حکومت کی مکمل ناکامی پر وزیراعظم مایوس - پرکاش کرت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-27

حکومت کی مکمل ناکامی پر وزیراعظم مایوس - پرکاش کرت

نئی دہلی
پی ٹی آئی
سی پی آئی ایم نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کے اس الزام کا جواب دیا کہ ناراض غیر سرکاری تنظیمیں اور کالا بازاری کرنے والے حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی سازش رچ رہے ہیں ۔ پارٹی نے کہا کہ یہ کوئی سازش نہیں بلکہ ان کی حکومت کی مکمل ناکامی ہے جس پر وہ جھنجھلا رہے ہیں ۔ سی پی آئی ایم نے مودی کو یہ کہنے پر نشانہ بنایا کہ بعض لوگ اس حقیقت کو ہضم نہیں کرپارہے ہیں کہ ایک چائے فروش وزیر اعظم بن گیا ہے اور اسی لئے وہ انہیں گرانے کی سازشیں رچتے رہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قائد کو اقتدار پر آئے ہوئے محض دو سال ہوئے ہیں اور وہ ذہنی دباؤ اور مایوسی کی علامتیں ظاہر کرنے لگے ہیں ۔ سی پی آئی ایم کے سابق جنرل سکریٹری پرکاش کرت نے کہا کہ مودی کا یہ طرز عمل نیا نہیں ہے کیونکہ ماضی میں بھی کئی وزرائے اعظم نے کہا ہے کہ بیرونی اور داخلی طاقتیں ان کی حکومتوں کو غیر مستحکم کرنے کی کوششیں کررہے ہیں ۔ پرکاش کرت نے پارٹی کے ترجمان پیپلز ڈیمو کریسی کے ایک اداریہ میں کہا کہ یہ واضح نہیں ہے کہ کونسا بیرونی ہاتھ ان کی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی سازش رچ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کام امریکیوں کا نہیں ہوسکتا کیونکہ وہ وزیر اعظم کو اپنا حلیف تصور کرتے ہیں ۔ کمیونسٹ قائد نے کہا کہ حکومت کو گرانے اپوزیشن کے متحد ہونے کا بھی کوئی خطرہ نہیں ہے کیونکہ حکمراں جماعت کو لوک سبھا میں بھاری اکثریت حاصل ہے ۔ اگر غیر سرکاری تنظیموں کے مودی حکومت کے لئے خطرہ بننے کی بات کہی جائے تو یہ ایک مضحکہ خیز بیان ہے ۔ وزیر اعظم کو جو چیز جھنجھلاہٹ میں مبتلا کررہی ہے وہ ان کی حکومت کو گرانے کی سازش نہیں بلکہ تمام محاذوں پر ان کی حکومت کی مکمل ناکامی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی مبینہ ناکامیوں کی فہرست کافی طویل ہے اور سب سے سنگین ناکامی معاشی محاذ پر ہوئی جس میں زرعی بحران ، گھٹتی صنعتی پیداوار بر آمدات میں کمی اور بڑھتی بیروزگاری شامل ہے۔ ایسی صورتحال میں حکومت اور بی جے پی نے مخالفین کو کچلنے اور یونیورسٹی کیمپسس میں ہندو اقدار کو پھیلانے کی کوشش شروع کررہی ہے ۔ کیمپسس میں ملک دشمن عناصر کی موجودگی کے الزامات حکومت کے خلاف سازش کے نظریہ کو غلط ثابت کرتے ہیں ۔

Modi frustrated by 'abject failure' of govt: CPI (M)

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں