حیدرآباد میں جشن میلاد النبیؐ کا جوش و خروش کے ساتھ اہتمام - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-26

حیدرآباد میں جشن میلاد النبیؐ کا جوش و خروش کے ساتھ اہتمام

حیدرآباد
منصف نیوز بیورو
دونوں شہروں حیدرآبا د، سکندر آباد میں جشن عید میلاد النبیؐ کا جوش و خروش کے ساتھ اہتمام کیا گیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں میلاد جلوس نکالے گئے اور کئی مقامات پر جلسہ ہائے میلاد النبی ؐ منعقد کئے گئے ۔ بارہ بجے دن تاریخی مکہ مسجد سے میلا دالنبی صلعم کے عظیم الشان مرکزی جلوس کو مولانا سید قبول پاشا شطاری نے جھنڈی دکھا کر افتتاح کیا ۔ جس کا اہتمام سنی یونائیٹیڈ فورم آٖ انڈیا کی جانب سے کیا گیا تھا۔ مولانا سید اولیاء حسینی باقری اور دیگر علماء اکرام مکہ مسجد کے روبرو شہ نشین پر موجود تھے ۔ جلوس میں لاکھوں فرزندان توحید نے شرکت کی ۔ نعرہ تکبیر اللہ اکبر کے فلک شگاف نعروں کی گونج جلوس آگے بڑھا ۔ جلوس کے آگے اونٹ بھی شامل تھے ، جس پر کم عمر بچے میلاد کا پرچم تھامے ہوئے تھے ۔ موٹر گاڑیوں ، ڈی سی ایم ویان، کاریں اور موٹر سائیکلوں پر نوجوان نعرہ رسالت یا رسول اللہ ؐ کے نعرہ بلند کررہے تھے اور دورد و سلام اور نعتیہ کلام کا ورد کیاجارہا تھا ۔ چار مینار پر کانگریس اقلیتی قائدین جلوس کا خیر مقدم کررہے تھے ۔ جلوس میں تقریبا100سے زائد تنظیموں کے کارکن شامل تھے ۔ جلوس، براہ چار مینار، گلزار حوض، پتھر گئی، مدینہ چوراہا ، سالار جنگ میوزیم، عزا خانہ زہرآ، دارالشفا ، پرانی حویلی میر عالم منڈی کوٹلہ عالیجاہ سے ہوتا ہوا تقریبا چار بجے شام مغل پورہ گراؤنڈ پہونچا ۔ جہاں ظہر کی نماز کے بعد جلوس اختتام کو پہنچا ۔ پرانا شہر کے مختلف محلہ جات قاضی پورہ ، فتح دروازہ ، مصری گنج، قاضی بندہ، شاہ علی بنڈہ، فلک نما ، جہاں نما، وٹے پلی، بی بی کا چشمہ ، حسینی علم ، تالاب کٹہ، بھوانی نگر ، ریاسٹ کے دیگر مختلف جلوس برآمد ہوکر مرکزی جلوس میں شامل ہورہے تھے ۔ شام تک بھی چھوٹے جلوسوں کی آمد کا سلسلہ جاری تھا ۔ جشن عید میلاد النبیؐ کے ضمن میں سارے شہر کو برقی قمقموں سے بقعہ نور بنایا گیا تھا۔ سڑکوں اور چوراہوں کو خوبصورت لائٹنگ سے سجایا گا تھا۔ لوگ سجاوٹ کو دیکھنے کے لئے دور دور سے پرانا شہر آرہے تھے۔ بالخصوص عالیجاہ کوٹلہ، اعتبار چوک ، یاقوت پورہ بڑا بازار کو زبردست سجایا گیا تھا ۔ جسے دیکھنے کے لئے کئی گھنٹوں تک اس سڑک پر ٹریفک جام رہی ۔ ہر کوئی خوبصورت سجاوٹ کی تصویر کشی میں مصروف دیکھا گیا ۔ اسی دوران پرانا شہر میں کل ایک دن میں100 سے زائد فل فونس کی چوری کی اطلاع ملی ۔ مرکزی میلاد جلوس کے پرامن انعقاد کے لئے پولس کی جانب سے وسیع تر انتظامات کئے گئے تھے۔ کمشنر ایم مہندر ریڈی کی راست نگرانی میں جوائنٹ کمشنر پولیس شیواپرساد، ڈی سی پی ساؤتھ زون ست نارائنا اور دیگر عہدیدار انتظامات میں مصروف دیکھے گئے ۔

Milad-un-Nabi celebrations in Hyderabad

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں