یو این آئی
ملک نے67واں یوم جمہوریہ منایا۔ صدر جمہوریہ ہند مکرجی نے تاریخی راج پتھ پر قومی پرچم لہرایا ۔ بعد ازاں ملک کی فوجی طاقت ، مالا مال ثقافتی ورثہ اور اس کی معاشی و سماجی کامیابیوں کی نمائش کی گئی ۔ صدر فرانس فرانسواولاند جاریہ سال مہمان خصوصی تھے ۔ ہندوستان کی یوم جمہوریہ تقاریب میں تاحال5فرنچ صدور مہمان خصوصی رہ چکے ہیں ۔ گزشتہ سال امریکی صدر بارک اوباما کو یہ اعزاز حاصل ہوا تھا ۔ ترنگا لہراتے ہی21توپوں کی سلامی دی گئی ۔ قبل ازیں اولاند صدر جمہوریہ کے ساتھ راج پتھ پہنچے جہاں وزیر اعظم نریند رمودی نے ان کا خیر مقدم کیا ۔ مودی، تاریخی انڈیا گیٹ پر امر جیوتی پر شہیدوں کو خراج عقیدت ادا کرنے کے بعد راج پتھ پہنچ چکے تھے ۔ مودی نے نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری اور ان کی اہلیہ سلمیٰ انصاری کا بھی خیر مقدم کیا ۔ فرنچ صدر کا بعدازاں وزیر دفاع منوہر پاریکر اور مسلح افواج کے تینوں سربراہوں سے تعارف کرایا گیا ۔ تقریب میں کانگریس صدر سونیا گاندھی ، بی جے پی صدر امیت شاہ اور دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین کے علاوہ وزیر اعظم مودی کی کابینہ کے ارکان بھی موجود تھے ۔ شہیدوں کی بیواؤں کو صدر جمہوریہ کے ہاتھوں ملک کے اعلیٰ ترین بہادری ایوارڈس دئیے جانے کے فوری بعد روایتی پریڈ کا آغاز ہوگیا ۔ جاریہ سال کے میگا شو میں فرانسیسی فوج کے ایک دستہ نے بھی حصہ لیا ۔ فرانسیسی فوجیوں نے صدر جمہوریہ پرنب مکرجی اور ان کے فرانسیسی ہم منصب کو زور دار سلامی دی۔ مختتلف شعبہ ہائے حیات میں ملک کی کامیابیوں کو اجاگر کیا گیا ۔ 66سالہ روایت برقرار رکھتے ہوئے بی ایس ایف کا رنگا رنگ دستہ56منٹ تک پریڈ کا مشاہدہ کیا ۔ فرانس کی35ویں انفینٹری ریجمنٹ کے دستہ نے پریڈ میں حصہ لیا ۔ یہ ریجمنٹ ، ہندوستان میں1781-84ء کام کرچکی ہے۔
دریں اثنا نئی دہلی سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب راج پتھ پر67ویں یوم جمہوریہ پریڈ سے نہ صرف ہزاروں ہندوستانی بلکہ کئی بیرونی شہری بشمول فرنچ بھی محظوظ ہوئے ۔ ان میں کئی نے پہلی مرتبہ پریڈ کا مشاہدہ کیا۔ ڈنمارک کے61سالہ جان پیٹرسن نے جو پہلی مرتبہ ہندوستان آیا ہے ، کہا کہ اسے ان تقاریب میں شرکت کر کے مسرت ہوئی ۔ اس نے کہا کہ ڈنمارک میں ہمیں اتنی رنگا رنگی دکھائی نہیں دیتی ۔ پریڈ دیکھنااچھا تجربہ رہا ۔ آنکھوں کو بھلا لگا ۔ یہاں کے لوگ بھی اچھے ہیں ۔ میں جئے پور کا ہوا محل بھی دیکھ چکا ہوں ۔ صدر فرانسو اولاند کے ساتھ آئے فرنچ عہدیداروں اور وہاں کے صحافیوں نے بھی شرکت کی ۔ وہ مختلف دستوں اور رنگا رنگ جھانکیوں کو دیکھ کر بے حد خوش ہوئے ۔
قومی دارالحکومت میں آج67ویں یوم جمہوریہ پر زمین تا فضا ، غیر معمولی سیکوریٹی انتظامات کئے گئے تھے ۔ وسطی دہلی کے اطراف کا علاقہ عملا قلعہ میں تبدیل ہوگیا تھا ۔10اہم مقامات پر ہلکی مشین گن سے لیس کمانڈوز تعینات تھے ۔ طیارہ شکن توپیں ، دارالحکومت میں دو جگہ پر پوزیشن سنبھالے تھیں ۔ وسطی اور نئی دہلی کے پورے علاقہ میں تقریبا پچاس ہزار سیکوریٹی ملازمین تعینات تھے جنہیں دہلی پولیس اور مرکزی نیم فوجی دستوں سے لیا گیا تھا۔ وہ چپہ چپہ کی نگرانی کررہے تھے ۔ تاریخی راج پتھ پر جہاں پریڈ ہوتی ہے ، خصوصی انتظامات کیے گئے تھے ۔ فرانسو اولاند ، صدر جمہوریہ پرنب مکرجی اور کئی وی پی آئی پیز بشمول نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری اور وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ بیٹھے تھے ۔ وی وی پی آئی انکلوژر کی سیکوریٹی کے کئی گھیرے تھے ۔ راج پ اتھ کے قریب اور پریڈ کی روٹ پر45عمارتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات تھے ۔ توپچیوں کو ہدایت تھی کہ وہ بنا اجازت اڑنے والی کسی بھی چیز کو مار گرائیں ۔ خصوصی کنٹرول روم میں پندرہ ہزار سی سی ٹی وی کیمروں کے فوٹیج پر نظر رکھی جارہی تھی جو وسطی اور نئی دہلی میں لگائے گئے تھے ۔200ہائی ٹیک ڈیجیٹل کیمرے ، پریڈ کی روٹ پر نصب تھے۔ ٹریفک پولیس کے ایک ہزار عہدیداروں کو ریوالورس دئیے گئے تھے ۔
نئی دہلی سے پی ٹی آئی کی ایک اور اطلاع کے مطابق ہندوستان نے مسلسل تیسرے برس یوم جمہوریہ پریڈ میں اپنے کسی بھی نیو کلیر مزائل کی نمائش نہیں کی ۔ 2013ء میں ہندوستان نے اگنیVمیزائل ، یوم جمہوریہ پریڈ میں شامل کی تھی ۔ اس وقت شاہ بھوٹان جگمے وانگ چک مہمان خصوصی تھے ۔ یہ پوچھنے پر کہ بیالسٹک میزائل کی نمائش کیوں نہیں کی گئی، چیف آف اسٹاف دہلی ایریا انڈین آرمی جنرل راجیش سہا نے کہا کہ مزاحمت یہ نہیں کہ ہم ہمارے پاس موجود ہر شئے کی نمائش کریں ۔
کھٹمنڈو سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب ہندوستان نے آج اپنے67ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر نیپال میں مختلف تنظیموں کو چالیس ایمبولنس اور 8بسوں کا تحفہ دیا ہے ۔ ہندوستانی سفیر برائے نیپال رنجیت رائے نے ہندوستانی سفارت خانہ کے احاطہ میں منعقدہ تقریب میں33ایمبولنس اور6بسوں کی کنجیاں مختلف فلاحی تنظیموں اور اسکولوں کے حوالہ کیں ۔ مابقی7ایمبولنس اور دو بسوں کا تحفہ ہندوستانی قونصل خانہ بیرگنج نے مختلف تنظیموں کو دیا۔ تقریب میں2500سے زائد افراد سفارت کار، صحافی، سماجی کارکن، تاجر اور سرکاری عملہ نے شرکت کی ۔
French Troops to Make Historic Appearance at India's Republic Day Parade
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں