نیلور اور چتور میں شدید بارش - کئی مواضعات زیر آب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-03

نیلور اور چتور میں شدید بارش - کئی مواضعات زیر آب

نیلور، حیدرآباد
یو این آئی
آندھرا پردیش کے اضلاع نیلور اور چتور میں آج دوسرے دن بھی موسلا دھار بارش کی تباہ کاریاں جاری ہیں حتی کہ سینکڑوں مواضعات زیر آب آگئے ۔ سڑکوں کا رابطہ منقطع ہوگیا اور گزشتہ48گھنٹوں کے دوران بارش سے متعلقہ واقعات میں دو افراد ہلاک ہوگئے ہیں ۔ اضلاع نیلور ، چتور اور ضلع پرکاشم کے چند مقامات پر موسلا دھار بارش جاری ہے۔ دریائے سورنا مکھی ، کاویلیا اور کالنگی پر ہوگئی ہیں جس کی وجہ سے گوڈور، سلور پیٹ ، نائیڈو پیٹ اور نیلور منڈلوں کے کئی دیہات زیر آب آگئے ۔ چینائ، ہوڑہ ریلوے ٹریک پر بھی سولور پیٹ میں ایک فٹ پانی جمع ہوگیا جس کی وجہ سے حکام نے ٹرینیں روک دیں۔ دونوں اضلاع کے کئی منڈلوں میں زبردست بارش کی وجہ سے عام زندگی درہم برہم رہ گئی ہے ۔ گوڈور، نائیڈو پیٹ کے درمیان چینائی ، کولکتہ قومی شاہراہ پر بھی پانی جمع ہوگیا ۔ اس صورتحال کی وجہ سے ٹریفک بری طرح متاثر ہوگئی ہے۔ ضلع نیلور میں جناردھن ریڈی کالونی، متیاپالم، سائی پیٹ ، ویریا پ الم میں کئی دیہاتوں میں پانی جمع ہوگیا ہے ۔ سولور پیٹ ، نائیڈو پیٹ اور گوڈور نگری کے علاوہ چندا گری میں پانی کی چادر دکھائی دے رہی ہے ۔ عہدیداروں نے خہا کہ ضلع نیلور کے موضع بالیا پلی میں ایک نرس ڈیوٹی سے واپس ہورہی تھی کہ پانی میں گر جانے کی وجہ سے ہلاک ہوگئی ۔ دیوار منہدم ہونے کے ایک واقعہ میں رتنما خاتون کی موت ہوگئی ۔ یہ واقعہ بھی ضلع نیلور میں ہی پیش آیا۔ سرکاری ذرائع نے کہا کہ تقریبا3000افراد کو ضلع نیلور میں نشیبی علاقوں سے منتقل کرتے ہوئے محفوظ مقامات پر رکھا گیا ہے ۔ این ڈی آر ایف کے ملازمین راحت کے کام کے لئے متعین کئے گئے ہیں۔ موسلا دھار بارش کے باعث اسکولوں اور دوسرے تعلیمی اداروں کو تعطیل دے دی گئی۔ ناموافق موسمی صورتحال کی وجہ سے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کا دورہ تروپتی ملتوی کردیا گیا ۔ اس دوران حیدرآباد سے موصولہ اطلاع میں بتایا گیا کہ شمال مشرقی مانسون نے رائل سیما میں شدت اختیار کرلی ہے ۔ محکمہ موسمیات کے دفتر نے آج ایک انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ساحلی آندھرا کے اضلاع کرشنا، گنٹور، نیلور اور رائل سیما کے اضلاع چتور اور کڑپہ میں کہیں کہیں موسلا دھار بارش ہوگی۔ جنوبی ساحلی آندھرا پردیش کے کئی مقامات پر اوسط تا موسلا دھار بارش یا بوندا باندی کی پیش قیاسی کی گئی ہے جب کہ اس مدت کے دوران ریاست تلنگانہ میں کہیں کہیں اوسط بارش ہوگی۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ آئندہ تین دن تک آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں یہی صورتحال رہے گی ۔ رائل سیما، جنوبی ساحلی آندھرا پردیش اور شمالی ساحلی آندھرا پردیش میں چہار شنبہ کو تیز بارش ہوئی۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تادا مقام پر17سینٹ میٹر، سہلور پیٹ میں بارہ سینٹی میٹر ، کاوالی میں سات سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ اسی طرح رائل سیما میں ستیاویزو کے مقام پر17سنٹی میٹر ناگری میں دس سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔

Heavy Rain Lashes Nellore And Chittoor Districts, Flood Hit Villages

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں