پٹھان کوٹ حملہ پر فوج کی کارروائی اطمینان بخش - وزیر اعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-10

پٹھان کوٹ حملہ پر فوج کی کارروائی اطمینان بخش - وزیر اعظم مودی

پٹھان کوٹ
یو این آئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے پٹھان کوٹ فضائی اڈہ پر مبینہ پاکستانی دہشت گردوں کے خوفناک حملہ کے جواب میں سیکوریٹی ایجنسیوں کی کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ وزیر اعظم نے حملہ کے بارے میں راست معلومات حاصل کرنے کی غرض سے آج فضائی اڈہ کا دورہ کیا۔ بعد ازاں انہوں نے ٹوئٹر پر کہا کہ حملہ کے بعد کارروائی کے لئے کئے جانے والے فیصلوں اور اس پر عمل در آمد سے وہ مطمئن ہیں۔ وزیر اعظم نے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ انہوں نے پٹھان کوٹ فضائی اڈہ کا آج دورہ کیا ۔ فوج، ایر فورس، این ایس جی اور پی ایس ایف کے اعلیٰ عہدہ داروں نے انہیں حملہ اور اس کے بعد کی گئی کارروائی کی تفصیلات سے واقف کروایا ۔ اس دورہ میں وزیر اعظم کے ساتھ قومی سلامتی مشیر اجیت دوول، تینوں مسلح افواج کے سربراہان ، فوج اور نظم و نسق کے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے ۔ مودی نے کہا کہ انہوں نے مختلف سیکوریٹی یونٹوں کے درمیان باہمی تال میل نوٹ کیا ہے ، وہ لڑائی میں حصہ لینے والے سیکوریٹی ارکان کی بہادری اور جذبہ کی قدر و ستائش کرتے ہیں ۔ انہوں نے ایک ٹویٹ میں کہا وہ ہمارے لئے باعث فخر ہیں ۔ وزیر اعظم نے قبل ازیں علاقہ کا فضائی سروے کیا ۔ اس موقع پر پٹھان کوٹ اور اس کے اطراف سخت سیکوریٹی انتظام کئے گئے تھے۔ مودی نے این آئی اے کے بشمول مرکزی ایجنسیوں کی جانب سے کی جانے والی تحقیقات کے بارے میں تفصیلات معلوم کیں مودی نے فضائی اڈہ کا ایک چکر کاٹا اور نقصانات کا بر سر موقع جائزہ لیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم نے سیکوریٹی ورسس کے اعلیٰ عہدہ داروں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا اور دھماکہ اور اس کے بعد ہونے والی تحقیقات سے واقفیت حاصل کی ۔ سیکوریٹی فورسس نے ہنودستانی فضائی اڈہ کو دہشت گردی کے اندیشوں سے کل مکمل طور پر پاک و صاف بنانے کا اعلان کیا تھا ۔ قبل ازیں فضائی اڈہ پر چھ جنگجوؤں کے حملہ کے بعد سے سیکوریٹی فورسس نے چار دیگر مسلسل اور خونریز لڑائی کے بعد تمام چھ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ تاہم لڑائی میں ہندوستانی سیکوریٹی فورسس کے سات ارکان کی بھی جانیں ضائع ہوئیں جن میں ایک کرنل رتبہ کا عہدہ دار شامل ہے ۔ دہشت گردوں کی ہلاکت کے باوجود سیکوریٹی فورسس نے مزید امکانی دہشت گردوں کی موجودگی یا مہلوک حملہ آوروں کی جانب سے فضائی اڈہ کے کسی گوشہ میں دھماکو مادہ نصب کئے جانے کے اندیشہ کے تحت تلاشی مہم جاری رکھی ۔ وزیر دفاع منوہر پاریکر نے 5جنوری کو فضائی اڈہ کا دورہ کیا تھا۔

PM Modi visits Pathankot air base, voices satisfaction with counteroffensive

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں