کے سی آر جمہوریت کا قتل کر رہے ہیں - تلنگانہ کانگریس لیجسلیچر پارٹی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-13

کے سی آر جمہوریت کا قتل کر رہے ہیں - تلنگانہ کانگریس لیجسلیچر پارٹی

حیدرآباد
ایس این بی
تلنگانہ کانگریس لیجسلیچر پارٹی نے آج وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ پر الزام عائد کیا کہ وہ جمہوریت کا قتل کررہے ہیں ۔ کونسل میں اپوزیشن قائد محمد علی شبیر اور پونم پربھاکر کے ساتھ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اسمبلی میں قائد اپوزیشن جانا ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی پر مکمل طور پر غیر اخلاقی اور غیر جمہوری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کے جارحانہ اقدامات کی ہر کوئی مذمت کرتا ہے جو جمہوریت پر ایقان رکھتا ہے ۔ جانا ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس پارٹی ہر منتخب نمائندہ کو لالچ دے رہی ہے اور انتخابات میں کامیابی اور اپنی اکثریت میں اضافہ کی کوششوں کے ذریعہ انحراف کی پالیسی کو فروغ دے رہی ہے ۔ جانا ریڈی نے کہا کہ کے سی آر چاہتے ہیں کہ غیر جمہوری طریقہ سے مکمل اپوزیشن کو اکھاڑ پھینکا جائے ۔ جانا ریڈی نے الزام عائد کیا کہ محمد علی شبیر کو دھمکی آمیز فون کال کی موصولی واضح مثال ہے کہ ٹی آر ایس حکومت کس طرح اپوزیشن قائدین کو ڈرانے اور دھمکانے اور انہیں خوفزدہ کرنے پر اتر آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس قائدین، ڈپٹی سی ایل پی قائد ڈاکٹرجے گیتا ریڈی کی میدک میں ریالی کے دوران گڑ بر کرنا چاہتے تھے اور اسے روکنا چاہتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پرتشدد اقدامات سے واضح ہوگیا ہے کہ ٹی آر ایس قائدین جمہوریت اور دستور پر اعتماد نہیں کرتے ۔ جانا ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس نے مجالس مقامی کی تمام ایم ایل سی نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑا کئے، جب کہ اس کے پاس ایم پی ٹی سیز، زیڈ پی ٹی سیزل کونسلرس اور کارپوریٹرس کی درکار تعداد موجود نہیں ہے کہ وہ اپنے امید وار کو کامیاب بناسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کو ضلع کھمم میں1200مجالس مقامی ارکان کے منجملہ صرف چار ووٹ حاصل ہوئے ہیں جس سے اس کے امید وار کو کامیابی ملی ہے۔ جب کہ کانگریس کو136، تلگو دیشم کو295، بی جے پی کو103، سی پی ایم کو83، سی پی آئی کو55اور وائی ایس آر کانگریس کو121ارکان کی تائید حاصل ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے ارکان نے بغیر کوئی لالچ دئیے کے مزکورہ ارکان کی تائید حاصل کی ، تاہم کس طرح صرف چار ووٹ کے ذریعہ ٹی آر ایس کامیاب ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محبوب نگر، میدک ، نلگنڈہ، نظام آباد ، رنگا ریڈی ، اور ورنگل اضلاع میں کانگریس کو واضح اکثریت حاصل ہے ۔ جب کہ محبوب نگر ضلع میں کانگریس کو ٹی آر ایس 371ارکان کی تائید کے بر خلاف473ارکان کی تائید حاصل ہے ۔ اسی طرح نلگنڈہ میں544ارکان کی تائید حاصل ہوئی ہے ۔ جب کہ تلگو دیشم پارٹی192اور ٹی آر ایس 138تک محدود رہی ۔ جانا ریڈی نے کہا کہ کانگریسی قائدین نے صدر جمہوریہ ہند گورنر، الیکشن کمیشن اور دیگر حکام سے ملاقات کرتے ہوئے ان سے ٹی آر ایس کی کھلی خلاف ورزیوں کی شکایت کی، تاہم کوئی مثبت رد عمل حاصل نہیں ہوا اور اب ہم راست طور پر عوام کے درمیان جائیں گے اور کے سی آر کے آمرانہ اور غیر جمہوری اقتدار کو بے نقاب کریں گے ۔

KCR is murdering democracy: CLP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں