تحفظات مسئلہ پر آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کا یوٹرن - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-18

تحفظات مسئلہ پر آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کا یوٹرن

ناگپور
پی ٹی آئی
آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے اپنے اس سابقہ بیان سے مکمل طور پر انحراف کرتے ہوئے کہ کوٹہ نظام پر نظر ثانی کی ضرورت ہے، کہا ہے کہ ملک مین اس وقت تک تحفظات برقرار رہنا چاہئے جب تک کہ سماجی امتیاز پایاجاتا ہے ۔ انہوںنے زور دے کر کہا ہ سنگھ پریوار تحفظات کی منسوخی کے حق میں نہیں ۔ موہن بھاگوت نے کل شام یہاں سماجی انجذاب کے موضع پر ایک لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ آر ایس ایس کی یہ پختہ رائے ہے کہ تحفظات کے نظام کو ختم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ ملک میں تحفظات اس وقت تک جاری رہنا چاہے جب تک کہ ہندوستانی معاشرہ میں سماجی امتیاز برقرار ہے ۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ تحفظات پالیسی پر نظر ثانی سے متعلق بھاگوت نے بہار اسمبلی انتخابات سے عین قبل تبصرہ کیا تھا جس پر ایک بڑا تنازعہ پیدا ہوگیا تھا۔ کئی گوشوں کا یہ احساس ہے کہ ریاستی انتخابات میں بی جے پی کی شکست کی یہ بھی ایک اہم وجہ ہے ۔ موہن بھاگوت نے سماجی ہم آہنگی اور یکجہتی کے تصور پر لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ کسی مذہب ، فرقہ، سماجی مصلح یا سادھو سنت نے کبھی انسانوں کے درمیان امتیاز کرنے کی تائید نہیں کی ۔ مساوات ہر مذہب کا جزو لازم رہی ہے ۔ بعد ازاں ہم نے اسے ذات پات اور فرقوں میں بانٹ دیا ۔ امتیاز در اصل عوام کے رویہ سے پیدا ہوا ہے ۔ انہوں نے سماج میں امتیاز ختم کرنے اور ازکار رفتہ روایات کو مسترد کردینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوںنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روایات کے نام پر امتیاز کو مزید برقرار نہیں رکھاجانا چاہئے ۔ ہزاروں سال سے مصائب جھیلنے والوں کے جذبات اور احساسات کو سمجھنا چاہئے ۔ سماج کے بعض گوشوں نے طویل عرصہ تک امتیاز اور نا انصافی کو برداشت کیا ہے ۔ اب ہمیں چند سالوں تک ایک دوسرے کو برداشت کرنا بھی سیکھنا چاہئے اور اپنے رویہ میں مطلوبہ تبدیلی لانی چاہئے ۔ روایات کو جدید سائنسی پیمانوں پر پرکھنا چاہئے اور جوان پر پوری نہیں اترتیں انہیں مسترد کردیاجانا چاہئے ۔

Mohan Bhagwat takes u-turn, says RSS feels there's no question of scrapping quota

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں