غیر ملکی تنظیم کو مذہبی آزادی کا فیصلہ کرنے کا حق نہیں - ہندوستانی سفارتخانہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-03-08

غیر ملکی تنظیم کو مذہبی آزادی کا فیصلہ کرنے کا حق نہیں - ہندوستانی سفارتخانہ

واشنگٹن
یو این آئی
ہندوستان نے امریکہ کے بین الاقوامی مذہبی آزادی کمیشن کے وفد کو ویزا نہ دینے کے اپنے فیصلہ کو مبنی بر انصاف ٹھہراتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے یہاں مذہبی آزادی کے بارے میں فیصلہ کرنے کا حق کسی غیر ملکی تنظیم کو نہیں دے سکتا ۔ جمعرات کو امریکہ کے بین الاقوامی مذہبی آزادی کمیشن کے صدر نے کہا تھا کہ ہندوستان نے کمیشن کے وفد کو اپنے یہاں سفر کا ویزا دینے سے انکار کردیا ہے ۔ کمیشن وہاں مذہبی آزادی کی صورتحال اور اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک کا پتہ لگانے کے لئے اپنا وفد کو بھیجنا چاہتا تھا۔ واشنگٹن میں واقع ہندوستانی سفارتخانہ نے کہا ہے کہ وہ ویزا نہ دینے کے سلسلہ میں امریکی کمیشن کے صدر کے بیان سے واقف ہے۔ سفارتخانہ نے کہا کہ ہندوستان کو اس مسئلہ پر نظر ثانی کی ضرورت نہیں ہے ۔ اس سلسلہ میں حکومت ہند کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے ۔ سفارتخانہ نے مزید کہا ہے کہ ہندوستانی معاشرہ رنگا رنگی اور تنوع سے بھرا ہوا تکثیری معاشرہ ہے اور ملک کا آئین تمام شہریوں کو بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے جس میں مذہبی آزادی بھی شامل ہے ۔ کسی غیر ملکی تنظیم کو ہندوستانی شہریوں کے حقوق کی حفاظت کے سلسلہ میں فیصلہ کا حق نہیں ہے ۔ بین الاقوامی مذہبی آزادی کمیشن نے اپنی تازہ رپورٹ میں کہا ہے کہ ہندوستان تکثیری اور سیکولر جمہوری ملک ہے لیکن اسے اپنی مذہبی اقلیتوں کی حفاظت یا انہیں انصاف فراہم کرنے کے لئے طویل جدو جہد کرنا پڑا ہے ۔ کمیشن نے کہا ہے کہ وہاں مذہب کی بنیاد فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات ہورہے ہیں اور موجودہ حکومت کے بر سر اقتدار آنے کے بعد ان میں تشویشناک اضافہ ہوا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں