندرہ لاکھ روپے دیں گے، نوجوانوں کو روزگار دیں گے اور کسانوں کو پچاس روپے سے زائد اقل ترین امدادی قیمت دیں گے لیکن جب ان کی حکومت آئی تو انہوں نے کیا کیا۔ انہوں نے کسانوں کی زمینیں چھیننے کی تین مرتبہ کوشش کی لیکن ہم نے انہیں روک دیا ۔ راہول گاندھی بظاہر حکومت کی جانب سے لائے گئے اراضی آرڈیننس کا حوالہ دے رہے تھے ۔ اس دوران نئی دہلی سے موصولہ یو این آئی کی اطلاع کے مطابق مرکزی وزیر فینانس ارون جیٹلی کی جانب سے کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے کئے گئے سوالات کہ وہ کتنا جانتے ہیں، کب ان کی سمجھ میں بات آئے گی ، کا جواب دیتے ہوئے اپوزیشن جماعت نے آج جوابی وار کیا اور متنازعہ مسائل پر وزیر اعظم نریندر مودی کی خاموشی و بے عملی پر تنقید کرتے ہوئے کہا وہ کتنا سنتے ہیں اور وہ کب سنیں گے۔”

Rahul Gandhi accuses Modi of launching personal attacks at him

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں