یو این آئی
حکومت دہلی کی آڈ۔ ایون( طاق، جفت) اسکیم کی کامیابی کا جشن منانے کی ایک تقریب آج اس وقت تلخ ہوگئی جب ایک خاتون نے چیف منسٹر اروند کجریوال پر سیاہی پھینک دی ۔ کجریوال چھتر سال اسٹیڈیم میں جیسے ہی خطاب کرنے لگے، ایک خاتون پولیس کی رکاوٹیں توڑتی ہوئی آگے بڑھی اور اس نے چیف منسٹر پر سیاہی اور کچھ کاغذات پھینکے ۔ اسٹیڈیم میں افراتفری مچ گئی ۔ پولیس خاتون کو پکڑ کر باہر لے گئی ۔ خود کو عام آدمی سینا کی رکن قرار دینے والی اس خاتون کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے ۔ عام آدمی پارٹی نے آڈ۔ ایون اسکیم کو کامیاب بنانے پر جس کا مقصد قومی دارالحکومت میں فضائی آلودگی ہٹانا تھا دہلی کے عوام کا شکریہ ادا کرنے کے لئے ریالی نکالی تھی ۔ عام آدمی پارٹی اور حکومت دہلی کی پوری قیادت بشمول کجریوال، ڈپٹی چیف منسٹر منیش سسوڈیا ، وزیر ٹرانسپورٹ گوپال رائے ، دہلی کابینہ کے وزراء ، سینئر اے اے پی قائدین اور پارٹی ارکان اسمبلی ریالی میں موجود تھے ۔ خاتون کا نام بھاونا اروڑہ بتایاجاتا ہے ۔ عام آدمی پارٹی نے پوڈیم تک خاتون کے پہنچنے کو سازش قرار دیا ہے اور سیکوریٹی میں نقص کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ کجریوال کو بیچ میں اپنی تقریر ختم کردینی پڑی ۔ دہلی پولیس پر تنقید کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر منیش سسوڈیا نے کہا کہ دہلی پولیس کیا کررہی تھی ، کجریوال پر جس وقت سیاہی پھینکی جارہی تھی وہ تماشائی بنی ہوئی تھی۔ اس واقعہ کو دہلی پولیس اور بی جے پی کی سازش قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خاتون کجریوال کے خلاف نعرے بازی کررہی تھی ۔ وزیر ٹرانسپورٹ گوپال رائے نے کہا کہ جو لوگ آڈ۔ ایوان اسکیم کو پندرہ دن میں ناکام نہیں کرسکے وہ افراتفری پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں یہ شرمناک ہے ۔ سیاہی پھینکنے والی خاتون کا الزام تھا کہ آڈ ۔ ایوان اسکیم کے بہانے کجریوال کی ناک کے نیچے دہلی میں سی این جی کا بہت بڑا اسکام چل رہا ہے ۔ اس نے کہا کہ اس کے پاس الزامات کی طویل فہرست ہے اور انہیں ثابت کرنے کے لئے اس کے پاس ثبوت موجود ہے۔ پی ٹی آئی کے بموجب خاتون کی عمر بیس سال سے زائد ہے ۔ کجریوال جس وقت تقریر کررہے تھے وہ ان کے قریب آئی اور کچھ کاغذات دکھانے لگے ۔ کچھ دیر بعد اس نے سیاہی پھینکی جو کجریوال پر نہیں پڑی لیکن اس کے دھبے پوڈیم پر دکھائی دئیے ۔ پولیس خاتون سے ماڈل ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں پوچھ تاچھ کررہی ہے ۔ کجریوال نے حکام سے اپیل کی کہ خاتون کو چھوڑ دیاجائے ۔ وہ جو کاغذات دکھانا چاہتی تھی وہ اس سے لے لیے جائیں ۔ اس ہنگامے میں کجریوال کی تقری تقریبا7منٹ درہم برہم ہوئی۔ بی جے پی نے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال پر آج ایک تقریب کے دوران ایک عورت کی طرف سے سیاہی پھینکنے کے واقعہ کو منصوبہ بند قرار دیا۔ بی جے پی کے ریاستی صدرستیش اپادھیائے نے ایک بیان میں کہا کہ یہ واقعہ مسٹرکجریوال کے ذریعہ منصوبہ بند ہوسکتا ہے جسے وہ متاثرہ کارڈ کے طور پر استعمال کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ سے کجریوال حکومت کے کام کاج کو لے کر دہلی میں مایوسی کا احساس ہوتا ہے ۔
Ink Attack On Arvind Kejriwal: Woman Arrested, Case Registered
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں