پاکستان کی سمت دوستی کا ہاتھ - وزیر اعظم مودی کا آئندہ سال دورہ پاکستان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-10

پاکستان کی سمت دوستی کا ہاتھ - وزیر اعظم مودی کا آئندہ سال دورہ پاکستان

اسلام آباد
آئی اے این ایس
وزیر اعظم نریندر مودی آئندہ سال پاکستان کا دورہ کریں گے ۔ ہندوستانی وزیر خارجہ سشما سوراج نے چہار شنبہ کے دن یہاں یہ بات بتائی ۔ انہوں نے میڈیا سے کہا کہ مودی، ساؤتھ ایشین اسوسی ایشن فار ریجنل کو آپریشن( سارک)چوٹی کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔ جنوری2004میں سارک چوٹی اجلاس مین شرکت کے لئے اٹل بہاری واجپائی کے دورہ پاکستان کے بعد ہندوستان کے کسی وزیر اعظم کا پڑوسی ملک کا یہ پہلا سفر ہوگا ۔ جیوٹی وی نے اطلاع دی کہ سشما سوراج نے کہا کہ وہ مودی کے ہمراہ موجود ہوں گی ۔ وزیر خارجہ ہند، ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کے لئے اسلام آباد آئی ہوئی ہیں ۔ جو افغانستان میں امن و استحکام کے موضوع پر منعقد ہورہی ہے ۔ سشما سوراج گزشتہ3سال میں پاکستان کا دورہ کرنے والی پہلی وزیر خارجہ ہیں ۔ پچھلا دورہ اس وقت کے وزیر خارجہ ہند ایس ایم کرشنا نے2012ء میں کیا تھا ۔ اوفا(روس) میں شنگھائی کو آپریشن آرگنائزیشن چوٹی کانفرنس منعقد ہ جولائی میں وزیرا عظم پاکستان نواز شریف نے مودی کو دعوت دی تھی کہ وہ آئندہ سال سارک چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لئے آئیں جسے مودی نے قبول کرلیا تھا ۔ اوفا اجلاس کے بعد دونوں وزرائے اعظم نے اپنے معتمدین خارجہ کو ہدایت دی تھی کہ بات چیت بحال کرنے کا عمل شروع کیاجائے تاہم ہندوستان کے اجیت وول اور ان کے اس وقت کے پاکستانی ہم منصب سرتاج عزیز کی نئی دہلی میں اگست میں مشیران قومی سلامتی سطح کی بات چیت منسوخ ہوگئی تھی کیونکہ پاکستانی ہائی کمشنر متعینہ دہلی نے عزیز کی آمد سے قبل تبادلہ خیال کے لئے حریت قائدین کو مدعو کرنے پر زور دیا تھا ۔ سشما سوراج کا دورہ پاکستان، جنوبی ایشیاء کے دو پڑوسیوں کے درمیان گزشتہ دس دن میں زبردست سفارتی سر گرمیوں کے بعد ہوا ہے ۔ مودی اور شریف کی ملاقات30نومبر کو پیرس میں ماحولیات کانفرنس کے حاشیہ پر ہوئی تھی ۔ دونوں قائدین کو بڑی گرمجوشی سے مصافحہ کرتے دیکھا گیا تھا ۔ دونوں ایک ہی صوفہ پر بیٹھے تھے ۔ بعد ازاں 6دسمبر کو وول اور ان کے موجودہ پاکستانی ہم منصب نصیر خان جنجوعہ نے بنکاک میں ملاقات کی جس میں ہند۔ پاک معتمدین خارجہ ایس جئے شنکر اور اعزاز احمد چودھری بھی موجود تھے ۔ اس ملاقات کے بعد مشترکہ بیان جاری ہوا تھا ۔ چہار شنبہ کے دن سشما سوراج نے وزیر اعظم پاکستان نواز شریف اور ان کے مشیر امور خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کی۔ وزرات خارجہ کے ترجمان وکاس سروپ کے بموجب شریف سے ملاقات میں سشما سوراج نے بتایا کہ ہندوستان اچھے ہمسایہ تعلقات کا پ ابند ہے ۔ سرتاج عزیز سے ملاقات کے بعد سروپ نے ٹوئٹ کیا کہ باہمی تعاون کو بڑھا وا دیاجارہا ہے ۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے پاکستان کے مشیر امور خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کی ہے ۔ قبل ازین سشما سوراج نے ہارٹ اف ایشیا کانفرنس میں پاکستان کی سمت دوستی کا ہاتھ بڑھایا۔ انہوں نے کانفرنس سے اپنے خطاب میں کہا کہ تقاضہ وقت ہے کہ ہم بالغ النظری اور خود اعتمادی کا مظاہرہ کریں اور باہمی تجارت و تعاون کو مستحکم کریں ۔ اس کے لئے ہندوستان اس رفتار سے تعاون بڑھانے کے لئے تیار ہے ۔ جو پاکستان کے لئے سہولت بخش ہوگی ۔ بعد ازاں سشما سوراج نے ہارٹ آف ایشیا کانفرنس کے مندوبین کے لئے نواز شریف کی جانب سے ترتیب دئیے گئے لنچ میں شرکت کی ۔

PM Narendra Modi to visit Pakistan next year for SAARC summit: Sushma Swaraj

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں