یو این آئی
سعودی عرب کی جانب سے ممتاز شیعہ عالم آیت اللہ شیخ نمر النمر کو سزائے موت دئیے جانے کے خلاف وادی کشمیر کے بیشتر شیعہ آبادی والے علاقوں میں اتوار کو زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے جس کے دوران سیکوریٹی فورسز نے سری نگر کے شہر خاص اور احتجاجی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کے گولے داغے ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب میں کل آیت اللہ شیخ نمر سمیت47افراد کو سزائے موت دیے دی گئی ۔ شیخ نمر کو سزائے موت دئیے جانے کے خلاف سری نگر کے شہر خاص کے حسن آباد اور اس سے ملحقہ علاقوں سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد اسلام اور شیخ نمر کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے تاریخی لال چوک کی جانب ایک بڑے جلوس کی صورت میں پیش قدمی کرنے لگے۔ تاہم پولیس اور سیکوریٹی فورس اہلکاروں نے رعنا واری کے مقام پر جلوس کے شرکاء کو آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی جس کے بعد طرفین کے مابین شدید جھڑپیں ہوئیں جس دوران سیکوریٹی فورسز نے مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کے تقریبا دو درجن شیل برسائے ۔ آیت اللہ شیخ نمر کو سزائے موت دئیے جانے کے خلاف وادی کشمیر کے دیگر شیعہ آبادی والے علاقوں میں بھی بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ وسطی کشمیر کے قصبہ بڈگام سے موصولہ ایک رپورٹ کے مطابق مذکورہ قصبہ میں آج مکمل ہڑتال کی گئی جس کے دوران ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے مین چوک بڈگام میں جمع ہوکر شیخ نمر کو سزائے موت دئیے جانے کے خلاف احتجاج کیا ۔ قصبے میں تمام دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جب کہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمد و رفت بھی معطل رہی ۔ وادی کے دیگر شیعہ آبادی والے علاقوں بشمول ضلع بارہمولہ کے پٹن، ضلع بانڈی پورہ کے سمبل سونہ واری، وسطی کشمیر کے ضلع گاندر بل کے ڈب اور ضلع بڈگام کے ماگام میں بھی مشہور شیعہ عالم شیخ نمر کو سزائے موت دئیے جانے کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے ہیں ۔
Kashmiris protest Saudi execution of top Shia cleric
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں