مخالف ہند نعرہ بازی پر جے این یو طلبا یونین صدر کنہیا کمار گرفتار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-02-13

مخالف ہند نعرہ بازی پر جے این یو طلبا یونین صدر کنہیا کمار گرفتار

نئی دہلی
پی ٹی آئی
پارلیمنٹ حملہ کیس کے مجرم افضل گرو کی پھانسی کے خلاف اس باوقار ادارہ میں ایک تقریب منعقد کرنے پر جواہر لال نہرو یونیورسٹی( جے این یو) طلباء یونین کے صدر کنہیا کمار کو آج بغاوت اور مجرمانہ ساز ش کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ مہیش گری اور اے بی وی پی کی شکایت پر کل وسنت گنج(نارتھ) پولیس اسٹیشن میں نامعلوم افراد کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ124A(بغاوت) اور120B(مجرمانہ سازش) کے تحت ایک مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ کنہیا کمار کو اس کیس کے سلسلہ میں گرفتار کیا گیا ہے ۔ سادہ لباس میں دو پولیس ملازمین آج جواہر لا ل نہرو یونیورسٹی کیمپس پہنچے اور کمار کو پوچھ تاچھ کے لئے اپنے ساتھ لے گئے ۔ بعد ازاں انہیں گرفتار کرلیا گیا ۔ ذرائع نے یہ بات بتائی۔ طلباء کے ایک گروپ نے منگل کے دن یونیورسٹی کیمپس میں ایک تقریب منعقد کی تھی اور پارلیمنٹ حملہ کیس کے مجرم افضل گرو کو 2013ء میں دی گئی پھانسی کے خلاف احتجاج اور نعرہ بازی کی تھی ۔ انتظامیہ کی جانب سے تقریب کی اجازت منسوخ کئے جانے کے باوجود یہ تقریب منعقد کی گئی تھی ۔ اے بی وی پی کارکنوں کی شکایت پر جنہوں نے اس سر گرمی کو ملک دشمن قرار دیاتھا، اس تقریب کی اجازت منسوخ کردی گئی تھی ۔ جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے انتظامیہ نے اجازت منسوخ کئے جانے کے باوجود تقریب کے انعقاد پر تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور کہا ہے کہ مزید کوئی قدم اٹھانے سے پہلے وہ رپورٹ کا انتظار کریں گے ۔ اسی دوران موصولہ علیحدہ اطلاع کے مطابق پارلیمنٹ حملہ کیس کے مجرم افضل گرو کی برسی تقریب کے جے این یو میں انعقاد پر جاری تنازعہ کے دوران عام آدمی پارٹی لیڈر کمار وشواس نے آج کہا کہ مرکز کو ملک دشمن عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ایک مثال قائم کرنی چاہئے ۔ پارٹی میں دائیں بازو کی آواز سمجھے جانے والے کمار وشواس نے بظاہر عام آدمی پارٹی قائدین کی گرفتاریوں کا حوالہ دیتے ہوئے دہلی پولیس کو بھی نشانہ تنقید بنای ااور کہا کہ وہ پہلے سے طے شدہ نشانوں کے خلاف تو فوری کارروائی کرتی ہے ۔ جے این یو کے معاملہ میں بھی پولیس کو فوری کارورائی کرتے ہوئے ملک دشمن عناصر کو حراست میں لینا چاہئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آچکا ہے کہ ہندوستان جے این یو میں مخالف ہند نعرے لگانے والوں او راوران کی تعریف کرنے والوں کو سزا دیتے ہوئے ایک مثال قائم کرے۔ ہندوستانی قوانین میں ایسی کئی دفعات ہیں۔ حکومت ہند کو ایسے ملک دشمن ذہنوں کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہئے ۔ یہاں یہ تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ افضل گرو کی برسی کے موقع پر جواہر لال نہرو یونیورسٹی طلباء کے ایک گروپ نے منگل کے دن کیمپس میں ایک تقریب منعقد کی تھی اور انہیں دی گئی پھانسی کے خلاف نعرہ بازی کی ۔ اس معاملہ پرتنازعہ کے بعد دہلی پولیس نے کل بی جے پی رکن پارلیمنٹ مہیش گری اور اے بی وی پی کی شکایت ایک کیس درج کرلیا تھا۔

JNU students' union president Kanhaiya Kumar arrested for sedition

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں