3.47 لاکھ کروڑ کا اتر پردیش بجٹ - تعلیم صحت اور دیہی ترقی پر خصوصی توجہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-13

3.47 لاکھ کروڑ کا اتر پردیش بجٹ - تعلیم صحت اور دیہی ترقی پر خصوصی توجہ

لکھنو
ایس این بی
وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے آج جمعہ کو اسمبلی میں آئندہ مالی برس کے لئے346935کروڑ روپے کا بجٹ پیش کیا۔ اسمبلی میں پیش کئے گئے تین لاکھ کروڑ سے زائد کے بجٹ کے باوجود حکومت کا49961کروڑ روپے کا سرکاری خزانہ کا خسارہ ہے ، جس کی مختلف طریقوں سے تلافی کرنے کے بعد بھی حکومت6814.17کروڑ روپے کے خسارہ میں رہے گی ۔ وزیر اعلیٰ کا یہ مسلسل پانچ واں بجٹ ہے ۔ آج جمعہ کو پیش کیے گئے اپنے خسارہ کے بجٹ میں مسٹر یادو نے اسمبلی الیکشن کے پیش نظر سماجی تحفظ سے لے کر ترقی کے مختلف شعبوں میں پر کشش اعلانات کئے ہیں ۔ بجٹ میں اقلیتوں ، کسانوں ، نوجوانوں اور غریبوں کے ساتھ ہی انفراسٹرکچر (سڑک ، پل، آبپاشی ، اور بجلی) پر خصوصی توجہ دی گئی ہے ۔ طالبات کو کنیا ودیادھن تو ہونہار طلبہ کو لیپ ٹاپ کا انتظام کیاگیا ہے ۔ مسٹر یادو نے اس بجٹ کے ذریعہ اپنے2012 ء کے انتخابی منشور کو پورا کرتے ہوئے ثٖانوی تعلیم کے شعبہ میں غیر سرکاری اسکولوں کے جز وقتی ٹیچروں کو اجرت دینے کا اعلان کیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے نئے بجٹ کے ذریعہ ریاست میں13842کروڑ روپے کی نئی اسکیموں کا اعلان کیا ہے ۔ سیاسی حلقوں میں سرخیوں میں رہنے والے بندیل کھنڈ حلقہ کے لئے وزیر اعلیٰ نے اس مرتبہ بجٹ میں تقریبا2ہزار کروڑ روپے سے زائد کا نظم کیا ہے، اس میں بندیل کھنڈ کے لئے خصوصی اسکیم، جھانسی میں بیتوا ندی پر پل،پینے کے پانی کی اسکیم، تلہن پلانٹ، سرفیس، پینے کے پانی کی اسکیم کے ساتھ ہی200کروڑ روپے کا بندیل کھنڈ فنڈ بنایا ہے ۔ بندیل کھنڈ میں خصوصی منڈیوں کے لئے434کروڑ روپے دیے گئے ہیں ۔ خشک سالی سے متاثرہ وندھیا حلقہ کے اضلاع میں بھی سر فیس پینے کے پانی کے انتظام کے لئے حکومت نے بجٹ میں کثیر رقم کا انتظام کیا۔ وزیر اعلیٰ نے بجٹ میں اقلیتوں پر بھی خصوصی توجہ دی ہے۔ انہوں نے اقلیتی برادری کے درجہ10سے پہلے کے طلباء و طالبات کے وظیفہ کے لئے537کروڑ رپے، دس ویں درجہ کے بعدوظیفہ کے لئے153کروڑ روپے اور فیس کی تلافی کے لئے150کروڑ روپے کا بندوبست کیا گیا ہے ۔ اس کے علاوہ تسلیم شدہ مدارس و مکاتب میں جدید تعلیم دینے کے لئے394کروڑ روپے کی تجویز، ملٹی سیکٹورل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ منصوبہ کے لئے395کروڑ روپے کی گنجائش کی گئی ہے ۔ بجٹ میں دارالمصنفین اعظم گڑھ کو لائبریری کی تعمیر کے لئے پانچ لاکھ روپے کی اقتصادی امداد قبرستانوں کی چہار دیواری کی تعمیر کے لئے دو سو کروڑ روپے سے بڑھا کر چار سو کروڑ روپے کردی گئی ہے ۔ بجٹ میں اتر پردیش اردو اکادمی مین اردو ماس کمیونی کیشن اینڈ میڈیا سینٹر قائم کرنے کا اعلان کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے آئندہ اسمبلی الیکشن کے پیش نظر ہی ریاست میں چل رہی سماج وادی پنشن اسکیم میں10لاکھ مستحقین کا اضافہ کیا ہے ۔ اب55لاکھ غریب خواتین پنشن پائیں گی ، جس کے لئے3327کروڑ روپے کا نظم کیا گیا ہے ۔ مجاہدین آزادی اور مجاہدین جمہوریت کی پنشن کی رقم میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ ضعیفی و کسان پنشن اسکیم کے لئے1550کروڑ، غریبوں کو مفت رکشا تقسیم کرنے کے لئے بجٹ میں ایک مرتبہ پھر100کروڑ روپے اور شمشان گھاٹ کے لئے سو کروڑ روپے کا انتظام کیا گیا ہے ۔گنا قیمت کی بقایا کے لئے تحریک چلارہے کسانوں کو راحت دینے کے لیے وزیر اعلیٰ نے اپنے بجٹ میں1336کروڑ کا انتظام کیا ہے۔ قدرتی آفات کے پیش نظر یوپی ڈیزاسٹر فنڈ میں709کروڑ کا انتظام کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ وارنسی سمیت کانپور میں میٹرو چلانے کا فیصلہ کیا ہے ، اس کے لئے بجٹ میں سو کروڑ روپے دیے گئے ہیں، جب کہ لکھنو میٹرو کو 814کروڑ روپے ملے ہیں۔ گریٹر نوئیڈا اور نوئیڈا میں میٹرو کی توسیع ہوگی ۔ پوروانچل کے بلیا کو دہلی سے جوڑنے کے لئے وزیر اعلیٰ نے سماج وادی ایکسپریس وے کی تعمیر کا اعلان کیا ہے اور بجٹ میں اس کے لئے1500کروڑ روپے دیے گئے ہیں ۔ تعلیم، صحت اور توانائی پر وزیر اعلی نے خصوصی فوکس کیا ہے۔ سب کو تعلیم مہم میں 15397کروڑ اور مواضعات میں 16گھنٹے تو شہروں میں22گھنٹے بجلی سپلائی کے لئے19050کروڑ روپے کے ساتھ ہی، ادے اسکیم کے تحت13303کروڑ روپے کا انتظام کیاگیا ہے ۔ حکومت نے بجٹ میں ریاست کی سڑکوں کی تعمیر اور ان کے رکھ دکھاؤ ، ندیوں اور ریلوے لائن پر پل، ضلع ہیڈکوارٹروں کو فورلین سے جوڑنے وغیرہ کے لئے24521کروڑ روپے بجٹ میں دیے گئے ہیں۔ حکومت اب60برس سے زائد عمر کے بنکروں کو پنشن دے گی ۔ وزیر اعلیٰ نے اپنے ڈریم پروجیکٹ جنیشور مشرا پارک میں رکھ رکھاؤ کے لئے150کروڑ روپے کا ، کارپس فنڈ دیا ہے ۔ بلیا اور الہ آباد میں بننے والی یونیورسٹیوں کے لئے 60کروڑ روپے کا نظم کیا گیا ہے ۔ ریاستی کونسل میں ایوان کے لیڈر اور وزیر بیسک تعلیم احمد حسن نے بجٹ پیش کیا۔

Akhilesh Yadav presents poll-driven Rs 3,46,935-crore budget for 2016-17

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں