مسلم ملکوں کے اتحاد پر پاکستان کا محتاط ردعمل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-17

مسلم ملکوں کے اتحاد پر پاکستان کا محتاط ردعمل

اسلام آباد
پی ٹی آئی
پاکستان نے آج دہشت گردی سے مقابلہ کرنے کے لئے34ملکوں کا اتحا دبنانے کی سعودی عرب کی پہل کا محتاط انداز میں خیر مقدم کیا ہے اور ایسی اطلاعات ملی ہیں کہ اس گروپ میں اسلام آباد کو شامل کرنے کے لئے اس سے مشاورت نہیں کی گئی ۔ پاکستان کے دفتر خارجہ نے ایک طرح کے وضاحتی بیان میں کہا کہ ملک عسکریت پسندی، انتہا پسندی اور دہشت گردی سے مقابلہ کرنے کے لئے تمام علاقائی اور عالمی کوششوں کی تائید کرتا ہے اور بین الاقوامی برادری کی مکمل حمایت و تعاون کرتا ہے۔ اسی تناظر میں پاکستان دہشت گردی سے مقابلہ کرنے کے لئے 34ملکوں کے اتحاد کی تشکیل کا خیر مقدم کرتا ہے اور اتحاد کی مختلف سر گرمیوں میں اپنی شرکت کی حد کے بارے میں تفصیلات کا انتظار کررہا ہے ۔ دریں اثناء دہلی سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب اور نہ عقیدہ بلکہ یہ ایک عالمی خطرہ ہے اور اس کے خلاف جنگ میں عالمی ممالک کو بلا امتیاز مشترکہ کارروائیوں پر زور دینا چاہئے۔ عبدالباسط نے کہا کہ عالمی برادری کو پاکستان کے اس دکھ درد کا احساس ہونا ضروری ہے ۔ بعض ممالک بلا لحاظ حقائق پاکستان پر آنکھیں موندے تنقید کی بوچھار کرتے ہیں جو اسلامی جمہوریہ کے زخموں پر نمک کے مماثل ہیں۔ عالمی برادری کو اس بات سے بھی آگاہ رہنا چاہئے کہ دہشت گردی سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو پہنچا اور اسی کو سب سے زیادہ قربانیاں بھی دینی پڑیں ۔گزشتہ سال آج ہی کے دن7بندوق برداردہشت گردوں نے آرمی پبلک اسکول پر حملہ کر کے150افراد کو ہلاک کردیا تھاجن میں بیشتر طلبا تھے ۔ اس پس منظر میں عبدالباسط نے مزید کہا کہ دہشت گردی، علاقائی، قومی اور مقامی خطرہ ہے ۔ دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے ہمیں انفرادی و اجتماعی تعصب سے پاک مشترکہ کاروائیوں کی ضرورت ہے ۔ دہشت گردی تہذیبوں کو مٹانے اور بد نظمی اور سیاسی و سماجی انتشار عام کرنے کے درپے ہے۔ اس کی بیخ کنی اس انداز سے کی جائے اور اس کا نام و نشان تک باقی نہ رہے ۔ اس پر حاوی ہونے کے لئے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں ۔ دنیا کا کوئی بھی ملک چاہے کتنا ہی طاقتور اور زور و اثر کا حامل ہو، دہشت گردی کے حوالے سے آسودہ خاطر و طمانیت کا اظہار نہیں کرسکتا۔ ہائی کمیشن سے جاری اعلامیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر نے مزید کہا کہ ہم ہر شکل اور نوعیت کی دہشت گردی کے خاتمہ کے پابند ہیں جو بے قصور عام شہریوں کو نشانہ بناتی اور تہہ تیغ کرتی ہے ۔ اجلاس کے دوران مہلوکین کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔

Pakistan surprised by its inclusion in 34-nation military alliance

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں