بی جے پی کی شکست کی خبر - پاکستانی اخبارات نے صفحہ اول پر نمایاں شائع کیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-10

بی جے پی کی شکست کی خبر - پاکستانی اخبارات نے صفحہ اول پر نمایاں شائع کیا

اسلام آباد
پی ٹی آئی
بہار کے اہم انتخابات میں وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر قیادت بی جے پی کی شکست کی خبر کو پاکستان کے سرکردہ اخبارات نے آج صفحہ اول پر نمایاں طور پر شائع کیا ہے جس میں بی جے پی کے صدر امیت شاہ کے اس متنازعہ بیان کا حوالہ دیا گیا کہ اگر بی جے پی ہارے گی تو پاکستان میں پٹاخے پھوڑے جائیں گے ۔ ریاست بہار کے اہم انتخابات میں بی جے پی کی شرمناک شکست کے ایک دن بعد یہاں کے اخبارات نے اداریے اور تبصرے بھی شائع کئے اور کہا گیا کہ اس مرتبہ اسمبلی انتخابات می پاکستان کی دلچسپی معمول سے کچھ زیادہ تھی جیسا کہ پاکستانی گلو کاروں کے خلاف مظاہروں اور ہندوستان کے نامور فلم اداکاروں کو پاکستان چلے جانے کے مشوروں کے درمیان اسمبلی انتخابات منعقد ہوئے تھے۔ اخبار ڈان نے سرخی لگائی کہ مودی کے پٹاخے بہار نے چرا لئے۔ اور لکھا کہ مودی کی گائے کی سیاست کو چارہ نہیں ڈالا گیا ، بہار نے گائے کھانے پر مسلمانوں کے خلاف ہندوؤں کو بھڑکانے کی پارٹی کی مہم کے خلاف زبردست فیصلہ دیا ہے ۔ اخبار نے اپنی رپورٹ میں لکھا بہار کی230رکنی اسمبلی میں چیف منسٹر نتیش کمار کے عظیم اتحاد نے غیر معمولی طور پر178نشستیں حاصل کرکے تمام انتخابی پیش قیاسیوں کو غلط ثابت کردیا ہے ، اخبار دی نیوز انٹر نیشنل نے صفحہ اول پر سرخی لگائی۔ مودی کی بی جے پی کو انتہا پسندی کے لئے بہار میں دھول چٹائی گئی ، اور لکھا انتہا پسندی اور مذہبی عدم رواداری جو ہندوستان میں نریندر مودی کے بر سر اقتدار آنے کے بعد عروج پر پہنچ گئی اسے بہار کے اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتاپارٹی کی شکست کے باعث زبردست ہزیمت اٹھانی پڑی ہے ۔ اخبار نے مزید لکھا کہ مودی نے بہار انتخابات کو اپنی شخصی مقبولیت کے ایک امتحان میں تبدیل کردیا تھا۔ انہوں نے درجنوں ریالیوں سے خطاب کیا اور غریب ریاست کی ترقی کے لئے کئی بلین ڈالرس کا وعدہ کیا۔ اخبار نے لکھا کہ یہ شکست پارلیمنٹ کے ایوان بالا میں جہاں بی جے پی کو اکثریت حاصل نہیں ہے ۔ بڑے معاشی اصلاحات کو آگے بڑھانے کے منصوبوں کے لئے بھی ایک دھکا ہے۔ ایک اداریہ میں اخبار نے انتخابات میں بی جے پی زیر قیادت اتحاد کی شکست کی خبر کو گزشتہ چند مہینوں میں ہندوستان سے آنے والی پہلی اچھی خبر قرار دیا ۔ پاکستانی اخبارات نے بی جے پی کی انتخابی مہم کے دوران پارٹی کے قائدین کی جانب سے نفرت انگیز بیانات کشمیر میں کشیدگی ، سرحد پار فائرنگ، بیف پر پابندی، مذہبی اقلیتوں کے خلاف تشدد ، پاکستانی گلوکاروں، کھلاڑیوں اور سفارتکاروں کے خلاف تشدد اور شاہ رخ خان کو پاکستان چلے جانے کے مشورہ کا تذکرہ کیا۔

Pakistani media paints target on Modi after Bihar loss

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں