متحدہ عرب امارات یمن میں کرائے کے جنگجو بھیج رہا ہے - رپورٹ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-20

متحدہ عرب امارات یمن میں کرائے کے جنگجو بھیج رہا ہے - رپورٹ

بوگوٹا
اے ایف پی
ایک رپورٹ سے انکشاف ہوا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے لڑائی کے لئے کولمبیا کے تقریبا تین سو جنگجو یمن بھیجے ہیں ۔ یہ نجی سپاہی بلیک واٹر کے فوجیوں کی طرح انتہائی تربیت یافتہ ہیں اور انہیں اچھی ادائیگی کی گئی ہے ۔ اے ایف پی نے اپنے ذرائع کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات یمن میں لڑائی کے لئے کولمبیا کے نجی فوجی بھرتی کررہاہے ۔ ایک ذریعے کا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہنا تھا کہ کولمبیا کے یہ نجی سپاہی اپنے ملک میں بائیں بازو کے گوریلوں اور منشیات کے اسمگلروں کے ساتھ لڑائی کا تجربہ رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ یہ متحدہ عرب امارات کی حکومت کے لئے بھی باعث کشش ہیں۔ متحدہ عرب امارات کی اپنی فوج نسبتا ناتجربہ کار ہے اور سعودی عرب کی قیادت میں فوجی اتحاد کا حصہ ہونے کی وجہ سے یمن میں ایرانی حمایت یافتی حوثی باغیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ بوگوٹا میں کولمبیا کی فوج کے ایک سابق افسر کا کہنا تھا کہ کولمبیا کے فوجی جنگجو کو گوریلوں کے خلاف لڑنے کی بہت مہارت رکھتے ہیں اور ان کی تربیت بھی اسی لحاظ سے کی گئی ہے ۔ اس ذریعے کا مزید کہنا تھا کہ کولمبیا کے فوجی کئی سالہ گوریلا جنگ کا تجربہ رکھتے ہیں اور وہ اسے یمنی تنازعے کو بھی سنبھال سکتے ہیں ۔ بلیک واٹر جیسی پرائیویٹ اور بین الاقوامی سیکوریٹی کمپنیاں ملازمتوں کے لئے ماضی میں بھی کولمبیا کے فوجیوں کی خدمات حاصل کرتی رہی ہیں اور انہیں عراق، افغانستان اور سوڈان جیسے ملکوں میں تعینات کیاجاتا رہا ہے ۔ اس نیوز ایجنسی کے مطابق اسے یہ معلومات فراہم کرنے والا اڑتالیس سالہ شخص خود بھی ماضی میں بلیک واٹر کا حصہ رہ چکا ہے ۔ ماضی میں اس پرائیویٹ سیکوریٹٰ فرم نے فوجی اور سیکوریٹی خدمات فراہم کرنے کے لئے امریکی محکمہ دفاع کے ساتھ معاہدہ کیا تھا ۔ بتایا گیا ہے کہ2004ء چار میں کولمبیا کے ان نجی فوجیوں کو لڑائی کے لئے عراق میں تعینات کیاگیا تھا اور اس کے بعد سے یہ افغانستان، متحدہ عرب امارات ، قطر اور جبوتی میں اپنا کام کرتے رہے ہیں۔ لاطینی امریکی فوجی بلیک واٹر جیسی فرموں میں مقبول بھی ہیں ۔ بلیک واٹر کے ایک سابق نجی سپاہی کے مطابق2004ء اور2006ء کے درمیان بلیک واٹر نے کولمبیا کے پندرہ سو، پیرو کے ایک ہزار اور چلی کے پانچ سو پرائیویٹ فوجی بھرتی کررکھے تھے ۔ بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے کولمبیا کے نجی فوجیوں کی بھرتی کا کام2010ء میں شروع کیا تھا اور اس کا مقصد صحرا کے وسط میں زید ملٹری سٹی نامی بیس پر ایک پرائیویٹ آرمی تشکیل دینا تھا ۔ بلیک واٹر کے سابق کنٹریکٹر اور کولمبیا کے ایک سابق فوجی کا کہنا تھا کہ یو اے ای حکومت نے اس وقت کولمبیا کے نجی فوجیوں کو ماہانہ تین ہزار تین سو ڈالر تنخواہ پر رکھا تھا ، جو کہ دیگر نجی سیکوریٹی کمپنیوں کی نسبت پانچ گنا کم ہے ۔ لیکن کولمبیا کے لحاظ سے یہ پھر بھی اچھا معاوضہ تھا۔ اس ذریعے کا مزید کہنا تھا ان کی بھرتی کسی جنگی مشن کے لئے نہیں کی گئی تھی۔ یہ سیکوریٹی اور حفاظتی مشن کے لئے تھے۔ تاہم ایک ماہ پہلے متحدہ عرب امارات کی طرف سے بھرتی کیے گئے کولمبیا کے تین ہزار نجی فوجیوں میں سے تین سو نے رضاکارانہ طور پر یمنی جنگ میں شمولیت کا اعلان کیا تھا اور انہیں بندرگاہی شہر عدن میں تعینات کیا گیا۔

UAE deploys 300 Colombian mercenaries to Yemen

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں