منصف نیوز بیورو
ریاستی وزیر پنچایت راج کے ٹی راما راؤ نے آج دعویٰ کیا کہ بلدی انتخابات میں ان کی جماعت ٹی آر ایس کو80سے زائد نشستیں حاصل ہوں گی اور بی جے پی کو تیسر امقام حاصل ہوگا ۔ دوسرے مقام پر مجلس رہے گی ۔ ایل بی نگر اسمبلی حلقہ میں مختلف مقامات پر جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس کو پانچواں مقام حاصل ہوگا ۔ گزشتہ19ماہ کے دوران ٹی آر ایس حکومت نے یہ واضح کردیا کہ وہ اچھی حکمرانی کی اہل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا یہ شخصی خیال ہے کہ یہ کرو یا مرو کی جنگ نہیں ہے لیکن ایک بر سر اقتدار جماعت کے لیے ہر انتخاب اہمیت کا حامل ہوجاتا ہے ۔ ان کا یہ خیال ہے کہ حکومت کی کارکردگی بہتر رہی اور اس پر عوام رائے دیہی کے ذریعہ اپنی رضا مندی کی مہر لگاتے ہیں ۔ حیدرآباد منی انڈیا ہے اور یقینی طور پر عوام کا بلدی ووٹ بھی ریاستی اور پارلیمانی ووٹ کے برابر ہے ۔ گزشتہ19ماہ کے دوران ٹی آر ایس حکومت نے بہت کچھ کیا ۔ عوام میں تحفظ کا احساس پیدا کیا گیا ۔ ان میں یہ اعتماد پیدا ہوگیا کہ حکومت ہر شعبہ میں بہتر ثابت ہوئی ہے ۔ دیگر علاقوں کے عوام میں خوف کی کیفیت نہیں رہی ۔ ٹی آر ایس150نشستوں پر مقابلہ کرے گی اور76سے زیادہ نشستوں پر آسانی سے قبضہ کرلے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی جماعت سے انتخابی مفاہمت نہیں کی جائے گی۔ان انتخابات میں کانگریس کو سب سے زیادہ نقصان ہوگا اور وہ دوہرے ہند سے تک بھی نہیں پہنچ جائے گی ۔ تلنگانہ میں جس طرح تلگو دیشم کا وجود قریب الختم ہے ، جی ایچ ایم سی میں بھی ٹی ڈی پی کا وہی حال ہوگا ۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش جو تلگو دیشم کے قومی صدر ہیں ، ان طاقت اوراثر آندھرا تک محدود ہوجائے گی ۔ تلنگانہ کی سیاست میں ان کی کوئی اہمیت نہیں رہے گی ۔بی جے پی کے سہارے وہ اپنا وجود تلنگانہ میں برقرار رکھنا چاہتی ہے ۔ کے ٹی آر نے مزیدکہا کہ ورنگل کے حالیہ ضمنی انتخابات میں بی جے پی کی تائید کی گئی ۔ گزشتہ19ماہ کے دوران ٹی ڈی پی نے تلنگانہ میں کسی انتخاب میں حصہ نہیں لیا ۔ وزیر کمرشیل ٹیکس ٹی سرینواس راؤ نے کہا کہ ایل بی نگر کے11ڈیویژنس میں ٹی آر ایس کامیاب ہوگی ۔ ان علاقوں میں آندھرا پردیش کے افراد کی اکثریت ہے تاہم اس کے باجود ٹی آر ایس کی کامیابی اس لئے یقینی ہے کہ بلا امتیاز حکومت نے ترقیاتی کام انجام دیئے ہیں ۔ وزیر برقی جگدیشور ریڈی، وزیر ٹرانسپورٹ مہیندر ریڈی اور وزیر آبکاری کے پدما راؤ نے کہا کہ کے سی آر حیدرآباد کو ایک بین الاقوامی شہر کے طور پر ترقی دینے کے خواہاں ہیں۔ آندھرا علاقہ سے تعلق رکھنے والے مقامی افراد نے وزراء کا شاندار خیر مقدم کیا ۔ اس موقع پر انہیں تہنیت بھی پیش کی گئی ۔ وزراء اور سینئر قائدین کو گدا پیش کیا گیا ۔ اس حلقہ کے ایم ایل اے کانگریس کے سدھیر ریڈی ہے ۔
GHMC Elections 2016, TRS vs MIM - KTR
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں