منصف نیوز بیورو
پرانے چہر کے بلدی ڈیویژن پرانا پل میں جمعہ5فروری کو دوبارہ رائے دہی منعقد کرنے کا فیصلہ کیاگیا ۔ کمشنربلدیہ عظیم تر حیدرآباد الیکشن اتھاریٹی ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے اسٹیٹ الیکشن کمیشن کی ہدایت سے اس فیصلہ کا اعلان کیا ۔ جمعہ کے دن صبح سات بجے تا شام پانچ بجے رائے دہی منعقد کی جائے گی ۔ جملہ36مراکز رائے دہی پر34,413رائے دہندگان، جن میں مرد رائے دہندگان کی تعداد18206اور خاتون رائے دہندگان کی تعداد16204اوردیگر کی تعداد تین ہے ۔ حق رائے دہی سے استفادہ کریں گے ۔ منگل کو منعقدہ رائے دہی کے دوران پرانے پل ڈیویژن میں رائے دہی کا تناسب54.08فیصد درج کیا گیا تھا ۔ جملہ18609افراد نے حق رائے دہی سے استفادہ کیا تھا ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ 2فروری کو منعقدہ جی ایچ ایم سی انتخابات میں کانگریس اور مجلس کے قائدین کے درمیان جھڑپ ہوئی تھی۔ مجلس رکن اسمبلی احمد پاشاہ قادری اور کانگریس کے پرانا پل کے امید وار محمد غوث کو پولیس نے احتیاطی طور پر گرفتار کرلیا تھا ۔ دوسری طرف مجلس کے کارکنوں نے میر چوک پولیس اسٹیشن کے سامنے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمارریڈی اور کونسل میں قائد اپوزیشن محمد علی شبیر پر حملہ کرتے ہوئے انہیں زخمی کریدا ۔ ان واقعات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کانگریس کی قیادت میں کل جماعتی وفد نے اسٹیٹ الیکشن کمیشن اور گورنر سے تحریری نمائندگی رکتے ہوئے حملہ میں ملوث خاطی افراد کی گرفتاری اور پرانا پل حلقہ میں دوبارہ رائے دہی کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔ گزشتہ شب اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے تمام واقعات کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد اس نتیجہ پر پہنچا ،کہ مجلس اور کانگریس کارکنوں کے درمیان ٹکراؤ کے بعد خوف کاماحول پیدا ہوگیا اور عوام کھلے ذہن اور پر امن ماحول میں حق رائے دہی سے استفادہ کرنے کے موقف میں نہیں تھے ۔ اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بڑے پیمانے پر دھاندلیاں کی گئی جب کہ پرانا پل حلقہ میں سہ پہر تین بجے تک صرف 30تا35فیصد رائے دہی درج کی گئی تھی اور آخری دو گھنٹوں میںرائے دہی کا فیصد54.08تک پہنچ گیا۔ ان تمام باتوں کے پیش نظر اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے رات دیر گئے اس نتیجہ پر پہنچا کہ پرانا پل حلقہ میں5فروری کو صبح سات بجے تا شام پانچ بجے مکرر رائے دہی کرائی جائے گی۔ کمشنر جی ایچ ایم سی ڈاکٹربی جناردھن ریڈی نے کہا کہ پرانا پل میں دوبارہ رائے دہی کے لئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ تمام مراکز رائے دہی کی ویب کاسٹنگ اور سی سی کیمروں کے ذریعہ نگرانی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ کے رائے دہندوں کو اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کرنے کے لئے ووٹر سلپ ساتھ لانے کی ضرورت نہیں ہے۔ ان کی مدد کے لئے بلپ ڈیکس قائم کئے گئے ہیں۔ رائے دہنگان کو اپنی شناخت ظاہر کرنے کے لئے الیکشن کمیشن کی جانب سے تسلیم شدہ21تصویری شناختی کارڈوں میں سے کسی ایک شناختی کارڈ کو ساتھ لانا ہوگا ۔ ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے کہا کہ پرانا پل میں دوبارہ رائے دہی منعقد کرنے کے فیصلہ سے دیگر وارڈس کی ووٹوں کی گنتی تاخیر سے شروع کی جائے گی ۔ شہر میں چوبیس مختلف مراکز پر کل جمعہ کو تین بجے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا آغاز ہوگا، ووٹوں کی گنتی کے پہلے مرحلے میں پوسٹل بیالٹس کی گنتی ہوگی اور بعد میں ای وی مشینیں کھولی جائیں گی ۔ کمشنر بلدیہ نے کہا کہ شام ساڑھے پانچ بجے تک پہلا نتیجہ کے اعلان کردیاجائے گا۔ جب کہ شام چھ بجے تک بیس تا بائیس وارڈس کے نتائج کا اعلان متوقع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ووٹوں کی گنتی کے آگاز کے چار تا پانچ گھنٹوں میں تقریبا نتائج کا اعلان کردیے جانے کا امکان ہے ، پرانا پل وارڈ کے نتیجہ کے متعلق انہوں نے کہاکہ انتخابات کے اختتام کے بعد مشینوں کے حصول کے اندرون ڈھائی گھنٹہ کا اعلان کردیاجائے گا ۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ سے شام پانچ بجے تک کسی بھی نتیجہ کا اعلان نہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام ووٹوں کی گنتی کے مراکز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں اور گنتی کے عمل کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی کی جائے گی ۔ ووٹوں کی گنتی کے لئے چوبیس مراکس میں1674ٹیبلس قائم کئے گئے ہیں ۔ ہر ٹیبل پر چار افراد تعینات کئے جائیں گے ۔ جملہ5626کاؤنٹنگ عملہ کی خدمات سے استفادہ کیاجارہا ہے اور جملہ827راؤنڈس پر ووٹوں کی گنتی مشتمل رہے گی۔
GHMC Re-Polling In Puranapul Division
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں