جیٹلی کے خلاف ایس آئی ٹی تحقیقات کرائی جائیں - بی جے پی رکن کیرتی آزاد کا مطالبہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-22

جیٹلی کے خلاف ایس آئی ٹی تحقیقات کرائی جائیں - بی جے پی رکن کیرتی آزاد کا مطالبہ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
ڈی ڈی سی اے میں مبینہ مالیاتی گھوٹالہ پر تنازعہ کی گونج آج پارلیمنٹ میں سنائی دی جہاں بی جے پی رکن کیرتی آزاد نے مقررہ مدت میں ایس آئی ٹی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے حکمراں جماعت کو پشیمانی سے دوچار کردیا ، جب کہ کانگریس نے وزیر فینانس ارون جیٹلی کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ۔ جنہوں نے اپنے خلاف تمام الزامات کو بے بنیاد اور غلط قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ کانگریس ارکان نے پارٹی صدر سونیا گاندھی کی زیر قیادت لوک سبھا سے واک آؤٹ کردیا ۔ اس مسئلہ پر راجیہ سبھا کی کارروائی کو بار بار ملتوی کرنا پڑا جب کہ لوک سبھا میں کیرتی آزاد نے جو ارون جیٹلی پر تنقید یں کرنے کے لئے جانے جاتے ہیں، مقررہ مدت میں ایس آئی ٹی تحقیقات کے مطالبہ کے لئے کانگریس پر انحصار کیا ۔ کانگریس ارکان پہلے سے ایوان کے وسط میں جمع ہوکر نعرے بازی کررہے تھے اور ارون جیٹلی سے استعفیٰ کا مطالبہ کررہے تھے ۔ وزیر پارلیمانی امور نے جیٹلی کے استعفیٰ کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر فینانس اپنے بے داغ کردار، دیانتداری اور عوامی زندگی میں اعلیٰ معیارات بر قراررکھنے کے لئے جانے جاتے ہیں ۔ دوسری جانب ارون جیٹلی نے کہا کہ میرے خلا ف الزامات بے بنیاد اور غلط ہیں۔ مجھے بس اتنا ہی کہنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سیرئیس فراڈ انوسٹیگیشن آفس( ایس ایف آئی او) کی رپورٹ میںمصارف میں کوئی غلطی نہیں پائی گئی اور لاگت کو قبول کرلیا گیا ۔ انہوں نے فیروز شاہ کوٹلہ گراؤنڈ میں تعمیراتی کاموں کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے یہ بات کہی تاہم جیٹلی کے دفاع سے کہ ایس ایف آئی اوکی تحقیقات میں کسی غلطی کا پتہ نہیں چلا ، کیرتی آزاد بظاہر متاثر نہیں ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایف آئی او نے صرف سیول معاملات کا جائزہ لیا تھا اور سی پی آئی نے حال ہی میں ڈی ڈی سی اے کو ایک نوٹس جاری کی ہے۔ کانگریس رکن کے سی وینو گوپال نے لوک سبھا میں یہ مسئلہ اٹھایا اور دعویٰ کیا کہ جیٹلی کے دور صدارت میں دہلی اینڈ ڈسٹرکٹ کرکٹ اسوسی ایشن میں بڑے پیمانہ پر دھاندلیاں ہوئی ہیں اور جیٹلی بھی اس میں ملوث ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فیروز شاہ کوٹلہ میں تعمیراتی کام پر 114کروڑ روپے خرچ کئے گئے جب کہ24کروڑ روپے کا تخمینہ کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ لاگت میں جان بوجھ کر اضافہ کیا گیا اور کئی کیسسس میں ٹنڈر کاکوئی ریکارڈ نہیں ہے ۔

DDCA Row: Political Slugfest Continues, Kirti Azad Demands SIT Probe

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں