مودی حکومت لیبر قوانین کو دانستہ طور پر کمزور کر رہی ہے - راہول گاندھی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-06

مودی حکومت لیبر قوانین کو دانستہ طور پر کمزور کر رہی ہے - راہول گاندھی

نئی دہلی
یو این آئی
نریند ر مودی حکومت پر یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ وہ مخالف مزدور ہے ، کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے آج کہا کہ مودی، ملک میں لیبر قوانین کو کمزور کرتے ہوئے مزدوروں کے حقوق پر ضرب لگانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ راہول گاندھی نے یہاں انڈین نیشنل ٹریڈ یونین کانگریس( آئی این ٹی یوسی) کے 31ویں پلینری جلسہ سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہندوستان کو بین الاقوامی مینو فیکچرنگ مرکز بنانے وزیر اعظم نریندر مودی کے نظریہ کا خیر مقدم کرتے ہیں ، تاہم الزام عائد کیا کہ وہ لیبر قوانین کو کمزور کررہے ہیں اور کسانوں کے بنیادی حقوق پر ضرب لگارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا وزی راعظم یہ سمجھتے ہیں کہ لیبر قوانین کو کمزور کرنے کی ضرورت ہے اور مزدوروں کو پابند ڈسپلن بنانے کی ضرورت ہے تاکہ انہیں کام کرنے پر مجبور کیاجاسکے ۔ اگر آپ راجستھان، گجرات اور ہریانہ میں وضع کیے جارہے لیبر قوانین پر نظر ڈالیں تو یہ واضح ہوجاتا ہے کہ مودی نے مزدوروں کے حقوق پر ضرب لگانی شروع کردی ہے ۔ ان کا یہ احساس ہے کہ زور زبردستی کرنے اور مرضی کے مطابق کام پر رکھنے یا نکالنے کی پالیسی اختیار کرنے سے مزدور کام کرنے لگیں گے ۔ اس تقریب میں سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ بھی شریک تھے ۔ راہول گاندھی نے مزید کہا کہ جب تک مزدوروں کو اپنی ملازمت کے تحفظ کے بارے میں اندیشے لاحق رہیں گے اس وقت تک ملک میں پیداوار کو نہیں بڑھایاجاسکتا ۔ پی ٹی آئی کے بموجب راہول گاندھی نے یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ مودی نے ورکرس پر ایک بڑا حملہ شروع کردیا ہے ۔ عہد کیا کہ وہ ان کی لڑائی لڑیں گے ، جس طرح حصول اراضی بل کے مسئلہ پر کانگریس نے کسانوں کے لئے کیا ہے ۔ انہوں نے تالیوں کی گڑ گڑاہٹ کے دوران کہا کہ جس طرح ہم نے کسانوں کے حق کی لڑائی کی ہے ، ہم مزدوروں کے کاز کے لئے بھی لڑیں گے ، ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ ہم بی جے پی، مودی اور آر ایس ایس سے لڑیں گے ۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ حکومت کو صنعتوں کا وکیل نہیں بلکہ صنعتوں اور مزدوروں کے درمیان جج بننا چاہئے ۔ انہوں نے وزیر اعظم کو مشورہ دیا کہ اگر وہ مزدوروں کے ذہن سے خوف دور کرسکتے ہیں تو پھر ہندوستان کو چین سے آگے نکلنے میں کوئی وقت نہیں لگے گا ۔ سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ این ڈی اے حکومت کی مخالف مزدور اور بے سوچی سمجھی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے مزدوروں کی بے اطمینانی کا اس بات سے پتہ چلتا ہے کہ 2ستمبر کو ملک میں ایک روزہ عام ہڑتال منائی گئی ۔ آئی این ٹی یو سی کے صڈر جی سنجیوا ریڈی کی جانب سے حکومت پر یہ الزام عائد کیے جانے کے بعد کہ حکومت، مزدوروں کے مفادات پر مختلف طریقوں سے حملہ کررہی ہے، راہول گاندھی نے مودی حکومت کو نشانہ تنقید بنایا۔ ریڈی نے الزام عائد کیا کہ تنقیح کے لئے تمام دستاویزات داخل کیے جانے کے باوجود حکومت3.31کروڑ ارکان کی حامل آئی این ٹی یو سی کو ملک کی سب سے بڑی ٹریڈ یونین تنظیم کے طور پر تسلیم نہیں کررہی ہے ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ مودی نے تین مرتبہ آرڈیننس جاری کرتے ہوئے کسانوں کی زمین ہڑپنے کی کوشش کی لیکن کانگریس ارکان پارلیمنٹ نے اس کی مخالفت کی اور اس بات کو یقینی بنایا کہ یہ قانون نہ بنے ۔

INTUC plenary session: Govt weakening labour laws, a few becoming billionaires, says Rahul

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں