بہار میں عظیم اتحاد کو سبقت - بیشتر اگزٹ پولس کی پیش قیاسی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2015-11-06

بہار میں عظیم اتحاد کو سبقت - بیشتر اگزٹ پولس کی پیش قیاسی

نئی دہلی
پی ٹی آئی
بہار میں اسمبلی انتخابات کے لئے ووٹنگ کے اختتام پر آج بیشتر اکزٹ پولس میں پیش قیاسی کی گئی ہے کہ نتیش کمار کی زیر قیادت عظیم اتحاد کامیابی حاصل کرے گا۔ جب کہ بعض پولیس میں بی جے پی زیر قیادت اتحاد کی جیت کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ تاہم مختلف اکزٹ پولس سے یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ مقابلہ کافی سخت ہوگا ۔ ٹائمز ناؤ نے سی ووٹرس کے ساتھ کئے گئے اگزٹ پول میں عظیم اتحاد کو243کے منجملہ122نشستیں ملنے کی پیش قیاسی کی ہے۔ نیوز ایکس اور سی این اگزٹ پول کے مطابق جنتادل متحدہ اور حلیف جماعتوں کو130سے140سیٹیں مل سکتی ہیں اور این ڈی اے و اتحاد کو90سے100سیٹیں مل رہی ہیں۔ دیگر امید وار13سے23سیٹوں پر کامیاب ہو سکتے ہیں جب کہ انڈیا ٹوڈے ۔ سیسرواگزٹ پول میں این دی اے کو120، اور عظیم اتحاد کو117اور دوسروں کو صرف6سیٹوں پر کامیاب دکھایاجارہا ہے۔ ہندی چیانل انڈیا ٹی وی نے جنتادل متحدہ کی زیر قیادت اتحاد کو112سے132اور این ڈی اے کو101سے121نشستیں ملنے کا امکان ظاہر کیا ہے ۔ نیوز نیشن نے جنتادل کی زیر قیادت اتحاد کو120سے124نشستوں کے ساتھ آگے دکھایا ہے ۔ اور این ڈی اے کو115سے119نشستیں دی ہیں ۔ دیگر کے حصے میں3سے5نشستیں آرہی ہیں ۔ حالیہ پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی کی زیر قیادت این ڈی اے نے40کے منجملہ33نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی جن میں سے بی جے پی کو22نشستیں حاصل ہوئی تھیں تاہم اسمبلی انتخابات میں این ڈی اے کو کوئی خاص فائدہ ہوتا نظر نہیں آرہا ہے ۔
پٹنہ سے یو این آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب بہار میں اقتدار کی جنگ کا پانچواں مرحلہ آج شام پانچ بجے ختم ہوگیا ، جہاں ابتدائی اطلاعات کے مطابق60فیصد پولنگ ہوئی ہے ۔ پانچویں اور آخری مرحلہ میں آج اسمبلی کی 243میں سے57نشستوں کے لئے بے نظیر سیکوریٹی انتظامات کے درمیان رائے دہی صبح سات بجے شروع ہوئی تھی۔ ریاست کے ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر آر لکشمنن نے بتایا کہ مدھو بنی، سپول، کشن گنج، ارریہ، پورنیہ، کٹیہار، مادھے پورہ ، سہرسہ اور دربھنگہ ضلع کے57اسمبلی حلقوں میں ووٹ ڈالے گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ انتہا پسندی سے متاثرہ مہیشی اور سمری بختیار پور اسمبلی حلقوں میں شام تین بجے ہی ووٹنگ ختم کردی گئی ، جب کہ دیگر 55اسمبلی حلقوں میں رائے دہندگان نے شام پانچ بجے تک ووٹ ڈالے ۔ لکشمن نے بتایا کہ انتخابات والے 9اضلاع کے تقریبا ایک کروڑ55لاکھ43ہزار594رائے دہندوں کے لئے14ہزار709پولنگ مراکز بنائے گئے تھے ۔ اس مرحلہ میں827امید وار اپنی قسمت آزما رہے تھے ۔ ریاست کے ڈائرکٹر جنرل پولیس پی کے ٹھاکر نے بتایا کہ پر امن اور بے خوف رائے دہی کو یقینی بنانے کے لئے پڑوسی ممالک نیپال اور بنگلہ دیش اور پڑوسی ریاست مغربی بنگال کی سرحدیں سیل کرکے آبی ، بری اور فضائی راستوں سے شر پسندعناصر پر گہری نظر رکھی گئی ۔ اس سلسلے میں پانچ ہیلی کاپٹر اور ڈرون کی مدد لی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ تمام پولنگ مراکز نیم فوجی دستوں کی تعینا ت کیا گیا ۔ آج کی پولنگ میں جن کی قسمت کا فیصلہ ہوگا ان میں نوشاد عالم ٹھاکر گنج، آر جے ڈی ۔ قانون ساز پارٹی کے لیڈر عبدالباری صدیقی علی نگر ، آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کی بہار یونٹ کے صدر اختر الایمان کوچا دھامن شامل ہیں ۔ بہار میں اس مرتبہ بر سر اقتدار جے ڈی یو، آر جے ڈی اور کانگریس کے عظیم اتحاد کا بی جے پی کی زیر قیادت این ڈی اے سے راست مقابلہ تھا۔ این ڈی اے میں لوگ جن شکتی پارٹی ، قومی لوک سمتا پارٹی اور ہندوستانی عوام مورچہ شامل ہیں ۔ مجلس نے ریاست میں پہلی بار اپنے امید وار انتخابی میدان میں اتارے ہیں ۔ پانچویں مرحلے کے انتخابات والے چھ حلقوں میں ہی اس کے امید وار قسمت آزما رہے ہیں۔
نئی دہلی سے پی ٹی آئی کی ایک اور اطلاع کے مطابق بی جے پی کے صدر امیت شاہ نے بہار انتخابات کے پانچویں مرحلہ کی پولنگ کے اختتام کے چند گھنٹوں بعد وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی ۔ معلوم ہوا ہے کہ دونوں لیڈرس نے بہار انتخابات کے بارے میں غور کیا جو بی جے پی کے لئے کافی اہم ہے۔ مرکزی کابینہ کے اجلاس کے فوری بعد امیت شاہ نے مودی سے ان کی سرکاری قیامگاہ پر ملاقات کی ۔ پتہ چلا ہے کہ بعض کابینی وزراء نے بھی کابینہ کے اجلاس کے بعد توقف کرتے ہوئے اس بات چیت میں حصہ لیا ۔ بیشتر اگزٹ پولس میں پیش قیاسی کی گئی ہے کہ نتیش کمار کی زیر قیادت عظیم اتحاد کامیابی حاصل کرے گا جب کہ بعض میں بی جے پی زیر قیادت اتحاد کی فتح کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔
پٹنہ سے پی ٹی آئی کے بموجب بی جے پی نے آج کہا ہے کہ بہار کے اسمبلی انتخابات کے نتائج نریندر مودی حکومت کی کارکردگی کے بارے میں ریفرنڈم نہیں ہوں گے بلکہ یہ لالو پرساد اور نتیش کمار اور جنگل راج کے بارے میں فیصلہ ہوں گے ۔ بہار میں بی جے پی کے انتخابی انچارج اور مرکزی وزیر اننت کمار نے پولنگ کے پانچویں اور آخری مرحلہ کے اختتام کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ اگزٹ پولس کے نتائج کے بارے میں پوچھے جانے پر نتیش کمار نے کہا کہ وہ8نومبر کو اصل نتائج کا انتظار کریں گے۔
متھرا سے یو این آئی کے مطابق مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے آج پر امید لہجہ میں ادعا کیا ہے کہ این ڈی اے بہار کے انتخابات میں دو تہائی سے زیادہ اکثریت حاصل کرے گا ۔ گری راج سنگھ نے کہا کہ آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد اور بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار نے شاید ترقیاتی ایجنڈہ اٹھایا ہوگا لیکن ان کی توجہ بیف ، تحفظات اور دوسرے مسائل پر ہی تھی۔
پٹنہ سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب اگرچہ بیشتر اکزٹ پولس میں پیش قیاسی کی گئی ہے کہ عظیم اتحاد بہار کے انتخابات میں این ڈی اے سے کچھ آگے ہے۔ آر جے ڈی صدر لالو پرساد نے آج اعتماد ظاہر کیا ہے کہ ان کا اتحاد190سے کم سیٹیں حاصل نہیں کرے گا ۔ لالو پرساد نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ لالو پرساد نے جنہوں نے پانچ مراحل کے انتخابات کے دوران240سے زیادہ ریالوں سے خطاب کیا کہا کہ اگزٹ پولس شہروں میں اور کمروں میں بیٹھ کر تیار کئے جاتے ہیں ۔ لیکن190نشستوں کا میرا دعویٰ مہم کے دوران عوام کی نبض پڑھنے پر مبنی ہے ۔ انہوں نے190نشستوں کے اپنے اندازہ کی مدافعت کرتے ہوئے کہا کہ میں پولیٹیکل سائنس میں آنرس کی ڈگری رکھتا ہوں ۔ اس دوران لالو نے کہا کہ اگر آر جے ڈی کو جنتادل یو سے زیادہ سیٹیں ملتی ہیں تب بھی نتیش کمار ہی چیف منسٹر ہوں گے ۔

Nitish-Lalu alliance seen ahead in Bihar: Exit polls

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں