راجستھان کے 729 مدارس کا رجسٹریشن رد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-12-08

راجستھان کے 729 مدارس کا رجسٹریشن رد

جے پور
ایس این بی
راجستھان کی بی جے پی حکومت نے ریاست کے729مدارس کا رجسٹریشن رد کردیا ہے۔ مدرسہ بورڈ کے مطابق ان میں سے زیادہ تر مدارس بند پڑے ہوئے تھے۔ ان میں نہ تو طلباء پائے گئے اور نہ ہی درس و تدریس کا کام چل رہا تھا جب کہ کچھ مدارس کا وجود ہی نہ تھا ۔ بورڈ کاکہنا ہے کہ یہ سب انہوں نے ڈیٹا کیپچر کے ذریعہ پتہ لگایا تھا اور اسی کی بنیاد پر یہ کارروائی کی گئی ہے ۔ اس سے قبل بھی مدرسہ بورڈ نے ڈیٹا کیپچر پروگرا م کے تحت902ایسے ہی مدارس کی نشاندہی کی تھی۔ ان میں ایسے بھی مدارس پائے گئے جن میں طلباء کی تعداد 20سے زیادہ نہ تھی ۔ بورڈ نے ان سبھی مدارس کی منتظمہ کمیٹیوں کو نوٹس دیے اور طلباء کی تعداد بڑھانے کی ہدایت دی ۔ انہوں یہ وارننگ بھی دی گئی کہ مقررہ مدت کے اندر اگر طلباء کی تعداد نہیں بڑھائی گئی تو ان کا بھی رجسٹریشن رد کردیاجائے گا۔ اس کے بعد کئی مدارس کمیٹیوں نے اپنے حالات سدھارلیے تھے ۔ چند ماہ پہلے کی بات ہے کہ مدرسہ بورڈ نے پھر ڈیٹا کیپچر پروگرام چلایا اور ضلع اقلیتی بہبود کے افسران نے رپورٹ مانگی ۔ اس رپورٹ کی بنیاد پر729مدارس کا رجسٹریشن رد کردیا گیا ہے ۔ مدرسہ بورڈ کے مطابق ایسے مدارس کا رجسٹریشن بھی رد کردیا گیا ہے جن کا یا تو وجود ہی نہیں تھا ، یا پھر بند پڑے تھے ۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ جان بوجھ کر ایسے مدارس کا رجسٹریشن رد کیا گیا ہے۔ ان مدارس میں اچھی تعداد میں طلباء تعلیم حاصل کررہے تھے ۔ اطلاع کے مطابق محلہ مہادتان کے امام چوک پر واقع ایک مدرسہ جو دسو شفٹوں میں چل رہا تھا اور جس میں400بچے تعلیم حاصل کررہے تھے ، اسے بھی فرضی بتا کر رجسٹریشن رد کردیا گیا ہے ۔ اس میں ایک پیرا ٹیچر کی تقرری بھی ہوئی تھی لیکن وہ بعد میں کسی وجہ سے مدرسہ چھوڑ دیا ۔ راجستھان مدرسہ بورڈ کے سکریٹری کا کہنا ہے کہ پورے راجستھان میں ایسے 732معاملے سامنے آئے ہیں ، جن میں یا تو مدارس بند پڑے ہیں یا جن کا وجود ہی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈیٹا کیپچر کے تحت ضلع اقلیتی بہبود افسر سے یہ جانکاری ملی جس کی بنیاد پر ان مدارس کا رجسٹریشن رد کیاگیا ہے ۔

Deregistration of 729 Rajasthan Madarsa

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں