جے ڈی یو کی بی جے پی مخالف عظیم اتحاد کی وکالت - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-21

جے ڈی یو کی بی جے پی مخالف عظیم اتحاد کی وکالت

نئی دہلی
یو این آئی
جنتادل یو نے بہار میں بی جے پی کو بری طرح شکست دینے کے بعد پانچ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں تمام غیر بی جے پی جماعتوں کومہا گٹھ بندھن کی طرز پر متحرک ہونے کی ا پیل کی ہے ۔ پارٹی نے آج یہاں اپنی قومی مجلس عاملہ کی میٹنگ میں ایک سیاسی قرار داد منظور کرکے یہ اپیل کی۔ پارٹی کے ترجمان کے سی تیاگی نے صحافیوں کو میٹنگ کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ ممتاز سماجوادی لیڈر ڈاکٹر رام منوہر لوہیا نے کبھی غیر کانگریس ازم کا نعرہ دیا تھا ، لیکن اب غیر بی جے پی کا وقت آگیاہے کیونکہ بھارتیہ جنتا پارٹی اب پنڈت دین دیال اپادھیائے اور اٹل بہاری واجپئی کی پارٹی نہیں رہ گئی ہے ۔ ہم نے16جون2013ء کو قومی جمہوری اتحاد سے ناطہ توڑ لیا تھا کیوکہ مسٹر نریندر مودی کو وزیر اعظم کے عہدہ کا امید وار بنایا گیا تھا ۔ ہم نے جو خدشات اس وقت ظاہر کئے تھے وہ بی جے پی حکومت کے دور میں سچ ثابت ہوئے ۔ اس لئے اب کانگریس کو بہار کا فارمولہ اپناتے ہوئے تمام پانچ ریاستوں میں مہا گٹھ بندھن بنانے کے لئے تمام جماعتون کو متحرک ہونا چاہئے ۔ یہ پوچھے جانے پر کیا نتیش کمار مستقبل میں اس مہاگٹھ بندھن کی جانب سے وزیر اعظم کے امید وار ہوں گے ۔ مسٹر تیاگی نے کہا کہ مسٹر کمار وزیر اعظم کے عہدے کے امید وار تو نہیں ہوں گے مگر وہ پی ایم میٹریل ضرور ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم این ڈی اے سے ناطہ توڑ کر118سے اگرچہ70ممبر اسمبلی تک پہنچ گئے ہیں پر ہم نے یہ قربانی دے کر اپنی نظریاتی جنگ جیت لی اور آنے والے دنوں میں پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں بھی ہم مہا گٹھ بندھن کے ذریعے یہ جنگ جیتنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آسام میں بھلے ہی بی جے پی کی طاقت میں بڑھ رہی ہے مگر دیگر ریاستوں میں وہ شکست کھائے گی ۔ تمام علاقائی جماعتیں بھی ہمیں امید کی نگاہ سے دیکھ رہی ہیں۔ میٹنگ میں گاؤں میں شراب کے ٹھیکے کی جگہ دودھ کی دکانیں کھولنے کا اعلان کیا گیا۔ پارٹی کی مجلس عاملہ کی میٹنگ میں مرحوم صدر ڈاکٹر عبدالکلام جے پی تحریک کے ارون کمار سنہا اور کنڑ منصف ایم ایم کلبرگی ، پروفیسر دابھولکر اور پنسارے کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ میٹنگ میں صدر شرد یادو ، نتیش کمار ، علی انور ، آر سی پی سنگھ ، پون کمار ورما، وششٹھ نارائن سنگھ سمیت بہار کے کئی وزیر اور اہم لیڈر موجود تھے۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں