سرسید کو بھارت رتن ایوارڈ سے نوازا جائے - اترپردیش وزیر شیوپال یادو - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-09

سرسید کو بھارت رتن ایوارڈ سے نوازا جائے - اترپردیش وزیر شیوپال یادو

نئی دہلی
ایس این بی
سماجوادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو کے بھائی اور اتر پردیش کے وزیر شیو پال یادو نے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے بانی سر سید احمد خان کو گزشتہ روز بھارت رن ایوارڈ سے نوازے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ شیوپال سنگھ جن کے پاس پی ڈبلیو ڈی، آبپاشی ، کو آپریٹو ، ریوینیو راحت اور نو آباد کاری جیسے وزارت کے اہم قلمدان ہیں نے اس بات کا بھی دعویٰ کیا ہے کہ ہندو۔ مسلم یکجہتی کی علامت کے طور پر وہ سر سرسید احمد خان کے کارناموں کو اجاگر کرنے والی ایک کتاب بھی مرتب کرائیں ۔ انہوں نے کہا کہ سر سید احمد خان ایک عظیم ماہر تعلیم اور مصلح تھے ۔ انہوں نے ہندو اور مسلمانوں کے درمیان بلا تفریق یہ کام انجام دیا تھا ، جن لوگوں کو ان کے بارے میں جانکاری نہیں ہے وہ ان کی غلط تصویر پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سر سید کو بھارت رتن سے نوازنے کے لئے وہ وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی مکتوب لکھیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ماہ کے اندر سر سید پر لکھی گئی کتاب کا اجرا ہونے کا امکان ہے ، جس کا انہوں نے بذات خود پیش لفظ لکھا ہے ۔ اس کتاب میں ان معروف مصنفین کے مضامین شامل کئے گئے ہیں جو کہ سر سید کی ہندو۔ مسلم یکجہتی کی کاوشوں پر روشنی ڈالتے ہیں ۔ شیوپال یادو نے کہا کہ محمڈن اینگلو اورینٹیل کالج جوکہ بعد میں یونیورسٹی میں تبدیل ہوگیا تھا ، اس کا اولین گریجویٹ ہندو تھا۔ بہت سے ہندو راجاؤں نے کالج قائم کرنے کے لئے نہایت فراخدلی کے ساتھ سر سید احمد خان کو عطیات دئیے تھے اور سرسید نے بھی ہندو اور مسلمانوں کو ہندوستان کی دو آنکھیں قرار دیا تھا۔ ان کی قومی یکجہتی کا یہ نظریہ بے مثال ہے ۔

Shivpal demands Bharat Ratna for AMU founder

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں