دہشت گردی کے خلاف تعاون بڑھانے فرانس اور ہندوستان کا عہد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2016-01-26

دہشت گردی کے خلاف تعاون بڑھانے فرانس اور ہندوستان کا عہد

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ہندوستان اور فرانس نے36فرانسیسی لڑاکا طیاروں رافیل کی فروخت پر آج ایک بین حکومتی معاہدہ پر دستخط کئے لیکن بعض مالی پہلوؤں کے باعث قطعی معاملت طئے نہ پاسکی۔ توقع ہے کہ دونوں ممالک دو دن میں اس کی یکسوئی کرلیں گے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور دورہ کنندہ فرانسیسی صدر فرینکوئی اولاند کی تفصیلی بات چیت کے بعد دونوں ممالک کے درمیان طئے پائے 14معاہدوں میں یہ شامل ہے ۔ مودی نے اولاند کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ مالی پہلو کو چھوڑ کر ہندوستان اور فرانس نے36رافیل لڑاکا طیارون کی خریداری کے لئے بین حکومتی معاہدہ پر دستخط کردئیے ہیں ۔ ہمیں توقع ہے کہ رافیل لڑاکا طیاروں کی خریداری کے لئے مالی پہلوؤں کی یکسوئی بہ عجلت ممکنہ ہوجائے گی۔ بین حکومتی معاہدہ پر دستخط کو فیصلہ کن قدم قرار دیتے ہوئے فرنچ صدر نے کہا کہ کچھ مالی مسائل ہیں جن کی یکسوئی دو دن میں ہوجائے گی ۔ لڑاکا طیاروں کی خریداری کی معاملت کا اعلان مودی نے گزشتہ برس اپریل میں اپنے دورہ فرانس میں کیا تھا تاہم قطعی معاملت ہنوز نہیں ہوسکی کیونکہ فریقین قیمت پر مول تول کررہے ہیں ۔ اندازہ ہے کہ معاملت تقریبا60ہزار کروڑ روپے کی ہوگی ۔ فرانس سے اعلیٰ سطح کی ایک ٹیم نئی دہلی آئی ہوئی ہے اور وہ آخری لمحہ کی بات چیت کررہی ہے ۔ دفاعی تعاون کے علاوہ دونوں قائدین کے درمیان بات چیت پیرس اور پٹھان کوٹ حملوں کی مابعد صورتحال میں انسداد دہشت گردی تعاون کو بڑھاوا دینے پر بنیادی طور پر مرکوز رہی ۔ صدر فرینکوئی اولاند نے کہا کہ پیرس تا پٹھان کوٹ ہم نے دہشت گردی کا لرزہ خیز چہرہ اور یکساں چیلنج دیکھا ہے ۔ میں ان دہشت گرد حملوں کے خلاف آپ کے عہد اور کارروائی کی ستائش بھی کرتا ہوں ۔ میں دہشت گردی کے خلاف ہمارے تعاون کو بڑھاوا دینے پر آمادہ ہوں ۔ مودی نے کہا کہ ہماری یہ بھی رائے ہے کہ عالمی برادری کو ان لوگوں کے خلاف فیصلہ کن کارورائی کرنے کی ضرورت ہے جو دہشت گردوں کو محفوظ ٹھکانے فراہم کرتے ہیں اور تربیت مالیہ اور انفراسٹرکچر کی فراہمی کے ذریعہ پال پوس کر بڑا کرتے ہیں ۔ اولاند نے کہا کہ داعش نے ہم پر ھملہ کیا ہے۔ اسلامی اسٹیٹ ہمیں مشتعل کررہی ہے لیکن ہم نے صحیح سمت اختیار کرنے کا عزم کررکھا ہے ۔ ہمیں انہیں بار بار نشانہ بنائیں گے جو ہمارے بچوں کو ہلاک کرتے ہیں ۔ میں مشکل حالات میں آپ کے تعاون کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا ۔ فرانس اسے کبھی نہیں بھولے گا۔ ہم نے دہشت گردی کے خلاف اپنا تعاون مستحکم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔نئی دہلی سے آئی اے این سی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب صدر فرانس فرینکوئی اولاند نے پیر کے دن کہا کہ ان کے دورہ ہند کا مقصد دہشت گردی کے خلاف دونوں ممالک کے تعان کو مستحکم کرنا اور تقویت پہنچانا ہے ۔ انہوں نے یہاں کہا کہ آج ہندوستان اور فرانس جیسے ممالک پر ہر قسم کے دہشت گرد خطرات منڈلا رہے ہیں اور میرے دورہ کا ایک اصل مقصد دہشت گردی کے خلاف دونوں ممالک کے تعاون کو تقویت پہنچانااور استحکام بخشنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور فرانس ، زراعت اور خلاء کے میدان میں معاشی تعلقات بہتر بنانے کے لئے کام کریں گے ۔ فرانسیسی صدر کا ان کے سہ روزہ دورہ ہند کے دوسرے دن راشٹرپتی بھون میں رسمی خیر مقدم کیا گیا۔ اولاند نے کہا کہ ہندوستان میں یوم جمہوریہ پریڈ میں مہمان خصوصی بننا ان کی عزت افزائی ہے ۔ پی ٹی آئی کے بموجب انہوں نے پیرس ماحولیاتی چوٹی کانفرنس میں اہم رول ادا کرنے پر وزیر اعظم نریندر مودی کی ستائش کی ۔ فرنچ صدرنے صبح میں راج گھاٹ پر بابا ئے قوم کی سمادھی پر مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت ادا کیا ۔ بعد ازاں اسلامک اسٹیٹ سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فرانس، دہشت گردی کے کسی بھی خطرہ سے ڈرنے والا نہیں ۔ ہم وہ اقدامات کریں گے جو جمہوریت کی حفاظت کے لئے درکار ہیں ۔

India, France talk tough on terror, stuck on price of Rafale jets

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں