تلنگانہ میں تعلیمی پسماندگی کو دور کرنے میں نمائش سوسائٹی کا اہم رول - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-14

تلنگانہ میں تعلیمی پسماندگی کو دور کرنے میں نمائش سوسائٹی کا اہم رول

حیدرآباد
منصف نیوز بیورو
ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے نمائش سوسائٹی کی جانب سے چلائے جانے والے تعلیمی اداروں کی کارکردگی ستائش کرتے ہوئے سوسائٹی کے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ تلنگانہ کے اضلاع میں ڈیجیٹل شہر میں اسکول قائم کریں حکومت اس ضمن میں سو سائٹی کے ساتھ ممکنہ تعاون کرے گی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر آج شام نمائش میدان پر کل ہند صنعتی نمائش کی اختتامی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ آئی آئی ٹی ممبئی سے تلنگانہ میں130ڈیجیٹل میٹریسی اسکول کے قیام کے لئے معاہدہ کررہی ہے تاکہ نئی نسل کو ڈیجیٹل ٹکنالوجی سے واقف کروایا جائے ۔ ڈیجیٹل معلومات سے بچے مستقبل میں مسابقت کی دوڑ میں شامل ہوسکتے ہیں ۔ کڈیم سری ہری نے کہا کہ تلنگانہ کے اضلاع میں نمائش سوسائٹی کے قائم کردہ کالجس کا تعلیمی پسماندگی کو دور کرنے میں اہم رول رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں معیاری فیکلٹی کے ساتھ ڈگری کالجس قائم کرنا بہت مشکل ہے ۔ انہوں نے سوسائٹی کے عہدیداروں کو تیقن دیا کہ اگر وہ کالجس کی ترقی اور معیار کو مزید بہتر بنانے کے لئے حکومت کو تجویز پیش کریں گے تو وہ بحیثیت وزیر تعلیم ان تجاویز پر غور کریں گے اور اس کے لیے ہر ممکنہ مدد کریں گے ۔ نو منتخب میئر بی رام موہن نے اپنی تقریر میں سوسائٹی کی تعلیمی سر گرمیوں کی ستائش کی اور جی ایچ ایم سی کی جانب سے کل ہند صنعتی نمائش کو ہر ممکنہ تعاون کا تیقن دلایا ۔ ابتداء میں نائب صدر سوسائٹی انیل سروپ مشرا نے خیر مقدمی تقریر کی ۔ ستیہ نندورانم اعزازی سکریٹری نے76ویں کل ہند صنعتی نمائش کی رپورٹ پیش کی ۔ انہوں نے کہا کہ سال گزشتہ کے مقابلہ میں اس سال2,2لاکھ زائد افراد نے نمائش کا مشاہدہ کیا ۔ اس سال مجموعی طور پر20لاکھ افراد نے نمائش کا مشاہدہ کیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے سوسائٹی کے کالجس میں زیر تعلیم طلباء جنہوں نے تعلیمی میدان میں نمایاں مظاہرہ کیا انہیں گولڈ میڈلس عطا کئے اور کل ہند صنعتی نمائش میں حصہ لینے والے مختلف کاروباری اداروں اور اسٹالس کو جنہوں نے خوبصورتی کے ساتھ اپنے شو روم کو سجایا تھا انہیں خصوصی انعامات عطا کئے گئے ۔ جن میں پستہ ہاوز حیدرآباد بھی شامل ہے۔ اسٹیٹ بیک آف حیدرآباد اور تلنگانہ اسٹیٹ ٹوارزم کوڈیکوریشن میں پہلا انعام عطا کیا گیا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے ڈی سی پی سنٹرل زون کملا ہاسن ریڈی کو ان کی نمایاں کارکردگی پر تہنیت پیش کی۔

Role of Exhibition society in eradication of educational backwardness in Telangana

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں