پی ٹی آئی
مغربی بنگال اسمبلی میںآ ج اتفاق رائے سے عدم رواداری کے بارے میں ایک قرار داد منظور ہوئی۔ اتحاد کے نادر مظاہرہ میں حکمراں ترنمول کانگریس، اپوزیشن بائیں بازو اور کانگریس نے یہ قرار داد منظور کی جس میں کہا گیا کہ دستور ایک متنوع اور جمہوری ڈھانچہ میں یقین رکھتا ہے، تاہم بی جے پی کے واحد رکن اسمبلی شامک بھٹا چاریہ نے اس کی مخالفت کی ۔ ریاستی وزیر پارلیمانی امور پارتھا چٹرجی نے قرار داد پیش کرتے ہوئے عوامی اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔ قرار داد میں کہا گیاکہ کسی بھی شہری کے مذہب، ذات پات اور رنگ سے قطع نظر سب کو مساوی حقوق حاصل ہیں ۔ لیکن پر تشدد عدم رواداری کے بڑھتے ہوئے رجحانات اور عوام کو بانٹنے کی کوششیں ہورہی ہیں ۔ اس سے نہ صرف معاشی ترقی میں مسائل پیدا ہورہے ہیں بلکہ یہ قومی اتحاد کے لئے بھی خطرہ ہے۔ ہمارے ملک کی ایک منفرد خصوصی رواداری اور کثرت میں وحدت ہے لیکن یہ منفرد خصوصیت ایک بڑے چیالنج کا سامنا کررہی ہے ۔ یہ بات کسی بھی شک و شبہ سے بالاتر ہے کہ صرف سیکولر ازم، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور اتحاد ہی اس ملک کو مضبوط بناسکتے ہیں ۔قرار داد میں کہا گیا کہ اسمبلی سیاسی اغراض کے لئے ایسی ذہنیت نسل پرستی اور فرقہ پرستی کو ترک کرنے کا مطالبہ کرتی ہے اور اس بات پر زور دیتی ہے کہ عوام کے تمام طبقات کے درمیان اتحاد پیدا کیاجائے ۔ قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت سیاسی مذہبی اور سماجی عدم رواداری کو روکنے کے لئے سخت اقدامات کرے۔ ریاستی وزیر شہری ترقی فرہاد حکیم نے کہا کہ عوام میں اختلافات پیدا کرنے کے ناپاک منصوبوں کو روکنے کے لئے تمام اقدامات کئے جائیں ۔ قائد اپوزیشن اور سی پی آئی ایم لیڈر سوریہ کانت مشرا نے کہا کہ ہم سب اس دھرتی کے سپوت ہیں ۔ ہم پہلے ہندوستانی ہیں ۔ اس مسئلہ پر کوئی مفاہمت نہیں ہونی چاہئے ۔ اس دوران چیف منسٹر ممتا بنرجی نے کہا کہ ملک میں ط بڑھ رہی ہے اور اب ہم کو ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہئے ۔ ممتا بنرجی نے آج شام کولکتہ میں کرسمس سے متعلق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسے وقت جب کہ عدم رواداری میں اضافہ ہوا ہے میں دعا کرتی ہوں کہ یسوع مسیح ہمیں راہ دکھائیں اور ہمیں متحد اور ایک رہنے کی طاقت عطا کریں ۔ میں خوشحالی کے لئے بھی دعا کرتی ہوں ۔
WB Assembly Adopts Resolution on 'Intolerance'
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں